انٹرنیٹ سروسز کی جنگ

انٹرنیٹ کا آغاز 60 کی دہائی میں ہوا اور یہ دیکھتے ہی دیکھتے سب لوگوں کی ضرورت بن گیا۔ آج اگر ہماری زندگی سے انٹرنیٹ کو نکال دیا جائے تو متعدد ضروریات زندگی خصوصاً روابط میں انسان کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا، یعنی اب انٹرنیٹ انسانی زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دور حاضر میں انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیز کے درمیان ایک جنگ کا سماںپیدا ہو گیا ہے اور یہ کمپنیز بہتر سے بہترین سروسز فراہم کرنے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہیں۔
آج سے کچھ سال پہلے جب انٹرنیٹ کا آغاز ہوا تو صرف ایک ہی کمپنی یعنی مائیکرو سوفٹ ہوٹ میل کے نام سے انٹرنیٹ سروز فراہم کرتی تھی۔ پھر وقت گزرتا گیا اور یاہو نے انٹرنیٹ سروز کی فراہمی شروع کی جو کہ نہایت مقبول ہوئی اور یہ کمپنی تقریباً مائیکرو سوفٹ کے مد مقابل آپہنچی۔ ان نئی کمپنیز نے نہ صرف ای میل بلکہ کئی دوسری انٹرنیٹ سروسز فراہم کیں۔ آج کل تیزی سے ابھرتی ہوئی انٹرنیٹ کمپنی گوگل کو کہا جارہا ہے کیونکہ گوگل نہ صرف نہایت کم عرصے میں یاہو کو پیچھے چھوڑتی ہوئی مائیکرو سوفٹ کے مد مقابل آ چکی ہے بلکہ یہ متعدد نئی سروسز بھی فراہم کر رہی ہے۔ گوگل کی سروسز میں جی میل۔ انٹرنیٹ وائس چیٹ، چیٹنگ ، گوگل ریڈر، گوگل کروم ، گوگل ایڈ سینس، بلوگ اسپوٹ اور حال ہی میں آغاز ہونے والا گوگل پلس شامل ہے۔
trans.gif
گوگل کی جانب سے گوگل پلس کا آغاز سوشل نیٹ ورکنگ کے شعبے میں مقبولیت حاصل کرنے والی فیس بک کے لئے کیا گیا ہے، گوگل پلس کو ٹیسٹ کرنے کے بعد عام صارفین کے استعمال کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ اون لائن صارفین کے لیے گوگل کی نت نئی مصنوعات کی لمبی فہرست میں یہ تازہ اضافہ ہے۔ گوگل کو توقع ہے کہ گوگل پلس مستقبل میں فیس بک کا سب سے بڑا حریف پروگرام ثابت ہوگا۔ یہ سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فورم اپنے اجرا سے پہلے تین مہینے تک صارفین کی ایک محدود تعداد کے زیر استعمال رہا۔ اس دوران اس پروگرام کی کامیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے گوگل نے فیصلہ کیا کہ صارفین کی محدود تعداد کی بجائے اب اسے انٹرنیٹ پر دنیا بھر کے صارفین کو پیش کر دینا چاہئے۔ گوگل پلس کا ایڈریس گوگل پلس ڈوٹ کوم ہے، اب کوئی بھی انٹرنیٹ صارف گوگل کی ویب سائٹ پر جا کر وہاں خود کو گوگل پلس کے لیے رجسٹرڈ کروا سکتا ہے۔ اس طرح اب دنیا میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والا کوئی بھی انسان گوگل کی اسی طرح کی سروسز سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، جیسی فیس بک کی طرف سے مہیا کی جاتی ہیں۔ گوگل پلس کی چیٹ سروس صرف ای میل کھول کر بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ گوگل پلس اور ای میل دونوں کو ایک ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔​
گوگل کا یوں تو اپنا بھی ایک چیٹنگ سوفٹ ویئر ہے لیکن سوشل نیٹ ورکنگ کے شعبے میں فیس بک نے گوگل کو بہت پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ اس کی وجہ فیس بک کے صارفین کی وہ تعداد ہے جو خود فیس بک کے اعلیٰ عہدیداروں کے مطابق پوری دنیا میں اس وقت 750 ملین بنتی ہے۔ فیس بک اس وقت دنیا کی سب سے زیادہ اون لائن ٹریفک والی ویب سائٹ ہے۔ دوسری طرف گوگل وہ کمپنی ہے، جس کو اون لائن اشتہارات کے شعبے میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ آمدنی ہوتی ہے۔ لیکن فیس بک کی حیران کن کاروباری کامیابی کی وجہ سے گوگل کو یہ خطرہ پیدا ہو چکا تھا کہ جلد ہی فیس بک اشتہارات کے شعبے میں گوگل کو اس کی پہلی پوزیشن سے محروم کر سکتی ہے۔ اس پس منظر میں گوگل کے اعلیٰ عہدیداروں کو اب امید ہے کہ گوگل پلس کی مدد سے وہ فیس بک اور اپنی کمپنی کے درمیان پایا جانے والا کاروباری فاصلہ کافی حد تک کم کر سکیں گے۔​
ماہرین کا کہنا ہے کہ گوگل نے اپنی سائٹ گوگل پلس میں فیس بک کی خصوصیات کا ہی دوبارہ سے استعمال کیا ہے اور اضافی طور پر اس میں ویڈیو چیٹ یا ویڈیو بات چیت کا اضافہ کیا ہے۔​
ماہرین کا کہنا ہے کہ گوگل پلس کے سرکلز فیس بک کے گروپس، ہڈل فیس بک کی گروپ چیٹنگ بالکل فیس بک کی طرح جبکہ کچھ خصوصیات فیس بک سے بڑھ کر ہیں۔جیسے ہینگ آﺅٹ جس میں ویڈیو کانفرنسنگ کی طرح کی خصوصیات ہیں۔ بڑا زبردست فیچر لگ رہا ہے جس میں آّٹھ دس کے گروپ کی ویڈیوز اکھٹی چل رہی ہوتی ہیں اور جو بول (یا اونچا بول) رہا ہوتا ہے وہ سنٹر اسٹیج پر نظر آتا ہے۔ اینڈرائیڈ کے لئے اپ لوڈ انسٹینٹ متعارف کروایا گیا ہے۔ جس کے ذریعے آپ جونہی تصویر کھینچیں گے وہ فوری طور پر سرکلز پر آپ کی پرائیویٹ البم میں اپ لوڈ ہو جائے گی۔ جسے آپ سنگل کلک کے ذریعے عام عوام کے لئے بھی جاری کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسپارکس کی صورت میں آپ کی دلچسپی کے مطابق آپ کو دنیا سے مواد اکٹھا کر کے دکھایا جائے گا۔ میڈیا پر نشر ہونے والی رپورٹس کے مطابق گوگل پلس کے اراکین کی تعداد شروع میں اس کے تجرباتی عرصے کے دوران ہی ۵۲ ملین سے تجاوز کر گئی تھی جبکہ اب اس کی تعداد کروڑ تک ہو چکی ہے۔​
گوگل نے گوگل پلس کے آغاز کے ساتھ ہی ایسی خاصیتیں اور امکانات متعارف کرا دیے ہیں جو ا بھی تک فیس بک میں بھی نہیں تھے۔ فیس بک نے بھی گوگل پلس کے آغاز کے ساتھ اپنی سروسز کو جدید بنانے کے عمل کو تیز تر کر دیا اور تب سے اب تک فیس بک صارفین بھی فیس بک پر کئی نئی تبدیلیاں نوٹ کر چکے ہیں۔ گوگل پلس کی ایک خاص بات وہ نئی ویڈیو چیٹ ہے، جس کو چیٹ ویڈیو ہینگ آﺅٹ کا نام دیا گیا ہے، اور جس کے ذریعے کوئی بھی ممبر بیک وقت متعدد افراد کے ساتھ ویڈیو چیٹ کر سکتا ہے۔​
گوگل صارفین سے حاصل ہونے والی معلومات کو زیادہ بہتر انداز سے استعمال کرتا ہے جیسے گوگل ڈاکیومنٹس ، کیلنڈر اور بہت سی سہولتیں، جبکہ فیس بک ابھی تک ان معلومات کو بیچنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کر سکا۔ ابتدائی مراحل کے دوران گوگل پلس صرف صحافیوں اور ٹیکنولوجی سے وابستہ شعبوں میں کام کرنے والوں کے لیے کھولی گئی تھی لیکن دیگر انٹرنیٹ کے صارفین کو دعوتیں بھیجنے کی وجہ سے ویب سائٹ کے صارفین جلد ہی لاکھوں تک پہنچ گئے ہیں۔​
گوگل کے تیار کردہ براوزر کروم نے فائر فوکس کو مات دے دی ہے اور اب اس کا مقابلہ مائیکروسوفٹ کے تیار کردہ دنیا کے معروف ترین براوزر ایکسپلورر سے ہے جس کا استعمال دنیا بھر میںکیا جاتا ہے۔ انٹرنیٹ براوزر کی حیثیت ایک دروازے کی سی ہے جس سے آپ انٹرنیٹ کی دنیا میں داخل ہوسکتے ہیں اور پھر دنیا بھر کی معلومات تک آپ کی رسائی ممکن ہوتی ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں استعمال کیے جانے والے معروف براوزرز میں مائیکروسوفٹ کا ایکسپلورر، گوگل کا کروم، ایپل کا سفاری اور فائر فوکس براوزرز شامل ہیں۔​
ایک معروف مارکیٹ ریسرچ کمپنی اسٹیٹ کاﺅنٹر کی طرف سے دسمبر 2011ء کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق نومبر کے اختتام تک گوگل کروم کا دنیا بھر میں مارکیٹ شیئر پچیس اعشاریہ چھ نو فیصد تک پہنچ گیا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں فائرفوکس کا مارکیٹ شیئرپچیس اعشاریہ دو تین فیصد تھا۔ دوسری طرف مائیکروسوفٹ کے انٹرنیٹ ایکسپلورر کا شیئر مزید کم ہو کر اب چالیس اعشاریہ چھ تین فیصد تک آ گیا ہے۔ اسٹیٹ کاﺅنٹر کے مطابق گوگل کروم کے تیزی سے بڑھتے مارکیٹ شیئر سے ظاہر ہوتا ہے کہ بہت جلد مائیکروسوفٹ کے ایکسپلورر اور کروم کے درمیان مقابلہ دیکھنے میں آئے گا۔​
گوگل نے اپنا کروم نامی براوزر 2008ء میں متعارف کروایا تھا۔ نومبر 2009ء تک اس براوزر کا مارکیٹ شیئر محض چار اعشاریہ چھ چھ فیصد تھا۔ دوسری طرف انٹرنیٹ ایکسپلورر کی مانگ میں جو کبھی 90 فیصد صارفین کے زیر استعمال رہا ہے، گزشتہ کچھ برسوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ رواں برس یعنی یہ براوزر محض 57 فیصد صارفین کے استعمال میں تھا جبکہ اس سے ایک برس قبل ہی اس کے صارفین کی تعداد 26 فیصد تھی۔ رواں برس کے آغاز میں ایک ریسرچ کمپنی نیٹ ایپلیکیشنز کے اعداد وشمار کے مطابق موزیلا کے فائرفاکس کے پاس مارکیٹ کا 22 فیصد شیئر تھا جبکہ گوگل کروم کے پاس 11 فیصد اور ایپل کمپنی کے براوزر سفاری کے پاس محض چھ اعشاریہ چار فیصد شیئر تھا۔​
تحریر: سید محمد عابد
 
Top