ہے پریت جہاں کی ریت سدا

عندلیب

محفلین
Animated-Flag-India.gif

ہندوستان نے 15 اگست 1947 کو آزادی حاصل کی تھی اور 26 جنوری 1950 کو ملک کا آئین تخلیق کیا گیا ، جس کے مطابق ہندوستان ایک خود مختار جمہوری مملکت قرار دیا گیا ۔ ایک جمہوری ملک کے لیے اس کا آئین بہت وسیع معنی رکھتا ہے کہ یہی آئین ملک کے عوام کو تمام حقوق اور قوانین فراہم کرتا ہے جس کی بدولت جمہوریت کا نظام برقرار ہے۔

ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی صدارت میں بنایا گیا ہندوستانی آئین 395 دفعات اور 8 شیڈول کے ساتھ دنیا میں سب سے بڑا تحریری آئین تھا جو آج مزید وسعت اختیار کر چکا ہے۔
26 جنوری 1950 کو آئین کے لاگو ہونے کے ساتھ ہی ڈاکٹر راجندر پرساد نے گورنمنٹ ہاؤس کے دربار ہال میں ہندوستان کے پہلے صدر کے طور پر حلف اٹھایا اور اس کے بعد 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ پرچم لہراتے ہوئے ہندوستان کے ایک مکمل جمہوری ملک ہونے کا اعلان کیا تھا۔ وہ تاریخ میں شمار کیا جانے والا سنہرا لمحہ تھا۔ جس کے بعد سے ہر سال اس دن کو قومی تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس دن پورے ملک میں قومی تعطیل کا اعلان ہوتا ہے۔ یہ قومی تہوار ہمیں اپنے ملک کے ان تمام شہیدوں کی بےلوث قربانی کی بھی یاد دلاتا ہے ، جنہوں نے آزادی کی جدوجہد میں اپنی قیمتی زندگیاں قربان کیں اور غیر ملکی حملوں کے خلاف عظیم تر فتوحات بھی حاصل کیں۔

یوم جمہوریہ (Republic Day) ہندوستانیوں کے جمہوریت پسند ہونے کی نہ صرف شناخت ہے بلکہ یوم جمہوریہ ہندوستان کے لئے طاقت کے مظاہرہ کا بھی میدان ہے ۔ عوام کے لئے یوم جمہوریہ کا سب سے اہم حصہ اس کی پریڈ ہوتی ہے ۔ اس دن انڈیا گیٹ پر رنگا رنگ پروگراموں کے درمیان فوج کی مختلف النوع ٹکڑیاں صدر کو سلامی دیتے ہوئے گزرتی ہیں۔ وجے چوک سے لے کر لال قلعہ تک گویا پورا ہندوستان اپنی شان و شوکت ، قدرت اور صلاحیت کا مظاہرہ کرتا ہے ۔ یہ کارکردگی اس ہندوستان کی علامت ہے جس نے انگریزوں کی غلامی سے آزادی حاصل کی۔ یوم جمہوریہ کی مخصوص جھانکی حقیقی معنوں میں وطن کے مختلف قوم ، قبائل ، زبان ، مذہب و تہذیب کے درمیان یکجہتی کی نمائندگی کرتی ہے۔ ہر ہندوستانی کو اس جھانكی پر فخر ہوتا ہے ۔

تمام ہندوستانیوں کی تمنا ہے کہ آنے والے برسوں میں بھی ہم اپنی جمہوریت کا یہ عظیم تہوار اسی دھوم دھام سے مناتے رہیں۔

وطن ہمارا ایسے نہ چھین پائے کوئی
رشتہ ہمارا ایسے نہ توڑ پائے کوئی
دل ہمارے ایک ہیں ایک ہے ہماری جان
ہندوستان ہمارا ہے ہم ہیں اس کی شان

تمام ہندوستانیوں کو یوم جمہوریہ ہند بہت بہت مبارک ہو!
 
آخری تدوین:
Top