انٹر نیٹ کا صحیح استعمال

جیہ

لائبریرین
انٹر نیٹ کا صحیح استعمال

غزالہ امام


پیارے بچو! یوں تو جدید ٹیکنالوجی نے ہمیں بہت سے فائدے پہنچائے ہیں، وسیع دنیا کو محدود کردیا ہے۔ جیسے منٹوں میں آپ ای میل، چیٹ اور فیکس کے ذریعے اپنا پیغام دے سکتے ہیں، لیکن ان کا غلط استعمال آپ کو کسی مصیبت یا حادثے سے دو چار کرسکتا ہے۔
مثال کے طور پر انٹرنیٹ چیٹنگ(chatting) جو نوجوانوں اور بچوں میں بہت مقبول ہے۔ وہ اکثر اپنا فارغ وقت بلکہ پڑھائی کا حرج کرکے اس مشغلے میں مصروف رہتے ہیں اور لاعلمی اور کم عقلی کی وجہ سے کسی نہ کسی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔
انٹرنیٹ سے یقیناً آپ کی معلومات میں اضافہ ہوتا ہے لیکن اس کے ساتھ کچھ غلط اثرات بھی پڑتے ہیں جن سے بچاؤ اور احتیاط ضروری ہے۔

یہ چند باتیں ہمیشہ یاد رکھیں:

(1) اپنا پاس ورڈ (password) کسی کو نہ بتائیں چاہے وہ آپ کا کتنا ہی قریبی دوست کیوں نہ ہو۔

(2) چیٹنگ کے دوران اپنا نام، گھر، سکول یا کسی رشتےدار کا پتا اور ٹیلی فون نمبر ہرگز نہ بتائیں۔

(3) سب سے اہم بات یہ ہے کہ کبھی بھی چیٹنگ کرنے والے اجنبی سے باہر ملنے کی کوشش نہ کریں۔ کیا معلوم وہ کوئی چور، بدمعاش یا دہشت گرد ہو۔

(4) کسی کے پرائیویٹ چیٹ روم میں ہرگز نہ جایئے۔ احتیاط آپ کے لیے بہت ضروری ہے۔

(5) چیٹینگ کے دوران یا ای میل پر کسی اجنبی کو اپنی تصویر نہ بھیجیں کیوں کہ وہ آپ کی تصویر کا ناجائز استعمال کرسکتا ہے۔

(6) انٹرنیٹ پر کوئی چیز پوشیدہ نہیں ہوتی اس لیے میسیج یا ای میل لکھتے وقت اپنی ذاتی زندگی یا راز کے بارے میں ذکر نہ کیجیے۔

(7)کچھ لوگ میٹھی اور علمی باتیں کرکے اپنے آپ کو مخلص اور قابل ظاہر کرتے ہیں اور ان کے رویے سے متاثر ہوکر بچے اور خاص کر نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ان کی زد میں آجاتے ہیں اور نقصان اٹھاتے ہیں۔ ایسے لوگوں سے محتاط رہنا چاہیے۔

(8) اگر چیٹ پر کوئی تنگ کرے تو فوراً لاگ آف (log off) ہو جایئے، یعنی اس پروگرام کو بند کردیجیے اور اپنے والدین کو آگاہ کیجیے۔ والدین ہی آپ کے محافظ ہیں۔

(9) صرف چیٹینگ اپنے عزیز و اقارب سے کیجیے جن سے آپ کا ملنا کم ہے یا وہ دوسرے شہروں میں یا دوسرے ممالک میں رہتے ہیں۔

(10) والدین کو چاہیے کہ بچوں کو ٹیکنالوجی سے فوائد حاصل کرنے سے نہ روکیں مگر یہ والدین کی ذمہ واری ہے کہ بچوں کے ساتھ مل کر انٹرنیٹ کا استعمال کریں۔ اس کے لیے مخصوس وقت مقرر کریں کمپیوٹر کو لیوینگ روم (living room) میں رکھیں جہاں بچوں کی مصروفیات ان کے سامنے ہو۔


پیارے بچو! ٹیکنالوجی سے فائدہ ضرور حاصل کیجیے مگر اس کے ساتھ ساتھ اس کے صحیح اور غلط استعمال کے فوائد اور نقصانات کو بھی پیش نظر رکھیں اور اچھے لوگوں کی صحبت میں رہیے۔
 
Top