اک اور غزل آپ کی بصارتوں کی نذر ۔

جیا راؤ

محفلین
السلام علیکم
کافی عرصہ کے بعد اک اور غزل آپ کی بصارتوں کی نذر۔

بھلا کے رنجش اے دوستو مسکرا دو اب ہم بچھڑ رہے ہیں
دلوں سے اپنے تمام شکوے مٹا دو اب ہم بچھڑ رہے ہیں

سنا ہے جب سے کہ دور ہونگے نگاہیں پل پل برس رہی ہیں
مرے عزیزو دو اشک تم بھی بہا دو اب ہم بچھڑ رہے ہیں

بہت سی خوشیاں بہت سے غم تھے، کبھی ستم تو کبھی کرم تھے
سنہری یادوں کو آج پھر سے جِلا دو اب ہم بچھڑ رہے ہیں

سنا ہے ہم نے کہ دردِفرقت بہت ہی جاں سوز کیفیت ہے
مسیحا ہو تو ابھی سے ہم کو شفا دو اب ہم بچھڑ رہے ہیں

نہ عہد چاہوں، نہ کوئی پیماں مگر سنو اے بچھڑنے والو !
وفا کے زینے پہ اک دیا سا جلا دو اب ہم بچھڑ رہے ہیں​
 
محسن حجازی

محفلین
بہت اچھے!
آپ وہی ہیں جویریہ رفیق راؤ جن سے ہماری جھڑپ ہوئی تھی؟ یا یوں کہہ لیجئے کہ آپ نے ہم کو آنکھیں دکھائی تھیں غزل سنانے کے بعد؟
 
جیا راؤ

محفلین
بہت اچھے!
آپ وہی ہیں جویریہ رفیق راؤ جن سے ہماری جھڑپ ہوئی تھی؟ یا یوں کہہ لیجئے کہ آپ نے ہم کو آنکھیں دکھائی تھیں غزل سنانے کے بعد؟

جی ہم بالکل وہی ہیں۔
بس ایک غلطی آپ کے بیان میں یہ ہے کہ ہم نے آپ کو آنکھیں دکھائی تھیں وہ بھی غزل سنانے کے بعد !
 
محسن حجازی

محفلین
بہت اچھی غزل ہے جناب پڑھ کر آنکھیں سوج گئیں۔ میرا مطلب ہے کہ بھیگ گئیں۔:grin:
آپ کا اختلاف آنکھیں دکھانے پر ہے یا واقعہ کے پہلے یا بعد میں وقوع پذیری پر؟ اور اتنا عرصہ کہاں غائب رہیں؟ دیوان کب چھپ رہا ہے؟ اب کے غزل بہت دیر میں تیار ہوئی لگتا ہے کراچی میں وارداتیں کم ہو گئی ہیں۔ یہاں ہماری مراد واردات قلبی سے ہے۔
 
بہت خوبصورت غزل ہے جیا ! ماشا اللہ

برا نا لگے تو ایک جسارت کرنا چاہوں گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مگر پہلے معدزت قبول کیجیے

" کہ " اب ہم بچھڑ رہے ہیں

اگر ایسا ہوتا تو کیا ہوتا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اچھا یا برا ؟

بہرحال یہ میرا اپنا خیال ہے۔۔۔۔ کیونکہ غزل کا بنیادی خیال حسرت اور ا نا پر مبنی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ اس لئے یہ اضافہ مجھے مناسب لگا
 
حسن علوی

محسن بھائی نجانے کیوں آپ کے طرزِ تحریر سے ہمیں انشاء جی کی خوشبو محسوس ہوتی ھے۔ کافی ملتا جلتا اسٹائل ھے۔ کیا یہ اتفاق ھے یا آپ بھی متاثرینِ انشاء میں شامل ہیں؟:)
 
جیا راؤ

محفلین
بہت اچھی غزل ہے جناب پڑھ کر آنکھیں سوج گئیں۔ میرا مطلب ہے کہ بھیگ گئیں۔:grin:
آپ کا اختلاف آنکھیں دکھانے پر ہے یا واقعہ کے پہلے یا بعد میں وقوع پذیری پر؟ اور اتنا عرصہ کہاں غائب رہیں؟ دیوان کب چھپ رہا ہے؟ اب کے غزل بہت دیر میں تیار ہوئی لگتا ہے کراچی میں وارداتیں کم ہو گئی ہیں۔ یہاں ہماری مراد واردات قلبی سے ہے۔

جی ہمارا اختلاف آنکھیں دکھانے پر ہے۔
غائب رہنے اور غزل کے تیار نہ ہونے کی وجہ امتحانات تھے۔ ان سے جان چھوٹتے ہی پھر سے ایک عدد غزل کے ساتھ حاضر ہو گئے۔
 
غائب رہنے اور غزل کے تیار نہ ہونے کی وجہ امتحانات تھے۔ ان سے جان چھوٹتے ہی پھر سے ایک عدد غزل کے ساتھ حاضر ہو گئے۔

بلا شبہہ بہت عمدہ تخلیق ہے!

پر میرے یہاں حالات قدرے مختلف ہیں میری عموماً ساری ہی تک بندیاں‌ ٹھیک امتحانات کے ایام میں‌ وارد ہوئی ہیں۔ باقی کے دنوں‌ میں تو برباد کرنے کو وقت ہی نہیں ہوتا ;)
ویسے ایک فرق اور ہے آپ نے شاعری کی ہے جبکہ میں نے‌ تک بندی۔
 
محسن حجازی

محفلین
ویسے یہ جملہ یوں بھی پڑھا جا سکتا ہے:
غائب رہنے اور غزل کے تیار نہ ہونے کی وجہ ااختلافات تھے۔
ان سے جان چھوٹتے ہی پھر سے ایک عدد غزل کے ساتھ حاضر ہو گئے۔

مجھ سے بچھڑ کے خوش رہتے ہو
تم بھی میری طرح جھوٹے ہو۔
مجھ کو شام بتا دیتی ہے
تم کس رنگ کے کپڑے پہنے ہو

یہ ہماری اپنی غزل ہے بچھڑنے کے موضوع پر۔ موضوع کی وضاحت اس واسطے لازم ٹھہری کہ شاپنگ کی دلدادہ بیگمات کی جانب سے اسے سپنا لان کا اشتہار متصور نہ کیا جائے۔
بعد میں ڈاکٹر بشیر بدر نے ہم سے پوچھے بنا اسے اپنی کتاب میں چھاپ ڈالا۔ تب سے تعلقات کشیدہ ہیں نہ وہ ہمیں جانتے ہیں نہ ہم ان کو۔
انشا جی اور یوسفی صاحب کو ہم تفصیل سے پڑھ نہ سکے کہ اکثر کتب خانوں میں بستہ تھیلا باہر رکھوا لینے کی رسم قبیح ہے۔ کم سے کم ہمیں تاریخ میں تو کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا کہ روم و یونانی تہذیب کے دورکے کتب خانوں میں بستے باہر رکھوا لئے جاتے ہوں۔
 
شمشاد

لائبریرین
تو آپ پینٹ قمیض پہن کر نہ جایا کریں ناں، شلوار قمیض سب سے اچھی ہے، اور اگر پٹھانوں والی ہو تو اور بھی بہتر ہے جن کی شلوار کا گھیر دس گز ہوتا ہے۔ پھر چاہے وہ بستہ بیگ باہر رکھواتے رہیں۔ اتنے گھیر کی شلوار کس کام آئے گی۔
 
زرقا مفتی

محفلین
جیا صاحبہ
ایک عمدہ غزل کے لئے میری جانب سے داد قبول کیجئے

محسن حجازی صاحب
طنزومزاح کا سیکشن آپ کا منتظر ہے وہاں بھی کچھ عنایات کیجئے
 
جیا راؤ

محفلین
بہت خوبصورت غزل ہے جیا ! ماشا اللہ

برا نا لگے تو ایک جسارت کرنا چاہوں گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مگر پہلے معدزت قبول کیجیے

" کہ " اب ہم بچھڑ رہے ہیں

اگر ایسا ہوتا تو کیا ہوتا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اچھا یا برا ؟

بہرحال یہ میرا اپنا خیال ہے۔۔۔۔ کیونکہ غزل کا بنیادی خیال حسرت اور ا نا پر مبنی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ اس لئے یہ اضافہ مجھے مناسب لگا

"کہ" کا اضافہ کچھ تسلسل کو خراب کرتا ہوا محسوس ہوتا ہے لہٰذا اسے ردیف میں شامل نہیں کیا گیا۔
ہمت افزائی کا بے حد شکریہ۔
 
Top