سبق ڈاٹ پی کے (sabaq.pk)، خان اکیڈمی سے متاثر ہو کر، پاکستانی طالب علموں کو اردو میں آن لائن وڈیو ٹیوٹوریلز پیش کر رہا ہے۔
ڈیولپرز اور ماہر اساتذہ کی ٹیم کا یہ منصوبہ سبق ڈاٹ پی کے اسلام آباد کی ایک این جی او ہے جس کا مقصد آن لائن وڈیوز کے ساتھ پاکستانی طلبہ کو تعلیم دینا ہے۔
ریاضی کے ساتھ شروع ہو کر سبق ڈاٹ پی کے متعدد پاکستانی بورڈز کے ریاضی کے کورسز کی 400 سے زائد وڈیوز رکھتا ہے۔
سبق ڈاٹ پی کے ، جو محض ایک ہفتہ قبل لانچ کیا گیا، نے پروپاکستانی کو بتایا کہ وہ تعلیمی اداروں میں استعمال کی جانے والی نصابی کتب پر کام کر رہے ہیں – جن کی فہرست ویب سائٹ پر دستیاب ہے – جن کے تمام ابواب کے وڈیو ٹیوٹوریل ویب سائٹ پر موجود ہیں جن میں طالب علموں کو اپنے اسباق کی بہتر سمجھ اور ادراک کے لیے تمام تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔
سبق ڈاٹ پی کے نے پروپاکستانی کو بتایا کہ وہ ہر روز تیزی کے ساتھ نئی وڈیوز جاری کر رہے ہیں، لیکن ان کی موجودہ توجہ جماعت نہم اور دہم کے ریاضی کے اسباق پر رہے گی اور آنے والے دنوں میں مزید اسباق کا بھی احاطہ کیا جائے گا۔
ان کا منصوبہ طبیعیات، کیمیا، حیاتیات، انگریزی اور دیگر اسباق اور ساتھ ساتھ جماعت ہفتم، ہشتم، فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کی کلاسز کا احاطہ کرنا ہے۔ سبق ڈاٹ پی کے کہتا ہے کہ وہ وڈیو ٹیوٹوریلز کو اردو میں بنائے گا تاکہ پاکستانی طالب علموں کی اکثریت ان سے مستفید ہو سکے۔
فی الوقت وہ وڈیوز کو اپنی ویب سائٹ پر ہوسٹ کر رہے ہیں، لیکن سبق ڈاٹ پی کے کا ارادہ یوٹیوب اور دیگر چینل بھی استعمال کرنےکا ہے تاکہ وہ آنے والے دنوں میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کو سنبھال سکیں۔
سبق ڈاٹ پی کے نے کہا کہ وہ اشتہارات اور بیرونی فنڈنگ کے ذریعے اس ویب سائٹ کو چلانے کے اخراجات پورے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
انٹرنیٹ کی بڑھتی ہوئی رسائی کے ساتھ اس طرح کے آن لائن منصوبے ایسے طلبہ کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں جو اپنی تعلیمی ضروریات کے لیے اضافی مدد کے خواہاں ہوتے ہیں۔ اگر غور سے دیکھا جائے تو سبق ڈاٹ پی کے پاکستان کی خان اکیڈمی کی کامیاب کہانی کو دہرا سکتا ہے۔ یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ان گنت سماجی فوائد کے علاوہ اس طرح کی سروس کے لیے امکانات بہت زیادہ ہیں۔
سبق ڈاٹ پی کے یہاں پر دیکھئے: http://www.sabaq.pk
بشکریہ:پروپاکستانی
 

تلمیذ

لائبریرین
بہت ہی اچھا منصوبہ ہے۔ اسکولوں میں اس کی مناسب تشہیر ہونی چاہئے۔ آگے بڑھنے کے خواہشمند طلباء اس سے بہت زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
گِل صاحب شئیر کرنے کا شکریہ۔
 
بہت ہی اچھا منصوبہ ہے۔ اسکولوں میں اس کی مناسب تشہیر ہونی چاہئے۔ آگے بڑھنے کے خواہشمند طلباء اس سے بہت زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
گِل صاحب شئیر کرنے کا شکریہ۔
جی اس طرح کی اچھی اچھی خبریں شئیر کرنا تو میرا فرض بنتا ہے۔
 

الف نظامی

لائبریرین
پاکستانی طلباء کو عالمی معیار کے مطابق مادری زبان میں مفت تعلیم فراہم کرنے کے لیے کام کرنے والے ادارے "سبق" کے سربراہ اقبال مصطفی خان نے کہا ہے کہ انہوں نے دیار غیر میں رہ کر بھی وطن عزیز کے لیے تعلیم کے میدان میں کچھ مختلف کرنے کا اپنا خواب پورا کیا ہے۔ ایکسپریس کو دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ پاکستانی طلباء کے لیے برطانوی اور امریکی معیار تعلیم کو یہاں مادری زبان میں فراہم کر رہا ہے۔
نویں اور دسویں کے طلباء کے لیے ریاضی ، طبیعات ، کیمیا ، حیاتیات کے کورسوں کے اردو زبان میں لیکچر تیار کر کے ویب سائٹ پر ڈال دئیے ہیں تا کہ کوئی بھی کمزور سے کمزور طالب علم بھی عالمی معیار کے مطابق تعلیم سے محروم نہ رہے۔ ان کی ٹیوشن فیس سے جان چھوٹ جائے۔ او لیول کے طلباء کے لیے میتھ میٹکس ، فزکس اور کیمسٹری کے سلیبس کے اردو زبان میں لیکچر تیار کیے گئے ہیں۔
گزشتہ ماہ ستر ہزار طلباء نے ہماری ویب سائٹ کو ملاحظہ کیا۔
ہم نے صوبائی حکومتوں سے رابطہ کیا ہے کہ وہ ان لیکچرز کی ڈی وی ڈی کورس کے ہمراہ طلباء میں تقسیم کریں تا کہ تمام طلباء کو عالمی معیار کے مطابق یکساں تعلیم فراہم کی جاسکے۔
اقبال مصطفی خان نے کہا کہ جو کام ہم نے کیا ہے وہ یکساں نظام تعلیم کی بالکل صحیح عکاسی کر رہا ہے معاہدہ طے پانے کی صورت میں ہم صوبائی حکومتوں کو ہر کورس کی ایک ڈی وی ڈی کا ماسٹر پرنٹ دیں گے اور پھر صوبائی حکومت اس کی کاپیاں طلباء کو فراہم کریں گی۔
بحوالہ روزنامہ ایکسپریس 13 جنوری 2015
 
آخری تدوین:
Top