امریکی اہلکار کی فائرنگ،2افراد سمیت 3ہلاک

فخرنوید

محفلین
امریکی قونصلیٹ کے افسر کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک جبکہ ملزم کی مدد کو آنیوالی امریکی قونصل کی گاڑی کی ٹکر سے تیسرا شخص بھی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے امریکی باشندے کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ،جس کے بعد مشتعل ہجوم نے پرانی انارکلی تھانے کا گھیراؤ کیا اور امریکا اور پولیس کیخلاف نعرے لگائے اور ٹائروں کو آگ لگا کر ٹریفک بلاک کر دی جبکہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دیدیا ۔ادھر پولیس کا دیے گئے اپنے ایک بیان میں امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس نے الزام لگایا کہ اس نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی ،وہ دونوں شخص ڈاکو تھے جو اسے روک رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق ریمنڈ ڈیوس گزشتہ روز اپنی گاڑی نمبر ایل ای جی 5445-10 پر کھانا کھانے کیلئے بادشاہی مسجد کے عقب میں واقع ایک ہوٹل جا رہا تھا جب وہ قرطبہ چوک پہنچا تو اس نے محسوس کیا کہ دو موٹرسائیکل سوار جنہوں نے اپنے جسم کے ساتھ اسلحہ لگایا ہوا ہے اور جیسے ہی ان کی موٹرسائیکل امریکی باشندے کی گاڑی کے سامنے آئی تو ریمنڈ ڈیوس نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہلاک ہوگیا اور دوسرے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ بعدازاں امریکی باشندے ریمنڈ ڈیوس نے فوری طور پر امریکی قونصلیٹ کوا طلاع دی جس پر اس کی حفاظت کیلئے ایک گاڑی میں سوار امریکی قونصلیٹ کے دو افراد تیزرفتاری سے قرطبہ چوک کی طرف آنے لگے تو ٹریفک بلاک ہونیکی وجہ سے ڈرائیور نے گاڑی ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوسری سڑک پر ڈال دی جس سے امریکی شہری کی گاڑی سامنے سے آنے والے موٹرسائیکل سوار سے ٹکرا گئی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا جسے سروسز اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس ذرائع کی ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ موٹر سائیکل سوار افراد نے امریکی شہری کو لوٹنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے فائرنگ بھی کی پولیس کو جائے وقوعہ سے دو پسٹل ملے ہیں جس میں ایک کی میگزین خالی جبکہ دوسرے پسٹل کی میگزین میں گولیاں تھیں۔ ادھر اس کی مدد کو آنے والی دوسری گاڑی نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری تو موقعہ پر موجود لوگ مشتعل ہوگئے جنہوں نے اس گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو گاڑی میں سوار ایک شخص نے اپنی گن نکال لی جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر پیچھے ہٹ گئے ۔ اے ایف پی کے مطابق سی سی پی او اسلم ترین نے بتایا کہ امریکی شہری پولیس کے زیر حراست ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس نے اشارے پر کار روکی تو وہاں 2مسلح موٹر سائیکل سواروں میں سے ایک نے پستول نکالا جس پر اس نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی، ریمنڈ ڈیوس نے فائرنگ کے بعد وائرلیس سیٹ کے ذریعے اپنے ساتھیوں کو مدد کیلئے بلایا جس کے بعد امریکی قونصل خانے کی ایک اور کار موقع پر پہنچی اس دوران سو سے زائد افراد موقع پر جمع ہوگئے جنہوں نے دونوں کاروں کو گھیرے میں لینے کی کوشش کی لیکن پولیس نے ان کو روکا اور فائرنگ کرنے والے امریکی شہری کو کار سمیت پولیس اسٹیشن لے گئے ۔ دریں اثناء پولیس نے ہلاک ہونیوالے دونوں افراد کو ڈاکو قرار دیا ہے اور ان میں سے ایک کی شناخت فیضان حیدر کے نام سے کی گئی اور وہ ٹمبر مارکیٹ راوی روڈ کا رہائشی تھا جبکہ اس کے بڑے بھائی کا کہنا ہے کہ فیضان کبھی بھی ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث نہیں رہا ہے ، شاہدرہ میں اس کا بھائی کچھ عرصہ قبل قتل ہو گیا تھا جس کی وجہ سے فیضان اپنے پاس پسٹل رکھتا تھا وہ پسٹل لائسنس پر تھا، جبکہ گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہونے والے موٹر سائیکل سوار عبدالرحمن کا تعلق گلشن راوی سے ہے وہ شاہ عالم مارکیٹ میں پلاسٹک کی بوتلوں کا کاروبار کرتا تھا اس کے سات بہن بھائی ہیں ۔ذرائع کے مطابق ریمنڈ ڈیوس کی گاڑی کی پچھلی اسکرین اور سائیڈ کا شیشہ بھی ٹوٹا ہوا تھا اس کی فرنٹ اسکرین پر گولیاں لگنے کے پانچ سوراخ تھے پولیس نے اس کا پسٹل اپنے قبضہ میں لے لیا ہے پولیس ذرائع کے مطابق ایک ڈاکو کی جیب سے غیر ملکی کرنسی بھی ملی ہے۔

جنگ نیوز
 

شمشاد

لائبریرین
موجودہ حکومت کے لیے بہت بڑا امتحان

اب پاکستانی عوام کو انصاف دلانا ہے یا اپنے طاغوتی آقاؤں کو خوش کرنا ہے۔
 
Top