آہ ! مسمی کا جوس

ساجد

محفلین
Naturaleza-Fruta-Naranja-468283.png
آج میں مال روڈ کے کنارے ایک بس سٹاپ پر بیٹھا ہوا تھا ۔ میرے سامنے کچھ فاصلے پر ایک جوس کا ٹھیلا لگا تھا جس پر لکھا تھا مسمی اور مالٹے کا جوس 30 روپے ۔ میں خود کو وی آئی پی نہیں سمجھتا لیکن ایسی جگہوں پر برتنوں اور چیز کی تیاری میں صفائی کا خیال نہ رکھنے کی وجہ سے کھانے پینے سے اجتناب کرتا ہوں۔ عام طور پر ریڑھیوں والے جوس اور گنے کے رس والے جھوٹے گلاسوں کو پانی کی ایک ہی بالٹی ہی ڈبو ڈبو کر نکالتے رہتے ہیں اور کچھ تو "بہتر نتائج" کی خاطر صبح سے رات تک ایک ہی کپڑے سے انہیں صاف بھی کرتے رہتے ہیں ایسی صفائی سے گلاسوں کی صفائی سے زیادہ انسانی صحت کی صفائی ہو جاتی ہے اور ہیپا ٹائٹس کو قابو میں رکھنے کی خاطر پیا گیا گنے کا جوس ان "صاف" گلاسوں کی وجہ سے دوسروں افراد کو بھی اس موذی مرض سے دوچار کر دیتا ہے۔
لیکن آج معاملہ خوش کن تھا ۔ میرے سامنے کھڑا جو س والا گلاسوں کو تازہ پانی سے دھو رہا تھا ۔ اس نے ایک بڑا ڈرم صاف پانی سے بھر کر رکھا تھا اور اس کے برابر تھوڑی جگہ چھوڑ کر پلاسٹک کی ایک بڑی بالٹی رکھی تھی۔ ڈرم سے پانی کا مگ بھرتا اور جھوٹے گلاس کو بالٹی کے اوپر تازہ پانی سے یوں دھوتا کہ پانی سے سڑک پر کیچڑ نہ بنے ۔ دو تین گاہک آئے ، جوس پیا اور چلے​

گئے اور جوس والے نے ہر بار گلاس دھونے کا یہی طریقہ اختیار کیا تو دل چاہا کہ جوس پینے کی عیاشی کی جائے ۔
بس سٹاپ کے بنچ سے کسلانہ انداز میں ہلا ، "سلیم شاہی جوتا" پاؤں میں پہنا اور خراماں خراماں ٹھیلے کی طرف چل پڑا ۔ ٹھیلے والا اپنی دھن میں مگن تھا ۔ اسی دوران ایک شخص نے جوس پی کر گلاس واپس کیا تو اس نے حسب سابق ڈرم سے مگ میں تازہ پانی لیا اور گلا س کو بالٹی کے اوپر کر کے دھویا ۔ لیکن اب کی بار اس نے یہ بھی کیا کہ گلاس دھونے کے بعد مگ کو اپنے منہ سے لگایا ۔ مگ میں بچے ہوئے پانی سے منہ بھرا اور گلاس کو ہاتھ میں پکرے پکڑے ایک زور دار کلی اس انداز سے کی کہ اس کلی کا پانی تو بالٹی میں گیا لیکن ساتھ پڑا صاف پانی کا ڈرم اور ہاتھ میں پکڑا گلاس بھی اس کے چھینٹوں میں نہا گیا ۔ اور پھر اس صفائی کا اختتام اسی جھوٹے مگ کو صاف پانی والے ڈرم میں واپس ڈالنے سے ہوا ۔ اُدھر گلاس صاف ہوا اور اِدھر میری طبیعت صاف ہو گئی ۔ یوں جوس پینے کا جوش اتر گیا ۔
http://sajidnamah.blogspot.com/2013/12/blog-post.html
 
آخری تدوین:
اچھی تحریر۔ شروع میں عنوان سے میں سمجھا ہی نہیں کہ یہ مسمی کیا ہے۔ بعد میں معلوم ہوا کہ "موسمبی" کا پنجابی ترجمہ کیا ہے۔ :)
 
Top