آپ کر سکتی ہیں

با ادب

محفلین
آپ کر سکتی ہیں ..

کبھی آپکا بھی جی چاہتا ہے کہ سب کاموں سے جان! چھڑا کے بستر پہ پڑ جائیں ۔ اور خوب واویلا مچائیں کہ اب بس چل چلاؤ ہے مجھے رخصت عنایت فرمائیں اور میری خدمت فرما کر ثواب دارین حاصل کریں ۔ عین اس لمحے جب آپ اپنے عزیز و اقارب سے اس قسم کی ڈائیلاگ بازی فرما رہے ہوں
" اے چھوٹی تمھاری قمیص پہنی تھی ایک دفعہ بغیر پوچھے بس اس خطا کی معافی دے دینا.
اور ہاں بڑی یوں تو ساری زندگی تم ہی نے مجھے دق کیے رکھا چاہے تمھارے کپڑوں کی میچنگ ہو یا بچوں کے ڈائپر کمپنی کے انتخاب کا مسئلہ تمھارے میاں کی گنجی ٹنڈ پہ بال اگانے کے ٹوٹکوں سے لے کر تمھاری سانولی رنگت کو چمکانے کی ترکیبوں تک میں نے ہر طرح سے تمھاری مدد کی ہے لیکن پھر بھی ان تمام ٹوٹکوں کے باوجود نہ تمھارے میاں کے سر پہ بال آئے نہ تم گوری ہوئی تو بس مجھے معاف کر دینا بہن میرے مرنے کے بعد میں اپنی گوری چمڑی تمھیں ہدیہ کر دونگی ۔
میری آنکھیں میری پیاری سہیلی کو عطیہ کی جائیں ۔ میری تمام ڈائریز دریا برد کرنے کا بیڑا منٹو کو سونپا ۔
بس آخری وقت کلمہ پڑھا دینا اگر تم لوگوں کو آتا ہے تو ۔
یہاں تک تو سب ہی آنکھوں میں آنسو لیے سن رہے تھے اس بات پہ آنکھوں سے چنگاریاں نکلیں لیکن ہمیں بھلا اب کیا پرواہ تھی ہم تو رخت سفر باندھ چکے تھے۔
کوئی آپکو بدترین گھوریوں سے نواز رہا ہو تو آپکے ننھے معصوم دل پہ کیا بیتتی ہے یہ لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا ۔
ہم نے بھی ڈھیٹ بن کے ان سے معافی نہیں مانگی کہ کچھ تو اللہ کی رحمت سے ہی بخشے جائیں گے ۔آخری وقت کیوں انکا احسان لیا جائے ۔
لیکن کچھ لوگ واقعی چکنی مٹی سے تخلیق کیے گئے ہوتے ہیں ۔ نہ ہماری ناراضی کی پرواہ نہ آخری سانسوں کا غم گویا ہوئے تو جس منہ سے تمام عمر پھول نہ جھڑے آج کیسے جھڑ جاتے فرمانے لگے
اتنی ڈرامے بازی کافی تھی یہ جو سارے کام بکھرے پڑے ہیں اسے آپکے سوا کوئی کرنے والا نہیں آپ کر سکتی ہیں ۔
اور جتنا مجھے اس ایک جملے سے اختلاج ہے شاید ہی کسی کو ہوتا ہوگا
" آپ کر سکتی ہیں "
لوگ آپ پہ اتنا اعتماد کرتے ہی کیوں ہیں؟ ؟
بس جس نے تمام کاموں کی ذمے داری اٹھا لی اب ہر کس و نا کس ہاتھ دھو کے گندے منہ کے ساتھ اس کے پیچھے پڑ جائے
" یہ فلاں کام کر دیں آپ سے اچھا کوئی اور نہیں کر سکتا "
" ارے جو بات آپکے کام کی ہے وہ مزہ نہیں "
ارے ....
کبھی تو ہم بھی چاہتے ہیں کوئی ہماری سیوا کرے لیکن وائے ری قسمت .....
ہر بار یہ ضروری نہیں ہوتا کہ جو جس کام کا ماہر ہو اسے درست طریقے پر انجام دے دے ... کبھی کاموں کے بگڑ جانے کو بھی برداشت کیا جانا چاہیے کہ انسان کے بگڑنے سے کام کا بگڑنا بہتر ہے ۔ انسانوں کی قدر کیجیے کاموں کا کیا ہے کبھی نہیں رکتے ...بھلا کسی کے مر جانے سے دنیا کا کوئی کام رکا ہے آج تک؟ ؟؟
سمیرا امام
 

محمداحمد

لائبریرین
اور جتنا مجھے اس ایک جملے سے اختلاج ہے شاید ہی کسی کو ہوتا ہوگا
" آپ کر سکتی ہیں "
لوگ آپ پہ اتنا اعتماد کرتے ہی کیوں ہیں؟ ؟
بس جس نے تمام کاموں کی ذمے داری اٹھا لی اب ہر کس و نا کس ہاتھ دھو کے گندے منہ کے ساتھ اس کے پیچھے پڑ جائے
" یہ فلاں کام کر دیں آپ سے اچھا کوئی اور نہیں کر سکتا "
" ارے جو بات آپکے کام کی ہے وہ مزہ نہیں "
ارے ....
کبھی تو ہم بھی چاہتے ہیں کوئی ہماری سیوا کرے لیکن وائے ری قسمت .....

:):):)

آپ واقعی کر سکتی ہیں اس لئے انکار کرنا بنتا نہیں ہے۔ :p
 
Top