بازگشت!!!

فرقان احمد

محفلین
جی جناب! ایک طویل مدت کے بعد، ہم ایک نئے کھیل کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہوئے ہیں۔ بہت سادہ سا کھیل ہے مگر کسی حد تک ریسرچ وغیرہ آپ کو ضرور کرنا ہو گی۔

اُردو محفل میں قریب قریب ہر موضوع پر سیر حاصل گفتگو ہوتی رہتی ہے۔ ہم بجا طور پر کہہ سکتے ہیں کہ ہماری سوچ اور فکر کو تشکیل دینے میں محفل سے وابستہ اراکین نےکلیدی کردار ادا کیا ہے۔ کئی محفلین اب بھی مختلف موضوعات کے حوالے سے ہماری رہنمائی کرتے رہتے ہیں تاہم اسے ہم اپنی بدنصیبی کہیں گے کہ بعض دوست احباب جیسے ہم سے روٹھ سے گئے ہیں، گو کہ کسی زمانے میں وہ محفل کے روح رواں تھے اور اس بزم کی رونقوں میں بھرپور حصہ ڈالا کرتے تھے۔ ہماری تمنا رہتی ہے کہ کسی بہانے انہیں یاد رکھا جائے اور یہ لڑی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

چلیے، اب ہم اس منفرد کھیل کی جانب واپس آتے ہیں ۔۔۔!

آپ نے یوں کرنا ہے کہ اردو محفل کےکسی ایسے پرانے دھاگے، سلسلے، تاگے یا لڑی کو پھر سے زندہ کرنا ہے جو افادہء عامہ سے متعلقہ ہو یا پھر دوسری صورت یہ ہو سکتی ہے کہ آپ اس کھیل کے ذریعے پرانے محفلین کو یاد کریں یعنی آپ انہیں خراج تحسین پیش کرنے کی غرض سے اُن کی شروع کردہ یا اُن کے افکار و خیالات سے مزین لڑی کو دوبارہ سے سرورق پر پہنچانے میں اپنا کردار ادا سکتے ہیں ۔۔۔! تاہم، اس کھیل میں شریک ہونے کے لیے چند شرائط کا خیال رکھنا ضروری ہو گا ۔۔۔!

  • لڑی کم از کم تین برس پرانی ہو۔
  • لڑی میں کم از کم پچیس مراسلے کیے گئے ہوں۔
  • لڑی میں متنازعہ موضوع یا موضوعات پر بحث مباحثہ نہ کیا گیا ہو۔

اور، جب یہ شرائط پوری ہو جائیں تو آپ نے اس لڑی میں ایک تازہ مراسلہ کرنا ہے اور اس میں لکھنا ہے، 'بازگشت' ۔۔۔! اور زیر نظر دھاگےمیں مذکورہ لڑی کا حوالہ بھی دینا ہے ۔۔۔!

اس کھیل کا ایک فائدہ یہ بھی ہو گا کہ اردو محفل کی یادگار، معلوماتی اور بہترین لڑیاں ایک جگہ جمع ہو جائیں گی ۔۔۔!
 
آخری تدوین:
Top