برائے اصلاح:اپنی قسمت سے ہی ہم شکوہ کناں ہیں یارو

عاطف ملک

محفلین
اساتذہ کرام بالخصوص محترم الف عین اور محفلین کی خدمت میں ایک گرما گرم کاوش برائے اصلاح پیشِ نظر ہے۔۔۔۔۔

نوٹ: مہربان کو "مَہَربان" اور قدردان کو "قَدَردان" تقطیع کیا ہے۔۔۔۔۔اگر اس کی گنجائش سکتی ہو تو!

جب سے اس رات کی رانی کے میاں ہیں یارو
اپنی قسمت سے ہی ہم شکوہ کناں ہیں یارو

رات بھر جاگتی ہے،دن چڑھے سو جاتی ہے
ذکر ہو کھانا پکانے کا تو گھبراتی ہے
ہفتوں ہفتوں میں وہ اک بار کِچَن جاتی ہے
"پاستا" نام کی اک چیز بنا لاتی ہے

جب سے "گُن" اس کے ہوئے ہم پہ عیاں ہیں یارو
اپنی قسمت سے ہی ہم شکوہ کناں ہیں یارو

والدہ اس کی بہت پیار سے بلواتی ہیں
گھر کی ہر چیز مِرے ہاتھ سے منگواتی ہیں
اس کی بہنیں جو مجھے "جیجا" کہے جاتی ہیں
وہ بھی فرمائشوں سے باز کہاں آتی ہیں؟

خیر سے بھائی بھی تین اس کے جواں ہیں یارو
اپنی قسمت سے ہی ہم شکوہ کناں ہیں یارو

اس کے والد بھی تو شفقت بڑی فرماتے ہیں
روز اخبار وہ مجھ سے ہی تو پڑھواتے ہیں
مضمحل ان کے قویٰ جب کبھی ہو جاتے ہیں
اپنی مالش مِرے ہاتھوں سے ہی کرواتے ہیں

اب تو ہاتھ اپنے بھی "چمپی" میں رواں ہیں یارو
اپنی قسمت سے ہی ہم شکوہ کناں ہیں یارو

تیز ہے غصے کی، پر مجھ پہ مہربان ہے وہ
جھوٹی دنیا میں مِری سچی قدردان ہے وہ
مجھ پہ اللہ کی رحمت ہے وہ، احسان ہے وہ
دل سے اقرار یہ کرتا ہوں مِری جان ہے وہ

جس کے انداز سبھی راحتِ جاں ہیں یارو
خوش نصیبی ہے کہ ہم اس کے میاں ہیں یارو
 
آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین
خوب۔ مزاحیہ میں اصلاح کی ضرورت نہیں سمجھتا۔ کیونکہ اس میں اکثر شعراء اغلاط کرتے ہی ہیں اور مشاعروں میں اس کے باوجود پسند کیے جاتے ہیں!!!۔
البتہ رات کی رانی کیوں؟ عام طور پر پیشہ کرنے والی عورتوں کے لیے استعمال ہوتا ہے یہ تو!!
 

عاطف ملک

محفلین
خوب۔ مزاحیہ میں اصلاح کی ضرورت نہیں سمجھتا۔ کیونکہ اس میں اکثر شعراء اغلاط کرتے ہی ہیں اور مشاعروں میں اس کے باوجود پسند کیے جاتے ہیں!!!۔
البتہ رات کی رانی کیوں؟ عام طور پر پیشہ کرنے والی عورتوں کے لیے استعمال ہوتا ہے یہ تو!!
محترم!
مجھے قطعاً اس کا علم نہیں تھا کہ پیشہ ور عورتوں کے لیے "رات کی رانی" استعمال ہوتا ہے۔۔۔۔۔میں نے تو "رات کی رانی" سے اس لیے تشبیہ دی تھی کہ موصوفہ رات کو جاگتی ہیں اور دن میں سوئی رہتی ہیں
اب کوئی متبادل ڈھونڈوں؟؟؟
کیونکہ اگر "رات کی رانی" وہ ہے جو آپ فرما رہے،تو یہ تو بڑی مصیبت ہوجائے گی۔۔۔
 
Top