وکی پر کام کرنا

قیصرانی

لائبریرین
پیارے دوستو۔ میری ذاتی رائے “شریف“ میں اردو محفل کی لائبریری پر کام کرنے کے حوالے سے دو متبادل طریقے موجود ہیں

1۔ آپ اپنے کمپیوٹر پر کسی کتاب کا باب یا کوئی مضمون ایم ایس ورڈ میں یا کسی اردو ایڈیٹر میں لکھ کر اسے محفوظ کر لیتے ہیں۔ بعدازاں محفل پر لاگ ان ہو کر مطلوبہ دھاگے پر اسے کاپی پیسٹ کر دیتے ہیں

2۔ اردو محفل پر لاگ ان ہو کر لائبریری میں چلے جاتے ہیں، وہاں نیا پیغام کھول کر مضمون یا کتاب کا کوئی باب لکھنا شروع کر دیتے ہیں
ہر دوست کے کام کرنے کا اپنا طریقہ ہوتا ہے جو وہ اپنے فارغ وقت، اپنی آسانی اور اردو محفل سے اپنی واقفیت کی بنا پر اختیار کرتے ہیں۔ اسی طرح‌ آج کل ہم دوست اردو محفل کے وکی پر کام کرنے کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ تو اس سلسلے میں‌ بہت سی باتیں ہیں جو جواب طلب ہیں۔ بہت سے دوستوں کو اس بات علم نہیں‌ہے کہ وکی پر کام کرنا کیا ہے؟ یا کسی دوسرے دوست کے “خوف ناک“ تجربے سے انہیں ‌بھی ہمت نہیں‌ ہوتی۔ آپس کی بات ہے کہ ابھی اس ہفتے سے قبل میں‌ بھی کچھ ایسے ہی خیالات رکھتا تھا۔ تھا اس لیے کہا کہ میں نے سوچا کہ یار وکی آخر ہے کیا بلا؟ اس پر کام کرنے سے دوست اتنا کیوں گھبراتے ہیں، اور ایڈمن اس پر کام کرنے پر کیوں‌ زور دیتی ہے؟ کیا ایڈمن کا پسٍ پردہ نکتہ دوستوں کو اس محفل سے اور اس وکی سے دور رکھنا ہے؟ لیکن یہ سوال میرے “ننھے“ سے ذہن میں نہ سما سکا۔ کہ یہ بہت نادان سا سوال تھا :)

خیر میں‌ نے جب دو ہفتے قبل لائبریری سنبھالی تھی تو آپ کو یاد ہوگا کہ تب سے لے کر تین دن قبل تک، یعنی قریباً دس دن میں‌ بالکل خاموش رہا۔ لائبریری کا کام تقریباً ٹھپ ہو گیا تھا۔ یہ میری پلاننگ کا حصہ تھا۔ میری عادت ہے کہ کوئی بھی نئی ذمہ داری لینے سے پہلے اور اس کے بعد میں خاموش ہو کر جائزہ لیتا ہوں‌ کہ موجودہ طریقہ کار کیسے چل رہا ہے۔ پھر اس طریقے کو چلنے دیتا ہوں صرف مطلوبہ تبدیلیاں کرتا ہوں۔ تاکہ دیگر دوستوں کو کام کرنے میں‌ کم سے کم مشکلات ہوں۔

محفل پر لائبریری کے حوالے سے مندرجہ ذیل باتیں پتہ چلیں

1۔ کتب کا انتخاب
2۔ انہیں‌ سکین کر کے دوستوں تک پہنچانا
3۔ انہیں برقانا
4۔ محفل کی لائبریری پر پوسٹ کرنا
5۔ انہیں پروف ریڈ کرنا
6۔ پھر اسے وکی پر منتقل کرنا

لیکن ابھی تک مجھے اس محفل پر 1 سے لے کر 5 تک کام ہوتا دکھائی دیا۔ وکی پر منتقلی کا کام نہیں ہوا جو اس پراجیکٹ کا بنیادی مقصد تھا۔ اس کی کیا وجوہات تھیں، اس پر میں کوئی رائے نہیں دوں‌گا کہ ابھی اردو ڈیجیٹل لائبریری پر کام کی ابتداء ہے۔

اس دوران بہت ہی مخلص دوستوں اور بہت ہی محبت کرنے والے دوستوں سے رابطہ ہوا۔ میں‌ اور جویریہ لائبریری کے معاملے میں‌ سب سے جونیئر ہیں۔ لیکن یہ آپ دوستوں کی مہربانی ہے کہ ہمیں‌ بہت یہ اہم ذمہ داریوں یعنی پروف ریڈنگ اور وکی پر منتقلی کا کام سوپنا۔ ہم نے اپنی حد تک پوری کوشش کی ہے کہ کوئی کوتاہی نہ ہو۔ لیکن ہم عام انسان ہیں۔ کوئی بھی عام انسان خطا یا خامی سے مبرا نہیں‌ ہے۔

ابھی کچھ دیر میں اسی دھاگےپر میں انشاء اللہ وکی پر کام کرنے کے لیے ایک مضمون پوسٹ کرتا ہوں۔ آپ سب دوستوں سے درخواست ہے کہ اس مضمون کو پڑھیں۔ اور پڑھ کر رائے دیں، سوالات کریں، اپنے خدشات کو ظاہر کریں۔ کوئی بھی تجویز فائنل نہیں ہوتی۔ اگر میں آپ کی اچھی تجاویز کو نہ اپنا سکوں، یا آپ کے سوالات کے جوابات نہ دے سکوں، یا آپ کے خدشات کو دور نہ کر سکوں تو میرے لیے یہ بہت افسوس کا مقام ہوگا۔

میری نزدیک کام کرنے کا یہ مطلب نہیں‌ ہوتا کہ میں اپنی ذات کو نمایاں‌کروں۔ میری ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ کام شروع ہو، بہت اچھے طریقے سے آگے بڑھے۔ دوسرا یہ کہ جونہی کام شروع ہو، زیادہ سے زیادہ دوستوں کو اس میں شریک کیا جائے۔ یعنی انہیں‌ اس قابل بنایا جائے کہ ہر بندہ اپنی جگہ پر ایک مکمل ٹیم کی صورت اختیار کر جائے تاکہ ایک دوست کی غیر موجودگی سے کام متائثر نہ ہو۔ پھر مستقبل میں ہر دوست مزید دوستوں‌ کو ٹرینڈ کرے گا۔ وہ دوست مزید دوستوں کو اور اس طرح ایک اچھا سلسلہ جاری رہے گا، انشاء‌اللہ۔

بےبی ہاتھی
 

قیصرانی

لائبریرین
پیارے دوستو، وکی کا بنیادی مقصد تمام انٹر نیٹ صارفین کو بلا معاوضہ کتب اور معلومات مہیا کرنا ہیں۔ اس سلسلے میں‌ہر دوست کو اجازت ہے کہ وہ کسی بھی کتاب کو اس کے ناشر اور مصنف سے اجازت لے کر برقا کر وکی پر رکھ سکتے ہیں۔ اس محفل پر بھی وکی موجود ہے۔ ہماری پیاری محفل کے ایڈمن حضرات نے ڈیجیٹل اردو لائبریری پراجیکٹ اسی نیت سے شروع کیا تھا کہ کتب کو برقا کر، اور ان کو پروف ریڈ کر کے وکی پر رکھا جائے گا۔ اور وکی انہیں پوری دنیا کے انٹر نیٹ صارفین تک بلا معاوضہ پہنچائے گا۔

آج محفل کی پہلی سالگرہ ہے۔ اس ایک سال میں بہت ہی مخلص اور بہت ہی بے لوث دوستوں نے محنت کر کے بہت سی کتب کو برقا کر اور پروف ریڈ کر کے فائنل شکل دے دی ہے۔ اب یہ کام وکی پر منتقلی کے مرحلے تک آ پہنچا ہے۔ جو کتب مکمل ہو چکی ہیں وہ وکی کا حصہ بننے جا رہی ہیں۔ ابھی جناب محب علوی صاحب نے زاویہ 1 اور جنابہ ماوراء‌نے زاویہ 2 کو کامیابی سے وکی پر منتقل کر دیا ہے۔ یہ کام انہوں نے دو دن میں مکمل کیا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ کچھ دوستوں کو یہ بات عجیب لگےکہ اتنا سا کام تھا اور دن لگ گئے۔ تو پیارے دوستو، اس دو دن میں‌ انہوں نے کتب کو ہی منتقل نہیں کیا بلکہ وکی پر کام کرنا بھی سیکھا ہے۔ یعنی دو دن میں انہوں نے تھوڑا بہت وقت نکال کر نہ صرف وکی کو سمجھا، بلکہ اس پر کام کرکے بھی دکھایا کہ کوئی بھی کام مشکل یا ناممکن نہیں ہوتا۔ :) جناب محب علوی اور جنابہ ماوراء‌کو میری طرف سے خصوصی مبارکباد۔

بہت سے دوست یہ سوچ رہے ہیں کہ وکی پر کتب کو رکھنا کیوں‌ بہتر ہے؟ جبکہ اردو ویب کی محفل بھی تو یہی کام بہت حد تک کر رہی ہے؟ کتب کو وکی پر کیوں رکھا جائے؟ انہیں‌ وکی پر کیوں‌ پروف ریڈ کیا جائے؟ انہیں وکی پر ہی کیوں دیگر صارفین تک پہنچایا جائے۔ اسی نوعیت کے بے شمار سوالات ہیں جو ہمارے ذہنوں میں جنم لے رہے ہیں۔

پہلی بات تو یہ کہ اردو ویب پر کتب یا مضا مین عموماً بغیر کسی ترتیب کے ہوتے ہیں۔ یعنی کسی دوست نے اپنا کام جلدی مکمل کر لیا اور کسی نے تھوڑا سا آرام سے کام کیا۔ تو تسلسل نہیں رہتا۔ دوسرا کتاب کا باب یا مضمون پیغامات کی صورت میں‌ لکھا ہوتا ہے۔ ان کو اپ ڈیٹ کرنا یا مینیج کرنا ہر دوست کو آسان نہیں لگتا۔ بہت سے دوست اس بات کا ہو سکتا ہے کہ برا منائیں‌ کہ دوسرا دوست کیوں میری لکھی ہوئی پوسٹ کو ایڈیٹ کر رہا ہے وغیرہ وغیرہ۔ کتب کو وکی پر رکھنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ تمام دوستوں یا تمام دنیا کو اس کی بلا قیمت اور بلا روکاوٹ فراہمی۔ اور اسی طرح اگر کوئی دوست اس میں اضافہ یا تبدیلی کرنا چاہے تو اسے کوئی مسئلہ نہ ہو۔ اس کے علاوہ محفل پر اگر کوئی ڈیٹا یا پیغام ضائع ہو جائے تو ایڈمن سے رابطہ کرنا ہوتا ہے۔ ایڈمن سے بیک اپ سے ڈیٹا کو واپس لانے کی درخواست کی جاتی ہے۔ لمبا پراسیس ہوتا ہے۔ وکی پر ایک سہولت بہت عمدہ ہے کہ وہاں Versioning یعنی ہر بار کی گئی تبدیلی کا ریکارڈ رکھنا ہے۔ یعنی اگر میں نے کوئی مضمون لکھا۔ بعد ازاں اس میں تبدیلی کرتے ہوئے میں‌ اس ڈیٹا کو ڈیلیٹ کر بیٹھا، یا کوئی دوسری بڑی غلطی کر گیا، تو صرف پیج ہسٹری پر کلک کرکے تبدیلی کو ختم کر سکتا ہوں۔ وکی پرپروف ریڈ کرنے کے لیے کوئی بھی دوست یہ کام کر سکتا ہے۔ محفل پر وہی پیغامات پوسٹس کی صورت میں‌ ہیں۔ چھوٹی سی ونڈو کھلتی ہے جس پر کام کرنا ہوتا ہے۔ یہ چھوٹی سی ونڈو گپ شپ کے لیے تو بہت اچھی ہے، لیکن کتب کی پروف ریڈنگ کا کام بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ دوسرا کوئی ترتیب نہیں ہوتی۔ یعنی ایک باب پہلی پوسٹ پر، تو 19واں باب دوسری پوسٹ پر۔ اسی طرح ایک باب سے دوسرے تک جانا، ان کا لنک دینا وغیرہ بہت دقت پیش کرتے ہیں (دقت اس لیے کہ وہی کام وکی پر کیسے کیا جاتا ہے، اگلی پوسٹ پر دیکھیں)

بےبی ہاتھی
 

قیصرانی

لائبریرین
پیارے دوستو، وکی پر کام کرنے کے لیے آپ کو وکی کے ساتھ رجسٹر ہونا چاہیے۔ لیکن چونکہ آپ محفل کے رکن ہیں تو آپ کو وکی پر علیحدہ سے رجٹریشن کی ضرورت نہیں ہے۔ اسی فورم یعنی محفل کے دائیں‌ طرف جہاں اس محفل کے لنک دیے گئے ہیں، اس کے نیچے دیکھیں وکی کے نام کا ایک کالم دکھائی دے گا۔ جس میں مندرجہ ذیل روبط شامل ہیں۔

صفحہ اول (وکی کا ابتدائی صفحہ)
زمرے (کون کون سے زمرے اس وقت وکی میں شامل ہیں)
صفحات کی فہرست (تمام پوسٹس کی حروف تہجی کے لحاظ سے ترتیب اور ان کے روابط)
حالیہ تبدیلیاں (گزشتہ چند دنوں میں گئی تبدیلیاں، یعنی نئی پوسٹس، پرانی پوسٹس میں کی گئی تبدیلیاں، اپ ڈیٹ کرنا وغیرہ)
حالیہ تبصرے‌ (وکی پر کیے گئے کاموں پر حال ہی میں دیے گئے تبصرہ جات)

وکی پر کام کی ابتداء کے لیے سب سے پہلے وکی کےصفحہ اول پر کلک کریں۔ ایک نیا صفحہ کھل کر سامنے آئے گا۔ اس میں جہاں یہ پیغام لکھا ہو، اس جگہ پر جائیں

وکی پر نیا صفحہ بنائیں
“صفحے کا عنوان (جو کیمل کیس میں ہو) نیچے لکھیں اور بٹن دبا دیں۔ جو نیا صفحہ کھلے گا اس میں آپ صفحے کا مواد لکھ سکتے ہیں۔“


اس کے نیچے ایک خالی ڈبہ دیا ہوا ہوگا۔ اب آپ جس مضمون کو یا جس کتاب پر کام کرنا چاہ رہے ہیں، اس کا نام لکھیں۔ نام لکھنے کے لیے یہ احتیاط رہے کہ یہ نام انگریزی میں ہونا چاہیئے۔ دوسرا نام میں کوئی خالی جگہ نہ ہو۔ خالی جگہ نہ ہونے سے نام میں‌ ابہام یعنی مشکل پیدا سکتی ہے کہ کوئی دوست کس طرح سے پڑھے اور کوئی دوست کس طرح سے۔ تو اس مشکل کے خاتمے کے لیے ہم ہر نئے لفظ کو پہلے سے ملا کر لکھتے ہیں، لیکن اس کا ابتدائی لفظ بڑا لکھ دیتے ہیں۔ جیسے ایک مثال ہے

My first book

اب اس کو ہم بغیر خالی جگہ کے لکھیں تو کچھ ایسے ہوگا

Myfirstbook

اب یہ نام لکھنا اور پڑھنا کافی مشکل ہے، تو اس کو وکی پر کچھ ایسے لکھا جائے گا

MyFirstBook

اب دیکھیں کہ خالی جگہ کے نہ ہونے سے بھی کوئی خاص فرق نہیں پڑتا، کیونکہ ہر نئے لفظ کا آغاز ایک کیپیٹل لفظ سے ہو رہا ہے۔ اس طرح کسی بھی نام کو لکھنا کیمل کیس کہلاتا ہے۔

جب آپ کوئی نام لکھ لیتے ہیں تو پھر Create and Edit کے بٹن پر کلک کریں۔

اس سارے عمل میں ایک نیا صفحہ آپ کے مطلوبہ نام سے تیار ہو جائے گا۔اور یہ صفحہ آپ کے سامنے آجائے گا۔ لیکن یہ صفحہ خالی ہوگا۔ خالی سے مراد یہ کہ اس پر کچھ لکھا ہوا نہیں‌ ہوگا۔ اس پر جو کچھ لکھنا چاہیں، لکھیں اور پھر اس کو دل چاہے تو پیش منظر یعنی Preview کریں یا پھر اسے ارسال یعنی Store پر کلک کر دیں۔ اگر آپ اپنے کام کو محفوظ نہیں‌کرنا چاہتے تو Cancel کے بٹن کو دبا دیں۔

اگر آپ صفحہ پر بعد میں کام کرنا چاہتے ہیں، تو اس کا لنک محفوظ کر لیں۔ لنک محفوظ کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ اپنے صفحے کے ایڈریس بار سے اس کا ایڈرس کاپی کر کے نوٹ پیڈ یا ایم ایس ورڈ وغیرہ میں محفوظ کر لیں۔ مستقبل میں کام آئے گا۔ :)
اگلی پوسٹ فارمیٹنگ سے متعلق ہے۔ یعنی پوسٹ میں سرخیاں (لپ سٹک نہیں، بلکہ ہیڈنگز :))‌ کیسے استعمال کرتے ہیں، اس کو موٹا کیسے کرتے ہیں وغیرہ وغیرہ

بےبی ہاتھی
 

قیصرانی

لائبریرین
دوستو، تبصرہ جات اور مشورے میں نے اس دھاگےپر منتقل کر دیے ہیں تاکہ اصل بات کا تسلسل جاری رہ سکے۔ امید ہے کہ آپ لوگ برا نہیں منائیں گے اور مزید تبصرہ جات مندرجہ بالا دھاگے پر جاری رکھیں گے۔
بےبی ہاتھی
 

قیصرانی

لائبریرین
پیارے دوستو، امید ہے کہ آپ نے کچھ نہ کچھ توجہ دے کر وکی پر کام کرنے کی ابتداء کر دی ہوگی۔ ابھی چونکہ وکی پر کام کی منتقلی کا آغاز ہوا ہے، اس لیے ہو سکتا ہے کہ آپ کو کچھ الجھن ہو، مناسب زمرہ جات نہ ملیں۔ اس سلسلے میں ایک چھوٹی سی وضاحت کر دوں کہ چونکہ ابھی تک کسی دوست نے بطورٍ خاص وکی پر کام کے لیے توجہ نہیں دی تھی، اس لیے وہاں ڈیٹا اور زمرہ جات نہ بن سکے۔ ابھی میں کوشش کر رہا ہوں کہ ڈیٹا کی منتقلی کا کام مناسب رفتار سے شروع ہو جائے اور میں یا کوئی دوسرا دوست وہاں زمرہ جات بنانے اور انہیں لنک کرنے کا کام شروع کر دیں۔ یقین کریں کہ ڈیٹا کو وہاں منتقل کرنا ہی اصل کام ہے، باقی زمرہ جات بنانا اور انہیں ترتیب دینا بہت آسان کام ہے، جو کبھی بھی کیا جا سکتا ہے۔ اور انشاء اللہ، بہت جلد یہ کام بھی ہو جائے گا۔ اب اپنے موضوع کی طرف واپس چلتے ہیں۔

وکی پر جب آپ مضامین کو لکھ لیتے ہیں، تو ہو سکتا ہے کہ آپ کو سرخی یعنی ہیڈنگ لکھنے کی ضرورت پڑے (جو کہ لازمی اور فطری سی بات ہے) تو اس کے لیے سرخی کے شروع اور آخر میں = کا نشان پانچ بار لگا دیں۔ یعنی

=====یہ سرخی =====

اگر چھوٹی سرخی بنانا چاہیں تو = کا نشان پانچ کی بجائے چار مرتبہ لگا دیں

====یہ سرخی ====

اسی طرح مزید چھوٹی سرخی کے لیے تین تین بار یا سب سے چھوٹی سرخی کے لیے دو دو بار بھی مساوی کا نشان لگا سکتے ہیں۔

اسی طرح سرخی یا الفاظ یا اشعار کو اگر درمیان میں لانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے سرخی کے شروع اور آخر میں دو دو بار @ کا نشان لگا دیں، یعنی ایسے

@@یہ سرخی یا الفاظ لائن کے درمیان میں آئیں گے@@

اگر کسی جگہ کوئی لائن، فقرہ یا پیرا خط کشیدہ کرنا چاہیں‌ تو اس کے شروع اور آخر میں دو بار _ لگا دیں۔ یہ نشان منفی یا ہائفن نہیں ہے، لیکن منفی یا ہائفن کے بٹن کو شفٹ کے ساتھ دبانے سے آئے گا۔ اس کی مثال دیکھیں

__یہ لائن، فقرہ یا سطر خط کشیدہ یعنی انڈر لائن ہوگی__

اگر کسی جگہ سرخی، یا کوئی فقرہ موٹا کر کے لکھنا ہو تو اس کے شروع اور آخر میں دو دو بار * یعنی اسٹار یا اسٹیرک یا اسٹیرسک کا نشان لگا دیں۔ یہ سارے نام جو میں نے ابھی لکھے ہیں، وہ ایک ہی نشان کے مختلف نام ہیں۔ مثلاً

**یہ الفاظ یا سرخی موٹی ہو کر دکھائی دے گی**

اس کے علاوہ بھی بہت سی مختلف فارمیٹنگ یعنی ٹیکسٹ کو خوبصورت یا اہم بنانے کے طریقے موجود ہیں، لیکن روز مرہ استعمال والے میں‌نے یہاں لکھ دیے ہیں۔ اگر مزید طریقے جاننا چاہیں تو تبصرہ والے دھاگے پر سوال کیجیے گا۔ انشاء اللہ میں مزید وضاحت کر دوں گا۔

غلام
 

قیصرانی

لائبریرین
پیارے دوستو۔ جیسا کہ ابھی آپ لوگ وکی پر کسی حد تک کام کرنے کی مشق کر چکے ہوں گے، تو ابھی ہم اگلے موضوع کی طرف چلتے ہیں۔

ابھی تک ہم نے ایک نیا صفحہ بنا کر اس پر کام سیکھا تھا، یعنی صرف ڈیٹا کو لکھنا اور اس کو فارمیٹ کرنا وغیرہ سیکھا تھا۔ لیکن یہ صفحہ بغیر کسی ترتیب کے کہیں بھی محفوظ ہو سکتا ہے۔ ابھی ہم یہ دیکھتے ہیں کہ اگر ہم کوئی کتاب یا کوئی بڑا مضمون لکھنا چاہ رہے ہوں تو اس کو کیسے اس کے متعلقہ زمرہ میں ایڈ کریں گے اور پھر وہاں کیسے یہ کام کیا جائے گا۔

یہ کام نیا صفحہ بنانے جیسا ہی ہوتا ہے۔ اس کا طریقہ کار کچھ یوں‌ ہے

سب سے پہلے تو یہ دیکھیں کہ جو مواد آپ لکھنا یا پیسٹ کرنا چاہ رہے ہیں، وہ کس زمرے میں آتا ہے (مثلاً قرآن وحدیث، سیرتٍ نبوی ص، اردو نثر اور اردو شاعری)
اس کے بعد یہ دیکھیں کہ وہ کس ذیلی زمرے یعنی سب کیٹیگری میں آتا ہے، جیسے یہ مضمون ہے، افسانہ ہے، خاکہ نگاری ہے وغیرہ
اس کے بعد یہ دیکھیں کہ کیا یہ صرف ایک صفحے پر لکھا جا سکتا ہے یا اس میں ابواب کی فہرست بنانی ہوگی

اس کے بعد آپ وکی کے صفحہ اول پر جاکر درجہ بندیاں پر کلک کریں
پھر مطلوبہ زمرہ پر کلک کریں
پھر مطلوبہ ذیلی زمرہ پر کلک کریں
جب مطلوبہ سب کیٹیگری یعنی ذیلی زمرہ آپ کے سامنے کھل کر آجائے تو وہاں ڈبل کلک کر دیں۔ صفحہ ایڈٹ والے انداز میں آجائے گا یعنی آپ اس میں تبدیلی کر سکتے ہیں۔

یہاں حروف تہجی کے حوالے اپنی پوسٹ کا عنوان لکھیے۔ یہ بھی کیمل کیس میں ہوگا جیس کی وضاحتی مثال اس مضمون کیوضاحت 1 میں ہے
پھر جب نام لکھ لیں تو اس صفحہ کو سٹور کر لیں۔ سٹور کرتے ہی ایک نیا صفحہ خود بخود بن جائے گا جس کا نام آپ والے نام جیسا ہوگا
اگر تو آپ کا تمام ڈیٹا ایک ہی باب پر مشتمل ہے یا مختصر ہے تو اسے اسی مندرجہ بالا صفحے پر کلک کر کے پوسٹ کر دیں اور پھر اسے سٹور کر دیں جیسا کہ وضاحت 1 میں مثال ہے

اگر آپ کو ابواب کی فہرست بنانے کی ضرورت ہے تو پھر اس کے لیے اگلے صفحے پر ابواب کی فہرست بنا لیں جو کہ وضاحت 2 میں دیا گیا ہے۔
پھر ابواب کے لحاظ سے ڈیٹا کو محفوظ کرنا شروع کر دیں

وضاحتی مثال

وضاحت1

ابھی ہم دیکھتے ہیں کہ ہم ایک چھوٹی سی کتاب کو پوسٹ کرنا چاہتے ہیں فرض کریں‌اس کا نام ہے اوکھے لوگ۔

اوکھے لوگ چونکہ اردو نثر سے تعلق رکھتی ہے تو ہم سب سے پہلے وکی کے صفحہ اول سے درجہ بندیاں‌ پر کلک کریں گے

یہاں اردو نثر کے موضوع پر کلک کریں گے

پھر اردو نثر کے اندر اس کی جگہ ایک عام اندازے کے مطابق خاکہ نگاری بنتی ہے کیونکہ اس میں مختلف شخصیات کے بارے میں خاکہ نگاری کی گئی ہے

یہاں اوکھے لوگ کو لکھنے کے لیے سب سے پہلے میں خاکہ نگاری والے صفحہ کو ایڈٹ کرتا ہوں (یہ کام آپ صفحہ پر ڈبل کلک کر کے یا صفحے کے آخر میں ایڈٹ پر کلک کر کے بھی کر سکتے ہیں)

اس صفحے پر میں یہ لکھتا ہوں

[[AokhayLog اوکھے لوگ]]

اب وکی کے صفحہ اول پر لکھنا اور یہاں لکھنے میں تھوڑا سا فرق ہے۔ یہاں آپ کو نہ صرف [[ ]] کو اضافی لکھنا ہوگا، بلکہ اردو میں بھی اس کا عنوان لکھنا ہوگا۔ اردو والا نام فہرست والے صفحے پر دکھائی دے گا جبکہ انگریزی کیمل کیس والا نام وکی پر اندورنی طور پر استعمال ہوتا ہے اور عام طور پر دکھائی نہیں دیتا

جب آپ نام لکھنے کے بعد سٹور کے بٹن پر کلک کریں گے تو وہی صفحہ آپ کو دکھائی دے گا، لیکن آپ کا لکھا ہوا نام اس میں موجود ہوگا اور اس نام کے نیچے نقطے دار لکیر ہوگی۔ یہ نقطے دار لکیر ظاہر کرتی ہے کہ خالی صفحہ تو بن گیا ہے لیکن ابھی اس پر کچھ لکھا نہیں گیا۔ جب آپ اس پر کلک کریں گے تو ایک خالی صفحہ کھل کر سامنے آجائے گا جہاں آپ اپنا مواد ٹائپ یا پیسٹ کر سکتے ہیں۔

وضاحت 2

اگر کسی کتاب کے کئی ابواب ہیں، اور آپ کو کتاب کا نام لکھ کر اس کے اندر ابواب کے لنک بنانے ہیں تاکہ سارا مواد ابواب کے لحاظ سے یعنی چیپٹر وائز محفوظ ہو سکے۔

اس کی مثال کچھ ایسے ہے۔

ابھی ہم سرور عالم راز صاحب کی کتاب جو کہ مختلف افسانوں‌کا مجموعہ ہے، اس کو وکی پر رکھنے کا عمل دیکھتے ہیں۔ اس کتاب میں کئی افسانے یا ابواب ہیں

سب سے پہلے ہم وکی کے صفحہ اول پر جا کر درجہ بندیاں‌ پر کلک کریں گے۔ پھر اردو نثر اور پھر افسانے پر کلک کریں گے تاکہ وہ تمام افسانے وہاں لکھے جا سکیں

افسانے کے صفحے کو ڈبل کلک کر کے (یا صفحے کے اختتام پر موجود ایڈٹ کے لنک پر کلک کرکے) صفحہ کو ایڈٹ کریں گے
یہاں‌ ہم کیمل کیس اور اردو عنوان کی مدد سے کتاب کا نام لکھیں گے جو کچھ ایسے ہوگا

[[TesraHath تیسرا ہاتھ از سرور عالم راز سرور]]

تیسرا ہاتھ از سرور عالم راز عنوان دکھائی دے گا جبکہ انگریزی کا نام صرف پس پردہ رہ کر نیویگیشن میں مدد دیتا ہے
جب اسے محفوظ کریں گے تو اگلے صفحے پر تیسرا ہاتھ از سرور عالم راز کا عنوان دکھائی دے گا جس کے نیچے نقطہ دار لکیر ہوگی۔ آپ اس پر کلک کریں گے تو ایک خالی صفحہ دکھائی دے گا

یہاں آپ تمام افسانوں‌کی فہرست بنائیں گے، جو کچھ ایسے ہوگی

[[HarfeAghaz حرفِِِِِِِ آغاز]]

[[KahaniKaKozaGar کہانی کا کوزہ گر]]

[[YadonKeyMeenar یادوں کے مینار]]

[[QisaChaharDarweash قصئہ چہار درویش]]

[[ZadeRah زادِ راہ]]

[[MiladShareef میلاد شریف]]

[[PichalPai پِچَھل پائی]]

[[Shudhi شُدھی]]

[[LachmiPoja لچھمی پوجا]]

[[PaulJonesKaQarz پال جونز کا قرض]]

[[NanwaySalKaPhear ننانوے سال کا پھیر]]

[[BhagwanKiMaya بھگوان کی مایا]]

[[TeasraHath تیسرا ہاتھ]]

[[TinkaAurShehteer تنکا اور شہتیر]]

[[KhaleelKhanKTootey خلیل خاں کے طوطے]]

[[Malch مَلِچھ]]

[[AurCharaghBujhGaye اور چراغ بجھ گئے!]]

[[SwimmingPoolParty سوئمنگ پول پارٹی]]

[[GaliMinhiyaranKMatsab گلی منیہاراں کے ماٹصاب]]

[[Thaper تھپڑ]]

جب اس صفحے کو محفوظ کریں گے تو یہ تمام عنوان نئے صفحات بنا دیں گے۔ ‘

اب ہر نام پر کلک کر کے اس کا متعلقہ افسانہ لکھنا یا پیسٹ کرنا شروع کر دیں‌ اور پھر صفحہ کو محفوظ کر دیں

نوٹ: ‌اگر کسی بھی مرحلے پر کوئی مشکل ہو، تو براہٍ کرم مجھے تبصرہ والے دھاگے پر، پی ایم پر، یا کسی گپ شپ والے دھاگے پر، آئی ایم یعنی انٹر نیٹ چیٹ پر یا ای میل میں پیغام کر سکتے ہیں۔ میں اپنی پوری کوشش کروں گا کہ آپ کی مدد کر سکوں۔ اگر کسی وجہ سے میں بروقت آپ کی مدد نہ کرسکا تو آپ جناب محب علوی صاحب، جنابہ ماوراء صاحبہ یا جناب فریب صاحب سے بھی رہمنائی لے سکتے ہیں۔ زکریا بھائی یا نبیل بھائی سے بھی اس سلسلے میں رابطہ کیا جاسکتا ہے اور امید ہے کہ وہ گوناں‌گوں مصروفیات سے وقت نکال کر آپ کی رہنمائی کریں گے

قیصرانی
 
Top