ایک غزل برائے اصلاح

محمل ابراہیم

لائبریرین
میری قلم سے۔۔۔۔۔

ایک مرکز پہ جو جامد ہو نظر بن جائیں
برسیں اس طرح کی ہم بار گہر بن جائیں
کو بہ کو درد ہے ماتم ہے فغاں ہے ہر سو
جو کرے دور الم ہم وہ اثر بن جائیں
منتشر نجم ہیں افلاک میں بے راہ بے نقش
اُن کو ترتیب دیں ایسے کہ مہر بن جائیں
چلو تعبیر کو دیں صورتِ تعمیر ایسی
ہم جو کنکر بھی اٹھائیں وہ گہر بن جائیں
تم نے بس آگ اگلتے ہوئے شعلے دیکھے
ہم وہ پتھر ہیں کہ پتھر پہ گریں اور شرر بن جائیں
کچھ ہی گنتی کی لکیریں ہیں شرر بار یہاں
وہی اسطرح سے پھیلیں کہ سحر بن جائیں

سحر
 
مانا کہ آج کل فیمنزم کا طوطی بول رہا ہے مگر یہ قلم مونث کب سے ہوگیا بھئی؟؟؟

ویسے آپ کی طبیعت کی موزونیت قابلِ داد ہے، بحر و اوزان کی زیادہ غلطیاں نظر نہیں آتیں۔

یک مرکز پہ جو جامد ہو نظر بن جائیں
برسیں اس طرح کی ہم بار گہر بن جائیں
پہلا مصرعہ واضح نہیں ہے؟ نظر کو جامد رکھنے کی بات ہورہی ہے یا خود کہیں مجمد ہوجانے کی؟ اگر اول الذکر معاملہ ہے تو پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ نظریں جامد کرکے کیا بن جائیں گے؟؟
اگر واقعہ ثانی الذکر ہے تو پھر جامد ہو کے بجائے ’’جامد ہوں‘‘ کہنا چاہیئے۔ مگر پھر سوال یہ اٹھتا ہے کہ نظر بن جانے کا کیا مطلب ہوا؟
دوسرے مصرعے میں ’’کی‘‘ نہیں ’’کہ‘‘ کا محل ہے۔

کو بہ کو درد ہے ماتم ہے فغاں ہے ہر سو
جو کرے دور الم ہم وہ اثر بن جائیں
یوں تو درست ہے، مگر پہلے مصرعے کی بندش مزید چست ہو سکتی ہے۔ دوبارہ فکر کر کے دیکھئے۔

منتشر نجم ہیں افلاک میں بے راہ بے نقش
اُن کو ترتیب دیں ایسے کہ مہر بن جائیں
نجوم کو افلاک میں میں ترتیب دینا کیا انسان کے بس میں ہے؟؟؟ اگر مقصود تقدیر سنوارنے کا مفہوم ادا کرنا ہے تو یہ الفاظ اس مفہوم سے کچھ زیادہ بعید معلوم ہوتے ہیں۔

چلو تعبیر کو دیں صورتِ تعمیر ایسی
ہم جو کنکر بھی اٹھائیں وہ گہر بن جائیں
درست ہے، ہاں اگر چلو کو آؤ سے بدل دیں تو روانی کچھ اور بہتر ہو جائے گی۔

تم نے بس آگ اگلتے ہوئے شعلے دیکھے
ہم وہ پتھر ہیں کہ پتھر پہ گریں اور شرر بن جائیں
دوسرا مصرعہ بحر سے خارج ہورہا ہے، کوئی ٹائپو رہ گیا ہے کیا؟
مفہوم بھی اتنا واضح نہیں ہوسکا۔

کچھ ہی گنتی کی لکیریں ہیں شرر بار یہاں
وہی اسطرح سے پھیلیں کہ سحر بن جائیں
سحر کے مقابل شب یا ظلمت شب نہیں ہونا چاہیے؟ شرر کا سحر سے کیا موازنہ بنتا ہے؟

دعاگو،
راحلؔ
 
آخری تدوین:

محمل ابراہیم

لائبریرین
بہت شکریہ راحل بھائی:)

قلم مذکر ہی ہے۔۔۔۔۔۔یہ محض ٹائپنگ کی غلطی کہی جا سکتی ہے۔

دراصل میں غزل کے پہلے مصرعے میں یہ کہنا چاہ رہی تھی کہ ہمیں اس نظر کے مانند ہونا چاہیئے جو ایک مطمح پر اپنی پوری توجہ مرکوز کر دیتی ہے ۔۔۔۔۔۔۔جب تک ہماری نگاہ ایک پوائنٹ پر ٹھہریگی نہیں ہم اسے کیسے حاصل کر سکیں گے۔

میں اس غزل پر دوبارہ غور سے غور کرونگی۔۔۔۔۔:)
 
الف عین

لائبریرین
راحل سے متفق ہوں میں بھی، البتہ تمہارا نام بہت مہمل لگا، کیا یہ محمِل ہونا تھا؟
 
محمل ابراہیم

لائبریرین
نہیں یہ مہمل ہی ہے ۔۔۔۔دراصل یہ میرا خود کا نام نہیں۔۔۔یہ نام نمرہ احمد کے ایک ناول (مصحف) کا مرکزی کردار ہے،جو مجھے اور میری رائے میں تمام قارئین کو بہت متاثر کیا ہوگا۔۔۔۔۔۔لہٰذا میں نے یہ نام اُردو محفل میں خود کے لیے تجویز کیا
 
تو شاید نمرہ احمد کی اردو ہی ماشاء اللہ ہے!
 
نہیں یہ مہمل ہی ہے ۔۔۔۔دراصل یہ میرا خود کا نام نہیں۔۔۔یہ نام نمرہ احمد کے ایک ناول (مصحف) کا مرکزی کردار ہے،جو مجھے اور میری رائے میں تمام قارئین کو بہت متاثر کیا ہوگا۔۔۔۔۔۔لہٰذا میں نے یہ نام اُردو محفل میں خود کے لیے تجویز کیا
مہمل کا مطلب تو بیکار، بے معنی، لغو، متروک وغیرہ ہوتے ہیں. اگر نمرہ صاحبہ نے یہ ہجے کئے ہیں تو ان کو سرخ سلام پیش :)
یہ بھی ممکن ہے کہ نمرہ صاحبہ کی دانست میں اس کا مطلب "جنت کا _______" ہو، جیسا کہ آج کل ہر "مہمل" نام کا مطلب گھڑ لیا جاتا ہے :)
 
محمل ابراہیم

لائبریرین
نام کے انتخاب میں غلطی کا امکان ہو سکتا ہے مگر اسے انکی اُردو کیسی ہے اسکا اندازہ کرنا میرے خیال سے درست نہیں۔۔۔۔۔۔

عین ممکن ہے خطا اس سے ہی ہوگی سرزد
خاک سے جسکی ہو تخلیق فرشتہ کیوں ہو
 
محمل ابراہیم

لائبریرین
مہمل کا مطلب تو بیکار، بے معنی، لغو، متروک وغیرہ ہوتے ہیں. اگر نمرہ صاحبہ نے یہ ہجے کئے ہیں تو ان کو سرخ سلام پیش :)
یہ بھی ممکن ہے کہ نمرہ صاحبہ کی دانست میں اس کا مطلب "جنت کا _______" ہو، جیسا کہ آج کل ہر "مہمل" نام کا مطلب گھڑ لیا جاتا ہے :)

جی معنی اچھا نہیں ہے۔۔۔۔
 
جی میں دنیا سے کیونکر ناراض ہوؤں۔۔۔دنیا تو لگ رہا ہے ہم سے ناراض ہو گئی ہے۔۔۔۔
ایسا نہیں ہے بہن، اللہ پاک آپ کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے.
دراصل جو اسم ہے اس کے ہجے محمل کے ہیں، میرا مشورہ ہے آپ بھی یہی ہجے استعمال کریں.
 
شکیب

محفلین
Top