Jokamiehenoikeudet یعنی ہر بندے کے فطرت کے استعمال کے حقوق

قیصرانی

لائبریرین
فن لینڈ میں ہر انسان کو فطرت کے استعمال کے لئے جو بنیادی حقوق دیئے گئے ہیں وہ میں مختصراً یہاں لکھ رہا ہوں کہ ان کے بارے میں ایک اور جگہ پوسٹ کر چکا ہوں۔ یہ حقوق فن لینڈ میں رہنے والے ہر باشندے کو، چاہے وہ غیر ملکی ہی کیوں نہ ہوں، کو حاصل ہیں اور اس کے لئے انہیں کسی بھی فرد کی، چاہے وہ متعلقہ زمین کے مالک ہی کیوں نہ ہو؛ کی اجازت کی ضرورت نہیں اور نہ ہی اس کے لئے انہیں کسی رقم یا معاوضے کی ادائیگی کی ضرورت ہوتی ہے۔

جن کاموں کی اجازت ہے
1۔ پیدل، سائیکل پر یا سکیئنگ کرتے ہوئے آپ جنگل وغیرہ اور ہر اس جگہ سے گذر سکتے ہیں جس پر گذرنے سے منع کرنے کا نشان نہ لگا ہو اور ایسے کھیتوں سے بھی گذر سکتے ہیں جن میں بوائی نہ ہوئی ہو یا فصلیں موجود نہ ہوں کہ جنہیں نقصان پہنچے
2۔ اسی طرح آمد و رفت کی جگہوں پر آپ عارضی طور پر قیام بھی کر سکتے ہیں اور نزدیک ترین گھر سے مناسب فاصلے پر خیمہ وغیرہ بھی لگا سکتے ہیں
3۔ جنگل وغیرہ میں موجود کھمبیاں، بیریز اور پھول وغیرہ توڑ سکتے ہیں
4۔ بغیر بنسی کے مچھلی کا شکار کر سکتے ہیں (یعنی کسی درخت کی شاخ پر کانٹا اور ڈوری لگا کر مچھلی کا شکار کر سکتے ہیں)۔ اسی طرح کسی بھی جمی ہوئی جھیل میں سوراخ کر کے بھی مچھلی کا شکار کر سکتے ہیں
5۔ نہا سکتے ہیں اور کشتی رانی بھی کر سکتے ہیں ماسوائے وہ جگہیں جہاں اس کی مناہی کی گئی ہو

جن کاموں کی اجازت نہیں
1۔ کسی دوسرے انسان کو مندرجہ بالا کاموں سے روک نہیں سکتے اور نہ ہی ان کے لئے رکاوٹ بن سکتے ہیں
2۔ پرندوں کے گھونسلے اور ان کے بچوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے
3۔ رینڈیئر اور دیگر قابل شکار جانوروں کو تنگ نہیں کر سکتے
4۔ کھڑے درختوں کو کاٹ نہیں سکتے اور نہ ہی ان کی شاخیں توڑ سکتے ہیں اور نہ ہی گرے ہوئے درخت کو کاٹ سکتے ہیں اور نہ ہی کسی دوسرے بندے کی ملکیتی زمین میں خشک یا گیلی لکڑی جمع کرنے، موس وغیرہ اکٹھا کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے
5۔ اشد ضرورت کے علاوہ کسی دوسرے بندے کی ملکیتی زمین پر آگ نہیں جلا سکتے
6۔ دوسرے افراد کے گھروں کے انتہائی نزدیک جا کر یا شور مچا کر انہیں تنگ نہیں کر سکتے
7۔ گندگی نہیں پھیلا سکتے
8۔ زمین کی مالک کی مرضی کے بغیر مشینی گاڑیاں سڑک سے نیچے نہیں اتار سکتے
9۔ فشنگ راڈ کی مدد سے مچھلی یا کسی بھی طریقے سے دوسرے جانوروں کا شکار بغیر علیحدہ لائسنس کے نہیں کر سکتے
 

شہزاد وحید

محفلین
میرا خیال میں پاکستان میں بھی ایسے یا بہت سے دوسرے شہری حقوق کی لمبی فہرست ہوگی لیکن المیہ یہ ہے کہ ایک بہت بڑی تعداد کو ان حقوق کا دس فیصد بھی پتہ نہیں ہوگا۔
 

شمشاد

لائبریرین
اس کام کے لئے گڑھا کھود کر بھی تو کام چلایا جا سکتا ہے نا، لازمی تو نہیں کہ سر راہ بیٹھ کر ہی فراغت پائی جائے
جتنی دیر میں گڑھا کھودا جائے گا اتنی دیر میں تو ویسے ہی ۔۔۔۔۔۔۔۔

میرا خیال میں پاکستان میں بھی ایسے یا بہت سے دوسرے شہری حقوق کی لمبی فہرست ہوگی لیکن المیہ یہ ہے کہ ایک بہت بڑی تعداد کو ان حقوق کا دس فیصد بھی پتہ نہیں ہوگا۔

دس فیصد کا علم ہو یا نہ ہو، عمل کہاں ہوتا ہے۔ پاکستان میں تو جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہے۔ اور مزے کی بات یہ ہے کہ جن لوگوں کو دوسروں کے لیے رول ماڈل ہونا چاہیے وہی یہ خلاف قانون کام کرتے ہیں۔
 

عثمان

محفلین
اس کام کے لئے گڑھا کھود کر بھی تو کام چلایا جا سکتا ہے نا، لازمی تو نہیں کہ سر راہ بیٹھ کر ہی فراغت پائی جائے
گھڑا کسی پوشیدہ جگہ پر ہی کھودا جائے گا نا۔ لیکن پھر سوال یہ کہ گھڑا ہی کیوں کھودا جائے ؟ متعلقہ جگہ پر ویسے ہی کام نہ چلا لیا جائے ؟ :whistle:
میرے خیال سے آپ کسی اچھے سے وکیل سے مشورہ کریں۔ ایسا نہ ہو کہ میں کیمپنگ کے لئے فن لینڈ کے مرغزاروں میں پہنچوں اور گھڑے کھودتا رہوں۔ :shocked:
 

قیصرانی

لائبریرین
جس نے یہ کام کرنا ہے تو اس نے ویسے ہی اپنے کپڑوں میں بھی یہ کام کر لینا ہے کہ گڑھے تک کون جائے۔ کہتے ہیں نا کہ

کون روک سکا آج تک "سیل رواں" کو
 

عثمان

محفلین
چلئے گندی باتیں دفع کریں۔
اور ہمیں فن لینڈ کے بارے میں کچھ بتائیں۔ میرا مطلب ہے آپ کے ذاتی تجربات اور مشاہدات ، زبان ، لوگ ، ماحول وغیرہ۔ :)
 

قیصرانی

لائبریرین
فن لینڈ کے بارے تو بہت وسیع موضوع ہے۔ آپ اگر کچھ سوالات چن لیں تو جواب دینا آسان ہو جائے گا :)
 

عثمان

محفلین
فن لینڈ کے بارے تو بہت وسیع موضوع ہے۔ آپ اگر کچھ سوالات چن لیں تو جواب دینا آسان ہو جائے گا :)
معلومات وہ جو نیٹ پر باآسانی دستیاب نہ ہوں۔ ظاہر ہے یہ بڑی حد تک آپ کے ذاتی تجربات و مشاہدات ہی ہو سکتے ہیں۔
چلئے مقامی فِنِش زبان سے شروع کرتے ہیں۔ :)
کیسی ہے ؟ مشکل ؟ کتنا عرصہ لگا سیکھنے میں ؟ انگریزی سے کس طور منفرد ہے ؟ فِنش زبان اور تہذیب کا کوئی معروف ناول جس کا انگریزی ترجمہ دسیتاب ہو ؟
 

قیصرانی

لائبریرین
فننش زبان سیکھنے میں کچھ مشکل ہے کہ اس میں Of, from, to وغیرہ نہیں پائے جاتے۔ البتہ اس میں یہ ہوتا ہے کہ متعلقہ فاعل یا مفعول کے پیچھے دم چھلا لگا دیا جاتا ہے جو ٹو، فار، فرام وغیرہ کا کام دیتے ہیں۔ تاہم بعض جگہوں پر یہ بہت مشکل بھی ہو سکتی ہے کہ بہت ساری جگہوں پر آپ کو معلوم ہونا چاہیئے کہ کون سا اختتام لگے گا کہ ہر اختتام کا اصول نہیں موجود۔

اس زبان میں مستقبل کے لئے الگ سے فعل نہیں پایا جاتا بلکہ گفتگو اور فقرے کے سیاق سے سباق سے آپ کو اندازہ لگانا پڑتا ہے کہ یہ فعل حال ہے کہ مستقبل۔ اس کے علاوہ اردو کی طرح یہاں مذکر مونث کا اتنا چکر نہیں ہوتا انگریزی کی طرح ہی۔ تاہم جذبات کے اظہار کے لئے چاہے وہ لطیف ہوں کہ کثیف، بہت عمدہ زبان ہے۔ بہت زیادہ صوتی ہے کہ جیسے لکھیں گے ویسے ہی پڑھیں گے۔ تاہم اگر ہم ایک بندے کے سامنے اردو اور فننش رکھ دیں تو شاید وہ فننش کو آسان سمجھے سیکھنا۔

مزے کی بات یہ کہ فننش زبان میں اگر تھینک یو کے جواب میں آپ یو آر ویلکم کہنا چاہیں تو اس کا کوئی مترادف نہیں، البتہ متبادل مل جاتا ہے۔

دو کورسز تھے میرے لئے۔ پہلا ساڑھے چار ماہ اور دوسرا چھ ماہ۔ حالانکہ میں اپنے کورسز کے ساتھیوں میں سب سے پیچھے تھا پھر بھی ان دو کورسوں کے بعد میں نے امتحان میں 3 پوائنٹس لئے۔ 3 پوائنٹس کا مطلب ہے کہ عام روز مرہ کی بول چال اور فننش زبان میں تعلیم کا حصول وغیرہ میرے لئے مشکل نہیں رہے تھے۔ 5 یا 6 پوانٹس مادری زبان کے برابر ہوتے ہیں۔

فننش زبان کی سب سے پہلی کتاب Kalevala تھی جو 1888 میں شاید شائع ہوئی۔ اس جگہ اس کا انگریزی ترجمہ موجود ہے۔ اس کتاب کے متن کو Elias Lönnrot نے ملک بھر میں جگہ جگہ گھوم کر جمع کیا تھا اور اس میں لوک کہانیاں وغیرہ موجود ہیں۔ اسے فننش ساگا بھی کہتے ہیں۔ اس کے بارے عام معلومات یہاں وکی پیڈیا پر موجود ہیں۔

میں نے کوشش کی ہے کہ ٹو دی پوائنٹ اور مختصر جواب دوں۔ تاہم اگر کوئی بات تشنہ رہ جائے یا مزید اس بارے کچھ پوچھنا چاہیں تو پوچھ لیں۔ یا پھر اگلا سوال :)
 

قیصرانی

لائبریرین
2011 کی سردیوں میں فننش لیپ لینڈ میں بنائی گئی یہ اشتہاری وڈیو ہے جو وزٹ فن لینڈ نامی یوزر نے یو ٹیوب پر پیش کی ہے۔ اس پر ایک نظر ڈال لیں۔ اگر ممکن ہو تو اسے فل سکرین پر چلائیے گا

 

عثمان

محفلین
بہت خوب !
دلچسپ تفصیلات ہیں۔ :)
میں ماضی میں فرانسیسی زبان سیکھنے کی کوشش کر چکا ہوں۔ دو ابتدائی کورسز کئے تھے اور بمشکل ہی پاس ہوسکا تھا۔ بڑی وجہ ایک تو یہ تھی کہ کسی بھی زبان کو سیکھنے کے لئے اس کمیونٹی میں رہنا ضروری ہے جہاں یہ بولی جاتی ہو۔ ورنہ آپ محض اصول گرائمر تو سیکھ لیتے ہیں لیکن کلام پر دسترس نہیں حاصل کرپاتے۔ فرانسیسی زبان میں ایک اور مشکل اس کے الفاظ کی ادائیگی ہے۔ جو بعض اوقات بڑی پیچیدہ ہوجاتی ہے۔ مثلا الفاظ کے آخر میں Consonant نہیں بولے جاتے۔ اس کے علاوہ اردو کی طرح ہر لفظ مذکر مونث میں منقسم ہے۔ اب اردو الفاظ تو ہم بچپن سے بولتے آئے ہیں لیکن فرانسیسی میں بڑی دقت ہوتی ہے۔ کہ بنا کسی اصول کے آپ کو محض رٹا مارنا ہے کہ کونسا لفظ مذکر اور کونسا مونث۔ مجموعی طور پر بڑی نفیس زبان ہے۔ اگر سیکھ لیتا تو فرانسیس ادب کی دنیا ظاہر ہوجاتی۔

نئی زبان سیکھتے وقت گرائمر کے اصول تو آپ سیکھ لیتے ہیں۔ اصل دقت انداز کلام اور فرہنگ کی صورت میں پیش آتی ہے۔ آپ نے اس پر کیسے قابو پایا ؟ کیا مقامی لوگ آپ کا لہجہ باآسانی سمجھ لیتے ہیں ؟ فرہنگ کو رٹا مارنے میں مشکل نہ ہوئی ؟
مذکورہ کتب لائبریری سے ڈھونڈنے کی کوشش کرتا ہوں۔ اگر ایک ناول موجودہ دور کے فن لینڈ پر بھی مل جائے تو خوب ہے۔ :)
 

قیصرانی

لائبریرین
مذکورہ کتب لائبریری سے ڈھونڈنے کی کوشش کرتا ہوں۔ اگر ایک ناول موجودہ دور کے فن لینڈ پر بھی مل جائے تو خوب ہے۔ :)
ان کتب کے لنکس تو میں نے آن لائن سائٹس سے دے دیئے تھے کہ آپ براہ راست چاہیں تو پڑھ لیں یا پھر اتار لیں

فننش لہجہ ایسا ہے کہ ہماری اردو سے بہت مماثل ہے۔ اگر ایک بندہ جسے اردو اور فننش نہ آتی ہو تو وہ شاید دونوں کو سن کر فرق نہ کر سکے۔ اس وجہ سے میرا لہجہ کافی حد تک فننش ہی محسوس ہوتا ہے۔ البتہ روسی یا اسٹونین جب فننش بولتے ہیں تو واضح فرق محسوس ہوتا ہے

فننش زبان کے کورس میں ہمیں سب سے پہلے سننے کو ملا پھر بولنا پھر پڑھنا اور پھر لکھنا، یعنی جیسے ایک چھوٹا بچہ پہلے سنتا اور دیکھتا ہے، پھر بولنا شروع کرتا ہے پھر پڑھنا اور پھر لکھنا، تو اسی طرح سے ہمیں پڑھایا گیا تھا اور ساتھ آڈیو سی ڈیز بھی دی گئی تھیں جنہیں ہم بار بار سنتے تھے۔ اس سے بہت مدد ملی

فرانسیسی سیکھنے کا مجھے بھی جنون تھا لیکن جب تک آپ ایسی جگہ نہ رہیں کہ زبان مستقل بولنے کو ملے تو سیکھنا مشکل ہوتا ہے۔ مجھے اسی وجہ سے آسانی ہوئی ہے سیکھنے میں کہ میرے ارد گرد فننش ہی ہر جگہ چلتی ہے۔ انگریزی کو لوگ کافی حد تک بول اور سمجھ لیتے ہیں لیکن پھر بھی ریڈیو، ٹی وی اور ہر جگہ فننش سنائی دے تو سیکھنا بہت آسان ہو گیا تھا

فرہنگ کا ہمارے کورسز میں کافی کچھ تھا، اس لئے تو مجھے آگے بڑھنے میں زیادہ دقت نہیں ہوئی تھی۔ البتہ یہ ہے کہ جتنا زیادہ الفاظ آپ سیکھیں گے اتنا ہی آسانی ہوگی۔ ابھی تو یہ صورتحال ہے کہ کئی لوگ فننش میں مجھ سے بات کرتے ہوئے اچانک انگریزی میں پوچھتے ہیں کہ وہ کیا لفظ ہے فننش کا۔۔۔ اور میں اکثر بتا دیتا ہوں
 

قیصرانی

لائبریرین
موجودہ دور کا فن لینڈ کے عنوان پر ناول تلاش کروں گا۔ اگر مل گیا تو لازمی بتا دوں گا لیکن اس کی گارنٹی نہیں ہے
 

عثمان

محفلین
ان کتب کے لنکس تو میں نے آن لائن سائٹس سے دے دیئے تھے کہ آپ براہ راست چاہیں تو پڑھ لیں یا پھر اتار لیں
جی ہاں لیکن پہلی کتاب شاعری کا مجموعہ دیکھائی دے رہی ہے۔ جبکہ دوسری کتاب کا لنک ایمازان کا ہے۔ :)

موجودہ دور کا فن لینڈ کے عنوان پر ناول تلاش کروں گا۔ اگر مل گیا تو لازمی بتا دوں گا لیکن اس کی گارنٹی نہیں ہے

کوئی بات نہیں۔ جتنا چاہے وقت لیجئے۔ :)
 
Top