بہت ہی اچھا سوال ہے۔ میں پاکستان میں کراچی اور اسلام آباد میںرہ چکا ہوں۔ سعودی عرب میں ریاض میں ۔ امارات میںدبئی میں ، ہالینڈ میں اوتریخت میں اور امریکہ میں اوہایو، کیلیفورنیا اور ٹیکساس، یہ وہ جگہیں ہیں جہاں کم از کم ایک سال ملازمت کی وجہ سے رہا۔ اس کے علاوہ گھومنے پھرنے میں انگلینڈ، بلجیم، کویت، سنگاپور اور جرمنی کام کے سلسلے میں گیا۔
ان تمام جگہوں پر گھوم پھر کر اور رہ کر میں نے دیکھا کہ رہنے کے لئے سب سے بہترین ملک امریکہ ہے ۔ میرا ووٹ ٹیکساس کے لئے ہوگا، اس ملک میں روزگار کے بہترین مواقع، رہنے کے لئے ایک بہترین معیار، تعلیم کے لئے بہترین یونیورسٹیز ، تمام انفرا سٹرکچر بہت ترقی یافتہ اور امن و سکون بہت زیادہ ہے۔ پھر سب سے بڑھ کر یہاں مذہب کی پابندی نہیں ہے۔ آپ اپنے مذہب پر بہت ہی آسانی سے عمل کرسکتے ہیں۔
یہ دیکھئے ہوسٹن میں مسجدوں کی تعداد اور یہی نہیں
آئی ایس جی ایچ کی مساجد اس کے علاوہ ہیں
ہیوسٹن سے کم از کم 6 اردو ریڈیو سٹیشن اپنی نشریات کرتے ہیں جن میں سے 2 عدد فل ٹائم اردو (پاکستانی) اور ایک عدد ہندی (ہندوستانی) چینل ہے۔ پاکستان کمیونٹی سینٹر کے اہتمام مشاعرے اور دوسرے ثقافتی پروگرام ہوتے رہتے ہیں۔ گویا ایک امن و سکون کے ساتھ ترقی یافتہ ملک میں اپنی ثقافت اور اپنی زبان کے مزے لوٹنے ہوں تو آپ ہیوسٹن کو کراچی سے کم نہیں پائیں گے ۔
آپ
بندو خان کباب ہاؤس
صابری نہاری
کے علاوہ تقریباً 450 سے زائد پاکستانی ریسٹورانٹ کے مزے لوٹ سکتے ہیں
اس پر مزا یہ ہے کہ آپ کم از کم 6 عدد پاکستانی اردو اخبارات جو کہ بالکل مفت ہیں کے مزید مزے لوٹ سکتے ہیں ۔ اور اگر آپ کی اچھی جاب ہے تو صاحب ، امریکی پے چیک کے مزے اس چھوٹے سے پاکستان میں لے سکتے ہیں۔ موسم بھی کراچی والا ہے اور بندرگاہ بھی موجود ہے لیکن بہت ہی ترقی یافتہ ۔ اور اگر آپ کا کاروبار ہے تو آپ کے دہرے مزے۔ کہ آپ کے خریداروں کی قوت خرید امریکہ والی ، منافع امریکہ والا اور ٹقافت اور زبان کراچی والی۔ یہاں مولویوں کے جھگڑے بھی ہیں اور دھواں دھار تقریریں بھی۔
اگر آپ پاکستان وزٹ کے لئے جانا چاہیں تو ایک ڈائریکٹ فلائٹ دبئی جاتی ہے جو 15 گھنٹے میں یہاں سے دبئی اور مزید 2 گھنٹے بعد کراچی۔
تو پھر آپ کب آرہے ہیں ہیوسٹن ؟
والسلام