نور پیش ہر کوکب ، مصطفےٰ ﷺ کا کرتا ہے

نور پیش ہر کوکب ، مصطفےٰ ﷺ کا کرتا ہے
وِرد آسماں ہر شب ، مصطفےٰ ﷺ کا کرتا ہے

حوصلہ تدبر بھی، صلح و امن و جرا ت بھی
انتخاب ہر مکتب ، مصطفےٰ ﷺ کا کرتا ہے

سنگریزے پڑھتے ہیں کلمہ دینِ کامل کا
ذکرِخیر کو دل جب مصطفےٰ ﷺ کا کرتا ہے

بن گیا مدینہ وہ، نور کا نگینہ وہ
انتظار جو یثرب مصطفےٰ ﷺ کا کرتا ہے

رب درود پڑھتا ہے اور سب فرشتے بھی
ذکر ہر پہَر ہر لب مصطفےٰ ﷺ کا کرتا ہے

علم و حکمت و عرفاں رشد و عشق اور وجداں
اعتراف ہر منصب مصطفےٰ ﷺ کا کرتا ہے

جھوم جھوم کر یہ دل کیوں نہ نامِ احمد لے
ذکر ناز سے جب رب مصطفےٰ ﷺ کا کرتا ہے

مصطفےٰ نے بخشا ہے احترام انساں کو
احترام ہر مذہب مصطفےٰ ﷺ کا کرتا ہے

کائنات کا والی ، عرش کو چلا عاشی
ناز گام گام اشہب مصطفےٰ ﷺ کا کرتا ہے
~~~~~~~~~~~
عائشہ بیگ عاشی
~~~~~~~~~~~
اشہب= گھوڑا، براق
 

نایاب

لائبریرین
ماشاءاللہ
سبحان اللہ
جزاک اللہ
آپ جناب نبی پاک صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ذات پاک پر ان گنت درود و سلام

کیا خوب نعت شریف ہے ۔۔۔۔۔۔۔
بہت دعائیں شراکت پر
 
Top