اوکسفرڈ کی اردو سے آن لائن انگلش لغت

زیف سید

محفلین
اوکسفرڈ گلوبل لینگویجز (او جی ایل) نے ایک نئی اور بڑی پیش قدمی کے تحت اردو انگریزی لغت آن لائن فراہم کر دی ہے۔
او جی ایل منصوبے میں اردو سمیت دنیا کی 100 ایسی زبانیں شامل کی جا رہی ہیں جن کی ڈیجیٹل نمائندگی کم ہے۔ ان زبانوں کے لیے پہلی مرتبہ بڑی مقدار میں معیاری لغوی علم کو منظم انداز میں تشکیل و ترتیب دیا جائے گا اور اسے زبان بولنے اور سیکھنے والوں کے لیے ایک واحد مربوط ماخذ کی صورت میں فراہم کیا جائے گا۔


او جی ایل کی اس پیش رفت میں مندرجہ ذیل اقدامات شامل ہیں :

· دنیا کی وہ زبانیں جن کی نمائندگی کم ہے، انھیں معاونت فراہم کرنے اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے جدید ڈیجیٹل وسائل اور مآخذ کی تشکیل و ترقی کو ممکن بنانا۔
· ان زبانوں کو از سرِ نو تقویت اور سہارا دینے کے لیے ڈیجیٹل وسائل کی دستیابی۔
· زندہ زبانوں کو ان میں پائے جانے والے تغیرات اور مقامی بولیوں سمیت اس طرح سے محفوظ کر لینا جیسے وہ آج مستعمل ہیں۔
· دو طرفہ (انٹریریکٹیو) تعامل پر مبنی ماحول کی فراہمی ممکن بنانا، جس میں لوگ نیا مواد شامل کر سکیں، اس کے بارے میں سوالات کر سکیں ، اور زبان کے متعلق بات چیت کر سکیں۔ یہ حقیقی زبانوں کی زندہ و رواں لغات ہوں گی جو لوگوں کے تعاون سے تشکیل پائیں گی۔


اردو لغت کا پتہ یہ ہے:
https://ur.oxforddictionaries.com

آپ اس لغت میں نئے الفاظ شامل کر سکتے ہیں، شامل شدہ الفاظ پر ووٹ دے سکتے ہیں اور سائٹ کے فورم پر زبان و بیان کے بارے میں تبادلۂ خیالات کر سکتے ہیں۔

اس ویب سائٹ پر استعمال کی جانے والی لغت کا لسانی مواد اوکسفرڈ یونیورسٹی پریس کی اردو انگلش ڈکشنری سے اخذ کیا گیا ہے جو 2013 میں کتابی شکل میں چھپی تھی اور اس کے چیف ایڈیٹر رؤف پاریکھ اور مرتب ایس ایم سلیم الدین اور سہیل انجم تھے۔
 
Top