اس کی نظروں کو بھی آواز کا جادو آئے!۔۔۔۔ غزل اصلاح کے لئے

ایک غزل کے چند اشعار اصلاح کے لئے پیش کر رہا ہوں ۔
بحر رمل مثمن مخبون محذوف
فاعلاتن فعلاتن فعلاتن فعلن
استاد محترم جناب الف عین سر سے اصلاح کی درخواست ہے دیگر احباب کے مشوروں اور تبصروں کا بھی منتظر ہوں۔
*******............********............********
صندلی ہاتھ بھی مَس کر دے تَو مہکوں ایسے
پاس سے گزروں تو سب کو تری خوشبو آئے!

نرم حلقے میں گرفتار ہوا ، میرا وجود
پشت سے میری لپٹتے، ترے بازو آئے!

حسن ہے شِعر کا مصرع، تو مکمل یوں ہو
جب تُو بولے، تَو زباں پر تری اردو آئے !

اختیاری ہے تصوّر، جو یہ چاہو تو تمھیں
اک نِبولی میں پکے آم کی خُو بُو آئے!

خامشی چہرے کی ، بڑھ کر مرا رستہ روکے
اس کی نظروں کو بھی آواز کا جادو آئے!

دل نے کچھ سوچ کے، خوشیوں کی اجازت دی ہے
ترے آنے پہ مری آنکھ میں آنسو آئے!

بن سنور کر ، وہ نکل آیا تھے مجھ سے ملنے
دشت بھر کے اسے پھر دیکھنے آہو آئے!

بہتے پانی میں تُو پیروں کو جو دھوئے آ کر
دیکھنے ، تیرتی مچھلی بھی، لبِ جُو آئے!

خوبصورت سا جو اک حادثہ دل پر گزرا
اس غزل کے مری جانب ،کھلے بازو آئے!

 
بہت خوب کاشف بھائی
دل نے کچھ سوچ کے، خوشیوں کی اجازت دی ہے
ترے آنے پہ مری آنکھ میں آنسو آئے!
اس زمین میں ایک اور خوبصورت غزل پسندیدہ کلام میں بھی ہے
http://www.urduweb.org/mehfil/threads/رنگ-باتیں-کریں-اور-باتوں-سے-خوشبو-آئے-ضیا-جالندھری.54621/
جو عابدہ پروین کی آواز میں سن کر آپ اپنی غزل بھی اسی دھن میں گنگنا سکتے ہیں :)
 
بہت خوب کاشف بھائی
دل نے کچھ سوچ کے، خوشیوں کی اجازت دی ہے
ترے آنے پہ مری آنکھ میں آنسو آئے!
اس زمین میں ایک اور خوبصورت غزل پسندیدہ کلام میں بھی ہے
http://www.urduweb.org/mehfil/threads/رنگ-باتیں-کریں-اور-باتوں-سے-خوشبو-آئے-ضیا-جالندھری.54621/
جو عابدہ پروین کی آواز میں سن کر آپ اپنی غزل بھی اسی دھن میں گنگنا سکتے ہیں :)
شکریہ اسد بھائی۔ نوازش
 

الف عین

لائبریرین
بہتر یوں ہو گا
اس کے چہرے کی خموشی مرا رستہ روکے
یوں زیادہ رواں ہو جاتا ہے، البتہ دوسرا مصرع بھی ’اس کی‘ سے شروع ہوتا ہے۔ لیکن یہ سقم اتنا واضح نہیں۔
 
Top