"و" کے ذریعے تشکیل پانے والے مرکبات

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
ڈاکٹر شان الحق حقی نے ’’فرہنگِ تلفظ‘‘ میں ’’روح و رواں‘‘ لکھا ہے اور اس کے مرکب عطفی ہونے کا اشارہ دیا ہے۔
(صفحہ نمبر 580) تاہم اس کے آگے قوسین میں (روح رواں) لکھا ہے۔ بمعانی: ’’جان و جوہر، کسی تحریک یا تنظیم کی سب سے مؤثر شخصیت‘‘ اور اس کو اسم صفت قرار دیا ہے۔

’’رواں‘‘ (فارسی) کا معنی ’’جوہر‘‘ یا ’’جان‘‘ ہونا میرے علم میں نہیں۔ لہٰذا مجھے اس کو ’’روح و رواں‘‘ ۔ بمعانی: ’’جان و جوہر، کسی تحریک یا تنظیم کی سب سے مؤثر شخصیت‘‘ تسلیم کرنے میں تامل ہے (مرکبِ توصیفی کی علامت زیر ہے واو نہیں)۔

مذکورہ بالا معانی کے مطابق درست ترکیب (مرکب توصیفی) ’’روحِ رواں‘‘ ہونا چاہئے۔

جناب قیصرانی صاحب، محترمہ سیدہ شگفتہ

السلام علیکم

یہ ایک دلچسپ بحث ہے، یہاں کافی وقت پہلے اس پر بات ہوئی تھی، اس کے مرکب عطفی ہونے میں تو شک نہیں ہے تاہم اسے مرکب توصیفی بھی سمجھا جاتا ہے (ایک خیال یہ بھی ہے کہ اس کا مرکب توصیفی کے طور پر مستعمل ہو جانا غلط العام ہونے کے سبب سے ہے دراصل)
 

انتہا

محفلین
حفظانِ صحت و صفائی کے بارے میں کیا خیال ہے؟ میرے خیال سے حفظانِ صحت اور صفائی ہونا چاہیے۔
 
یہ ایک دلچسپ بحث ہے، یہاں کافی وقت پہلے اس پر بات ہوئی تھی، اس کے مرکب عطفی ہونے میں تو شک نہیں ہے تاہم اسے مرکب توصیفی بھی سمجھا جاتا ہے (ایک خیال یہ بھی ہے کہ اس کا مرکب توصیفی کے طور پر مستعمل ہو جانا غلط العام ہونے کے سبب سے ہے دراصل)

معذرت خواہ ہوں، محترمہ سیدہ شگفتہ ۔

میرا نکتہء نظر آپ سے میل نہیں کھاتا۔ یہ اصولی طور پر مرکب توصیفی ہے ’’روحِ رواں‘‘ (چلتی ہوئی ہوا) یہی معانی ڈاکٹر شان الحق حقی نے تسلیم کئے ہیں۔ رواں (فارسی) صفت اور روح (عربی) موصوف۔ یہ ’’غلط العام‘‘ بہر حال نہیں ہے!

زبان کے معاملات ہیں، جو میں نے درست جانا اور سمجھا، اس کی وضاحت کر دی۔ بہت آداب۔
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
السلام علیکم

یہ ایک فطری امر ہے، زبان پہلے تشکیل پاتی ہے اور اصول و قواعد بعد میں، اس بنا پر نکتہ نظر میں اختلاف ممکن ہے اور فطری عمل بھی۔ محققین ایسی صورت میں موجود تمام نکتہ ہائے نظر کو اپنی تحقیق میں شامل کر دیتے ہیں تاکہ تحقیق کا راستہ کھلا رہے۔

ایک مماثل ترکیب نظر سے گزری اسے شیئر کر رہی ہوں۔ اگر ایسی مزید تراکیب دستیاب ہو سکیں تو پس منظر جاننے میں مددگار ثابت ہوسکیں گی۔

بادا ز ابتدائے سخن تا بہ انتہا
صلوات بر روانِ روان بخش مصطفیٰ
 
Top