مسنون دعائیں

اشتیاق علی

لائبریرین
میں یہ دھاگہ شروع کرنے جا رہا ہوں۔ اس میں مسنون دعائیں، قرآنی آیات، اسما الحسنی، کے پڑھنے کے فوائد بیان کیے جائیں۔ تاکہ مسلمانوں کو اپنے دین کے مطابق اپنے مسائل حل کرنے میں مدد مل سکے۔ تمام اراکین سے گذارش ہے کہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

آج کل زیادہ تر مسلمان اپنی کتاب قرآن مجید سے دور ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ اس لیےمیرا پہلا موضوع ہے ۔
تلاوت قرآن کی فضلیت
ہمارے پیارے آقا نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا فرمان عبرت نشا ن ہے:
"سب سے بڑا عبادت گزار وہ ہے جو سب سے زیادہ تلاوت قرآن کریم کرنے والا ہے "۔

ایک اور جگہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایاکہ:
"بے شک دلوں کو بھی زنگ لگتا ہےجس طرح لوہے کو بھی زنگ لگ جاتا ہےجب اسے پانی لگ جائے۔
عرض کیا گیا کہ ان کی صفائی کیسے کی جاتی ہے؟
فرمایا موت کو کثرت سے یاد کرو اور قرآن مجید کی تلاوت کرو۔

ایک اور جگہ اللہ سجان وتعالی کے پیارے لاڈلے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرما ن عبرت نشان ہےکہ:
"جس نے کتاب اللہ یعنی قرآن مجید کا ایک حرف پڑھا اس کے لیے اس ایک حرف کے بدلے میں ایک نیکی لکھی جاتی ہےاور اس ایک نیکی کا ثواب دس گنا ہو جاتا ہے"۔

اللہ تمام مسلمانوں کو قرآن کی تلاوت کرنے کی اسے سمجھنے اور سمجھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ بجاہ النبی الکریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
 

تانیہ

محفلین
ربنا آتنا فى الدنيا حسنة و فى الآخرة حسنة و قنا عذاب النار ۔

پروردگار ہميں دنيا ميں بھى نيکى عطا فرما اور آخرت ميں بھي،اور ہميں جہنم کے عذاب سے محفوظ فرما۔

بقرہ۔۲۰۱

ربنا افرغ علينا صبراً وثبت اقدامنا وانصرنا على القوم الکافرين۔

پالنے والے ہميں بے پناہ صبر عطا فرماہمارے قدموں کو ثبات دے اور ہميں کافروں کے مقابلہ ميں نصرت عطا فرما۔

بقرہ۔۲۵۰

ربنا لا تواخذنا ان نسينا او اٴخطاٴنا۔

پالنے والے ہم جو بھول جائےں يا ہم سے غلطى ہو جائے اس کا مواخذہ نہ کرنا ۔(ےعنى اسکے بارے ميں جواب طلب نہ کرنا۔)

بقرہ۔۲۸۶

ربنا ولا تحمل علينا اصراًکما حملتہ على الذين من قبلنا۔

پالنے والے ہمارے اوپر ويسا بوجھ نہ ڈالنا جےسا پچھلى امتوں پر ڈالا گيا ۔

بقرہ۔۲۸۶

ربنا ولا تحملنا مالا طاقة لنابہ واعف عنا واغفرلنا وارحمنآ انت مولانا فانصرناعلى القوم الکافرين۔

پالنے والے ہم پر وہ بار نہ ڈالنا جس کى ہم ميں طاقت نہ ہو ،ہميں معاف کردينا،ہميں بخش دينا،تو ہمارا مولا اور مالک ہے ،اب کافروں کے مقابلہ ميں ہمارى مدد فرما ۔

بقرہ۔۲۸۶

ربنا لا تزغ قلوبنا بعد اذ ہديتنا وھب لنا من لدنک رحمة انک انت الوھاب۔

پالنے والے ہداےت کے بعد ہمارے دلوں کو نہ پھےرنا، ہميں اپنے پاس سے رحمت عطا فرما،تو توبہترين عطا کرنے والا ہے۔

آل عمران۔۸

ربنا اننا آمنا فاغفرلنا ذنوبنا وقنا عذاب النار۔

پالنے والے ہم ايمان لے آئے ہيںہمارے گناہوں کو معاف کر دے اور ہميں جہنم سے بچا لے۔

آل عمران ۔۱۶

ربنا اغفر لنا ذنوبنا و اسرافنا فى امرنا وثبت اقدامنا و انصرنا على القوم الکافرين۔

پالنے والے ہمارے گناہوں کو معاف کر دے ہمارے کاموں ميں زيادتےوںکو معاف فرما، ہمارے قدموں ميں ثبات عطا فرمااور کافروں کے مقابلہ ميں ہمارى مدد فرما۔

آل عمران ۔۱۴۷

ربنا فاغفر لنا ذنوبنا وکفر عنا سيئاتنا و توفنا مع الابرار۔

پالنے والے ہمارے گناہوں کو معاف فرما، ہم سے ہمارى برائيوں کو دور کردے اور ہميں نيک بندوں کے ساتھ مہشورفرما۔

آل عمران ۔۱۹۳

ربنا آمنا فاکتبنا مع الشاہدين ۔

پالنے والے ہم ايمان لے آئے ہيںلہذا ہمارا نام بھى تصدےق کرنے والوں ميںلکھ لے۔

مائدہ۔۸۳

ربنا لاتجعلنا مع القوم الظالمين۔

پالنے والے ہميں ظالموں کے ساتھ قرار نہ دينا۔

اعراف۔۴۷

ربنا افرغ علينا صبراً و توفنا مسلمين

پالنے والے ہميں بہت زيادہ صبر عطا فرمااور ہميں مسلمان دنيا سے اٹھا۔

اعراف۔۱۲۶

ربنا و تقبل دعاء۔

پالنے والے ميرى دعا کو قبول فرما۔

ابراہيم۔۴۰

ربنا اغفرلى ولوالدى وللمومنيں يوم يقوم الحساب۔

پالنے والے مجھے،ميرے والدين کو اور تمام مومنين کو اس دن بخش دينا جس دن حساب قائم ہوگا۔

ابراہيم ۔۴۱

ربنا آتنا من لدنک رحمة و ہييٴ لنا من امرنا رشداً۔

پالنے والے ہميں اپنى رحمت عطا فرما اور ہمارے کام ميں کاميابى کا سامان فراہم کردے۔

کہف ۔۱۰

ربنا آمنا فاغفر لنا وارحمنا وانت خيرالراحمين۔

پالنے والے ہم ايمان لے آئے ہيں،اب ہميں معاف فرما اور ہمارے اوپر رحم کر اور تو تو رحم کرنے والوں ميں سب سے بہتر ہے۔

مومنون ۔۱۰۹

ربناھب لنا من ازواجنا وزرياتنا قرة اٴعين واجعلنا للمتقين اماماً۔

پالنے والے ہمارى ازواج واولاد کى طرف سے خنکى ٴچشم عطا فرما اور ہميں صاحبان تقويٰ کا پيشوا بنا دے۔

فرقان ۔۷۴
 

یوسف سلطان

محفلین
سونے کی دعاء
جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بستر پر تشریف لاتے تو دایاں ہاتھ رخسار مبارک کے نیچے رکھتے اور یہ دعا پڑھتے
اَللّٰھُمَّ بِاسْمِکَ اَمُوْتُ وَاَحْیٰی.
(رواہ البخاری ٢/٩٣٤)
اے اللہ ! میں تیرا نام لے کر مرتا اور جیتا ہوں.
نیندمیں ڈرجائے یا برا خواب دیکھے تو یہ دعاپڑھے
ا عُوْذُبِکَلِمَاتِ اللہِ التَّآمَّۃِ مِنْ غَضَبِہ وَعِقَابِہ وَمِنْ شَرِّ عِبَادِہ وَمِنْ ھَمَزَاتِ الشَّیَاطِیْنِ وَاَنْ یَّحْضُرُوْنِ۔
(رواہ الترمذی ٢/١٩٢ )
میں اللہ تعالیٰ کی پکی باتوں کی پناہ پکڑتا ہوں اس کے غصہ، اس کے عذاب اور اس کی مخلوق کے شر سے اور شیطانوں کی چھیڑسے اور اس سے کہ وہ میرے قریب آئیں ۔
سوکراٹھے تو یہ دعاء پڑھے
اَلْحَمْدُلِلّٰہِ الَّذِیْ اَحْیَانَا بَعْدَ مَااَمَاتَنَا وَاِلَیْہِ النُّشُوْرُ
(رواہ البخاری ٢/٩٣٤ ومسلم٢/٣٤٨)
شکر ہے اللہ کا جس نے ہمیںموت کے بعد زندہ کیا اور اسی کی طرف جانا ہے ۔
بیت الخلاء جانے کی دعاء:
بایاں پاؤں اندررکھے
اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُبِکَ مِنَ الْخُبُثِ وَالْخَبَآئِثِ۔
(رواہ البخاری ١/٢٦،٢/٩٣٦ ومسلم ١/١٦٣)
اے اللہ !میں آپ کی پناہ پکڑتا ہوں تمام شیاطین (مردوں اورعورتوں) کے شرسے۔
بیت الخلاء سے نکل کر یہ دعاء پڑھے
(دایاں پاؤں پہلے باہر نکالے)
(١)
غُفْرَانَکَ
رواہ الترمذی١/٧ وابوداود١/٦
میں آپ کی بخشش چاہتا ہوں۔
(٢)
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ اَذْھَبَ عَنِّی الْاَذٰی وَعَافَانِیْْ ۔
(رواہ ابن ماجہ ٢٦ حدیث ضعیف)
شکر ہے اس اللہ کا جس نے مجھ سے گندگی دور کردی اور مجھ کوعافیت دی۔
وضو ٔ شروع کرنے کی دعاء
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔
(رواہ النسائی ١/ ١١)
شروع کرتا ہوں اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان، نہایت رحم والا ہے ۔
دوَران وضؤ کی دعاء
اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ ذَنْبِی وَوَسِّعْ لِیْ فِیْ دَارِیْ وَبَارِکْ لِیْ فِیْ رِزْقِیْ ۔
(رواہ النسائی فی عمل الیوم من السنن الکبری ٦/٢٤)
اے اللہ! میرے گناہ بخش دے اور میرے گھر میں وسعت عطاء فرما،اور میری روزی میں برکت عطاء فرمادیجئے۔
وضؤ کے بعد کی دعاء
اَشْھَدُاَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہ لَاشَرِیْکَ لَہ وَاَشْھَدُ اَ نَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہ وَرَسُوْلُہ اَللّٰہُمَّ اجْعَلْنِیْ مِنَ التَّوَّابِیْنَ وَاجْعَلْنِیْ مِنَ الْمُتَطَھِّرِیْنَ۔
(رواہ مسلم ١/١٢٢ الی عبدہ ورسولہ ،والترمذی ١/١٨)
میں دل سے اقرار کرتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ،وہ اکیلا ہے ،اس کاکوئی شریک نہیں ،اور اقرار کرتا ہوں کہ بے شک محمدۖ اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں، اے اللہ ! مجھے توبہ کرنے والوں میں سے بنادے اور مجھے پاک وصاف لوگوں میں سے کردیجئے۔
مسجد میں داخل ہونے کی دعاء
( دایاں پاؤں مسجد میں پہلے رکھے اور نفل اعتکاف کی نیت کرے)
اَللّٰہُمَّ افْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ۔
(رواہ مسلم ١/٢٤٨ )
اے اللہ !میرے لئے اپنی رحمت کے دروازے کھول دیجئے۔
مسجد سے نکلنے کی دعاء:
(پہلے بایاں پاؤں مسجد سے باہر نکالے
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ مِنْ فَضْلِکَ ۔
(رواہ مسلم ١/٢٤٨)
اے اللہ !میں آپ کا فضل مانگتا ہوں۔
اذان کے بعد کی دعاء:
(اول درود شریف پڑھے پھر
اَللّٰہُمَّ رَبَّ ھٰذِہِ الدَّعْوَةِ التَّآمَّةِ وَالصَّلٰوةِ الْقَآئِمَةِ اٰتِ مُحَمَّدَنِ الْوَسِیْلَةَ وَالْفَضِیْلَةَ وَابْعَثْہُ مَقَامًا مَّحْمُوْدَنِ الَّذِیْ وَعَدْتَّہ ۔
(رواہ البخاری ١/٨٦ )
یااللہ !اس کامل اعلان اور قائم ہونے والی نماز کے مالک، محمدۖکو مقامِ وسیلہ عطا فرما اور ان کی فضیلت میں اضافہ فرما اور ان کو مقامِ محمود پر پہنچا جس کا تو نے ان سے وعدہ کیا ہے ۔
فرض نماز کے بعد کی دعاء
اَسْتَغْفِرُاللّٰہَ (ثلٰث مرات) اَللّہُمَّ اَنْتَ السَّلَامُ وَمِنْکَ السَّلَامُ تَبَارَکْتَ یَاذَاالْجَلَالِ وَالْاِکْرَامِ ۔
(رواہ مسلم ١/٢١٨)
میں اللہ سے معافی مانگتا ہوں (تین مرتبہ کہے) اے اللہ ! تو سلامت رہنے والا ہے اور تجھ سے ہی سلامتی مل سکتی ہے ، تو بابرکت ہے اے بزرگی اور عظمت والے!۔
نماز فجر کے بعد کی دعاء
اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ رِزْقًا طَیِّبًا وَّعِلْمًا نَّافِعًاوَّعَمَلًا مُّتَقَبَّلاً ۔
(رواہ الطبرانی فی الصغیر ،وابن السنی فی عمل الیوم٤٨)
یااللہ ! میں تجھ سے پاکیزہ رزق ،علم نافع اور مقبول عمل کا سؤال کرتا ہوں۔
کھاناشروع کرنے کی دعاء
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔
(مفھوم حدیث البخاری ٢/٨١٠)
شروع کرتا ہوں اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان، نہایت رحم والا ہے۔
شروع میں بسم اللہ بھول جائے تو یہ دعاء پڑھے
بِسْمِ اللّٰہِ اَوَّلَہ وَاٰخِرَہ۔
(رواہ ابوداود ٢/١٧١واللفظ لہ،والترمذی ٢/٧ بلفظ بسم اللہ فی اوّلہ واٰخرہ وقال ھذا حدیث حسن صحیح )
اول وآخر اللہ تعالیٰ کے نام ہی سے شروع کرتا ہوں۔
کھانے کے بعد کی دعاء
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ اَطْعَمَنَا وَسَقَانَاوَجَعَلَنَامُسْلِمِیْنَ ۔
(رواہ الترمذی ٢/١٨٤وابوداود٢/١٨٢ )
شکر ہے اللہ کا جس نے ہم کو کھلایا اورپلایا اور ہمیں مسلمان بنایا۔
دعوت کھانے کے بعد کی دعاء
اَللّٰھُمَّ اَطْعِمْ مَنْ اَطْعَمَنِیْ وَاسْقِ مَنْ سَقَانِیْ۔
(رواہ مسلم ٢/١٨٤)
یااللہ ! کھلا اس کو جس نے مجھے کھلایا اور پلااس کو جس نے مجھے پلایا۔
میزبان کے گھر سے رخصت ہونے کی دعاء
اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَھُمْ فِیمَارَزَقْتَھُمْ وَاغْفِرْلَھُمْ وَارْحَمْھُمْ ۔
(رواہ مسلم ٢/١٨٠ والترمذی ٢/١٨٢)
یااللہ ! ان کے رزق میں برکت عطا فرما، ان کی مغفرت کر اور ان پر رحم فرما۔
دودھ پینے کے بعدکی دعاء
اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَنَافِیْہِ وَزِدْنَامِنْہُ۔
(رواہ الترمذی ٢/١٨٣)
اے اللہ !اس میں ہمارے لئے برکت عطا فرما اوراس سے زیادہ عطا فرما۔
روزہ افطار کرتے وقت کی دعا
اَللّٰھُمَّ لَکَ صُمْتُ وَعَلٰی رِزْقِکَ اَفْطَرْتُ ۔
(رواہ ابوداود ١/٣٢٢)
اے اللہ !میں نے تیری رضا کے لئے روزہ رکھا اور تیرے ہی رزق پر افطار کیا ۔
افطارکرنے کے بعد کی دعاء
ذَھَبَ الظَّمَأُوَابْتَلَّتِ الْعُرُوْقُ وَثَبَتَ الْاَجْرُ اِنْ شَآئَ اللّٰہُ۔
(رواہ ابو داود ١/٣٢١)
پیاس جاتی رہی اور رگیں تر ہوگئیں اور ثواب ثابت ہوگیا ان شاء اللہ تعالیٰ۔
کسی کے ہاں روزہ افطار کرے تو یہ دعاپڑھے
اَفْطَرَعِنْدَ کُمُ الصَّآئِمُوْنَ وَاَکَلَ طَعَامَکُمُ الْابَرَارُ وَصَلَّتْ عَلَیْکُمُ الْمَلَآئِکَةُ ۔
(رواہ ابوداود ٢/١٨٢)
افطارکیا کریں تمہارے یہاں روزہ دار لوگ اور کھایا کریں تمہارا کھانا نیک لوگ اور رحمت کی دعا کیا کریں تمہارے لئے فرشتے ۔
کپڑے پہننے کی دعاء
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ کَسَانِیْ ھٰذَا وَرَزَقَنِیْہِ مِنْ غَیْرِ حَوْلٍ مِّنِّیْ وَلَاقُوَّةٍ۔
(رواہ الحاکم ٤/١٩٢،١٩٣ واللفظ لہ وابن السنی فی عمل الیوم والیلة ١٣٥)
تمام تعریفیں اس ذات گرامی کی جس نے ہمیں یہ پہنایا اوربغیر میری قوت وطاقت کے مجھے نوازا۔
جب نیا لباس پہنے تو یہ دعامانگے
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ کَسَانِیْ مَآاُوَارِیْ بِہ عَوْرَتِیْ وَاَتَجَمَّلُ بِہ فِیْ حَیَاتِیْ ۔
(رواہ الترمذی٢/ ١٩٦،والحاکم ٤/١٩٣)
شکر ہے اللہ کا جس نے مجھ کو ایسا لباس پہنایا کہ میں اس سے اپنا سترڈھانپتا ہوں اور زینت کرتا ہوں اس سے اپنی زندگی میں۔
سفر کے لئے نکلنے کی دعا
بِسْمِ اللّٰہِ تَوَکَّلْتُ عَلَی اللّٰہِ، اَللّٰھُمَّ بِکَ اَصُوْلُ وَبِکَ اَحُوْلُ وَبِکَ اَسِیْرُ، اَللّٰہُمَّ اَنْتَ الصَّاحِبُ فِی السَّفَرِ وَالْخَلِیْفَةُ فِی الْاَھْلِ ۔
(رواہ احمد١/٤١٨طبعة جدیدة بیروت)
اللہ تعالیٰ کے نام کے ساتھ سفر شروع کرتا ہوں،اللہ پر میں نے بھروسہ کیا ،اے اللہ! آپ ہی کی مدد سے جاتا ہوں اور آپ ہی کی مدد سے واپس آتاہوں اور آپ ہی کی مددسے چلتا ہوں، اے اللہ ! آپ ہی رفیق ہیں سفر میں اور خبر گیر ہیں گھر بار میں۔
سواری پربیٹھ کر یہ دعاء پڑھے
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ ،سُبْحٰنَ الَّذِیْ سَخَّرَلَنَاھٰذَاوَمَاکُنَّالَہ مُقْرِنِیْنَ وَاِنَّااِلٰی رَبِّنَالَمُنْقَلِبُوْنَ۔
(رواہ مسلم ١/٤٣٤،والترمذی ٢/١٨٢۔)
شکر ہے اللہ کا ،پاکی ہے اس ذات کے لئے جس نے اِس کو ہمارے قبضہ میں کردیا اور ہم تواس کو قابو کرنے والے نہ تھے اور ہم پر وردگار کی طرف ضرور لوٹنے والے ہیں۔
کسی منزل (ریلوے اسٹیشن ، ائیرپورٹ یا بس اسٹاپ) پر پہنچنے کی دعاء
اَعُوْذُبِکَلِمَاتِ اللّٰہِ التَّآمَّاتِ مِنْ شَرِّ مَاخَلَقَ۔
(رواہ مسلم ٢/٣٤٧)
میں پناہ پکڑتاہوں اللہ تعالیٰ کی کامل باتوں کی ،تمام مخلوق کی برائی سے۔
ملحوظہ:وہاں سے روانہ ہونے تک کوئی چیز اسے نقصان نہیں پہنچاسکے گی ۔
شہریا بستی میں داخل ہونے کی دعاء
اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَنَافِیْھَا(اس کے بعد یہ دعا مانگے) اَللّٰھُمَّ ارْزُقْنَاجَنَاھَاوَحَبِّبْنَا اِلٰی اَھْلِھَاوَحَبِّبْ صَالِحِیْ اَھْلِھَااِلَیْنَا۔
(رواہ الطبرانی فی المعجم الاوسط ٣/٣٣١طبعة جدیدة)
اے اللہ !ہمیں اس شہر میں برکت دیجئے ، یااللہ ! ہمیں اس کے ثمرات نصیب کیجئے اور اہل شہر کے نزدیک عزیز کیجئے اور یہاںکے نیک لوگوں کی محبت ہمیں دیجئے۔
سفر سے واپسی کی دعاء
اٰ ئِبُوْنَ تَآئِبُوْنَ عَابِدُوْنَ سَاجِدُوْنَ لِرَبِّنَاحَامِدُوْنَ ۔
(رواہ ابوداود ٢/٢٦)
ہم سفر سے آنیوالے ہیں ،توبہ کرنے والے ہیں، عبادت کرنے والے ہیں ،سجدہ کرنے والے ہیں اور اپنے پروردگارکی حمد کرنے والے ہیں۔
بازار جائے تویہ دعاء پڑھے۔
بِسْمِ اللّٰہِ، اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ خَیْرَ ھٰذِہِ السُّوْقِ وَخَیْرَمَافِیْھَاوَاَعُوْذُبِکَ مِنْ شَرِّ ھَا وَشَرِّمَافِیْھَااَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَعُوذُبِکَ اَنْ اُصِیْبَ فِیْھَایَمِیْنًا فَاجِرَةً اَوْصَفْقَةً خَاسِرَةً۔
(رواہ الحاکم ١/٥٣٩)
اللہ کے نام سے بازار میں داخل ہوتا ہوں،یااللہ! میں آپ سے اس بازار کی بھلائی مانگتاہوں اور اس چیز کی بھلائی جو اس میں ہے اور آپ کی پناہ چاہتا ہوں اس کی برائی سے اوراس چیز کی برائی سے جو اس میں ہے، یااللہ! میں آپ کی پناہ چاہتا ہوں اس سے کہ میں اس بازار میں جھوٹی قسم اور خسارہ کے معاملہ میں پڑجائوں۔
گھر سے نکلنے کی دعاء
بِسْمِ اللّٰہِ تَوَکَّلْتُ عَلَی اللّٰہِ لَاحَوْلَ وَلَاقُوَّةَ اِلَّابِاللّٰہِ۔
(رواہ ابوداود ٢/٣٩)
اللہ تعالیٰ کے نام کے ساتھ گھر سے نکلتا ہوں،اللہ تعالیٰ پر میں نے بھروسہ کیا ،گناہوں سے بچنے اور عبادت کرنے کی توفیق اللہ تعالیٰ ہی دیتے ہیں۔
گھر میں داخل ہونے کی دعاء
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ خَیْرَالْمَوْلِجِ وَخَیْرَالْمَخْرَجِ بِسْمِ اللّٰہِ وَلَجْنَا وَبِسْمِ اللّٰہِ خَرَجْنَا وَعَلَی اللّٰہِ رَبِّنَا تَوَکَّلْنَا ۔
(رواہ ابو داود ٢/٣٩)
اے اللہ !میں سؤال کرتا ہوں آپ سے اچھے داخلہ کا اور اچھی طرح نکلنے کا ،اللہ کے نام سے میں داخل ہوا ،اللہ کے نام سے میں نکلااور اپنے رب اللہ پر میں نے بھروسہ کیا ۔
مریض کی عیادت کی دعاء
لَابَأْسَ طُہُوْر اِنْ شَآ ئَ اللّٰہ۔
(رواہ البخاری ١/٥١١)
کچھ ڈرنہیں، ان شاء اللہ تعالیٰ یہ بیماری گناہوں سے پاک کرنے والی ہے ۔
مریض کی شفایابی کی دعاء
اَسْأَلُ اللّٰہَ الْعَظِیْمَ رَبَّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ اَنْ یَّشْفِیَکَ۔ (سبع مرات
( رواہ ابوداود ٢/٨٦)
عرش عظیم کے بلند وبالا خدا سے آپ کی صحت کا سؤال کرتا ہوں۔(سات مرتبہ)
ملحوظہ جو شخص کسی ایسے مریض کی عیادت کرے جس کی موت قریب نہ آگئی ہو اور یہ دعاسات مرتبہ پڑھے اسے اللہ تعالیٰ اس مرض سے شفا نصیب فرماتے ہیں۔
کوئی مصیبت آئے تو یہ دعاپڑھے
اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّااِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ،اَللّٰھُمَّ أْجُرْنِیْ فِیْ مُصِیْبَتِیْ وَاَخْلِفْ لِیْ خَیْرًامِّنْھَا۔
(رواہ مسلم ١/٣٠٠)
ہم تو اللہ ہی کے ہیں اور اس کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں ، اے اللہ !مجھے اپنی مصیبت میں اجر دے اوراس کا نعم البدل عطا فرما۔
کسی مصیبت زدہ یافاسق کو دیکھے تو یہ دعاء پڑھے
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ عَافَانِیْ مِمَّاابْتَلاَ کَ بِہ وَفَضَّلَنِیْ عَلٰی کَثِیْرٍ مِّمَّنْ خَلَقَ تَفْضِیْلاً۔
(رواہ الترمذی ٢/١٨١)
تمام تعریفیں اس اللہ تعالیٰ کی ہیں جس نے بچایا مجھے اس مصیبت سے جس میں تجھے مبتلا کیا اور مجھے اپنی مخلوق میں سے بہت ساروں پر فضیلت دی ۔
ملحوظہ : مصیبت زدہ کو دیکھ کر یہ دعا دل میں پڑھے اسے سنا کر نہیں۔
صحت ،خیریت اور عافیت کی دعاء
اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ وَارْحَمْنِیْ وَاھْدِنِیْ وَعَافِنِیْ وَارْزُقْنِیْ۔
(رواہ مسلم٢/٣٤٥)
اے اللہ !مجھے ہدایت پر استقامت نصیب فرمااور مجھے رزق عطا فرما اور مجھے معاف فرما اور مجھ پر رحم فرما۔
جب نیا چاند دیکھے تو یہ دعاء پڑھے
اَللّٰہُ اَکْبَرُ، اَللّٰہُمَّ اَھِلَّہ عَلَیْنَابِالْیُمْنِ وَالْاِیْمَانِ وَالسَّلَامَةِ وَالْاِسْلَامِ ،رَبِّیْ وَرَبُّکَ اللّٰہُ ۔
(رواہ الترمذی ٢/١٨٣)
اللہ بہت بڑا ہے ،یااللہ! اس چاند کو ہم پر برکت ، ایمان ، سلامتی اور اسلام کے ساتھ نکالنا ،(اے چاند) میرااور تیرا رب اللہ ہے ۔
دولہا کے لئے دعا
بَارَکَ اللّٰہُ لَکَ وَبَارَکَ عَلَیْکَ وَجَمَعَ بَیْنَکُمَا فِیْ خَیْرٍ ۔
(رواہ الترمذی ١/٢٠٧،وابو داود١/٢٩٠)
اللہ تعالیٰ آ پ دونوں (زوجین)پر برکتیں نازل فرمائیں اور دونوں کو حسن معاشرت عطافرمائیں۔
اداء قرض میں آسانی کی دعاء
اَللّٰہُمَّ اَکْفِنِیْ بِحَلَالِکَ عَنْ حَرَامِکَ وَاَغْنِنِیْ بِفَضْلِکَ عَمَّنْ سِوَاکَ ۔
(رواہ الترمذی ٢/١٩٦،والحاکم ١/٥٣٨وقال صحیح ووافقہ الذہبی)
اے اللہ ! اپنے حلال کے ذریعے مجھے حرام سے بچا اورمجھے اپنے فضل سے اپنے ماسواسے مستغنی فرمادے۔
ملحوظہ:جوشخص یہ دعاپڑھے تو جبل صبیرکے برابربھی قرض ہو تو اللہ تعالیٰ اس کی ادا میں آسانی فرمادیں گے (بشرطیکہ اس کے اسباب بھی اختیار کرے)۔
آندھی آئے تو یہ دعاء پڑھے
اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ خَیْرَھَا وَخَیْرَمَافِیْھَاوَخَیْرَ مَااُرْسِلَتْ بِہ وَاَعُوْذُبِکَ مِنْ شَرِّھَا
وَشَرِّ مَافِیْھَاوَشَرِّ مَااُرْسِلَتْ بِہ۔
(رواہ مسلم ١/٢٩٤)
اے اللہ !میں آپ سے اس کی خیر اور جو اس میں ہے اور جس کے ساتھ بھیجی گئی ہے بہتری کا سؤال کرتا ہوں اور اس کی برائی اور جوکچھ اس میں ہے اور جس کے ساتھ بھیجی گئی ہے سے پناہ مانگتا ہوں۔
تعزیت کی دعاء
(١)
اِنَّ لِلّٰہِ مَاأَخَذَ وَلَہ مَاأَعْطٰی، وَکُلُّ شَیْیٍٔ عِنْدَہ بِأَجَلٍ مُّسَمًّی فَلْتَصْبِرْ وَلْتَحْتَسِبْ۔
(رواہ البخاری ١/١٧١،ومسلم١/٣٠١ )
اللہ ہی کا ہے جو کچھ اس نے لے لیا اور جو کچھ دیا وہ بھی اسی کا ہے اور اس کے یہاں ہر چیز کا وقت متعین ہے ، آپ صبر کریں اور ثواب کی امید رکھیں۔
(٢)
اَعْظَمَ اللّٰہُ أَجْرَکَ وَأَحْسَنَ عِزَائَ کَ وَغَفَرَلِمَیِّتِکَ۔
(الأذکار للنووی١٣٥)
اللہ تعالیٰ آپ کو بڑا اجر عطافرمائے ،تسلی کے اسباب نصیب فرمائے اور آپ کے میت کی مغفرت فرمائیں۔
برے اخلاق سے حفاظت کی دعاء
(١)
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ أَعُوْذُبِکَ مِنَ الشِّقَاقِ وَالنِّفَاقِ وَسُوْئِ الْاَخْلَاقِ۔
(رواہ النسائی٢/٢٦٨)
اے اللہ !میں عداوت ومخالفت ،منافقت اور اخلاقِ بد سے پناہ چاہتا ہوں۔
(٢)
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُبِکَ مِنْ مُّنْکَرَاتِ الْاَخْلاَقِ وَالْاَعْمَالِ وَالْاَھْوَآئِ وَالْاَدْوَآئِ۔
(رواہ الحاکم ٢/٢٢١والترمذی٢/١٩٩)
اے اللہ !میں برے اخلاق ،برے اعمال،بری خواہش اورظاہری وباطنی بیماریوں سے آپ کی پناہ مانگتا ہوں۔
قبرستان میں داخل ہوتے وقت کی دعاء
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ اَھْلَ الدِّیَارِ مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ وَالْمُسْلِمِیْنَ ،وَاِنَّااِنْ شَآئَ اللّٰہُ بِکُمْ لَلاَحِقُوْنَ أَسْأَلُ اللّٰہَ لَنَا وَلَکُمُ الْعَافِیَةَ۔
(رواہ مسلم ١/٣١٤)
اے مؤمنو !تم پر سلام ہو ،ہم آپ کے پاس جلد آنے والے ہیں ، اپنے لئے اور آپ کے لئے اللہ تعالیٰ سے عافیت وخیریت مانگتے ہیں۔
جب کوئی پسندیدہ چیز دیکھے تو یہ دعا پڑھے
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ بِنِعْمَتِہ تَتِمُّ الصَّالِحَاتُ۔
(رواہ ابن السنی فی عمل الیوم واللیلة،١٣٣والحاکم وصححہ)
شکر ہے اللہ کا جس کے انعام سے اچھی چیزیں کمال کو پہنچتی ہیں ۔
جب کوئی ناپسندیدہ چیز دیکھے تو یہ دعاء پڑھے
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلٰی کُلِّ حَال۔
(رواہ ابن ماجہ ٢٧٠،قال الدمیری اسنادہ صحیح ورجالہ ثقات)
ہر حال میںاللہ کاشکر ہے ۔
صبح کی دعا
اَصْبَحْنَا وَاَصْبَحَ الْمُلْکُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْاَلُکَ خَیْرَ ھٰذَاالْیَومِ وَفَتْحَہ وَنَصْرَہ وَنُوْرَہ وَبَرَ کَتَہ وَھُدَاہُ وَاَعُوْذُبِکَ مِنْ شَرِّ مَافِیْہِ وَشَرِّ مَابَعْدَہ۔
(رواہ ابوداود ٢/٣٣٧)
ہم نے اللہ کے ملک میں صبح کی جوتمام جہانوں کا رب ہے، اے اللہ! میں آپ سے سؤال کرتا ہوں اس دن کی بھلائی کا ، فتح ونصرت،نوروبرکت اور ہدایت کا ،اور اس دن کے بعد کی برائیوں سے پناہ مانگتا ہوں۔
شام کی دعاء
اَمْسَیْنَاوَاَمْسَی الْمُلْکُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ خَیْرَ ھَذِہِ اللَّیْلَةِ وَفَتْحَھَاوَنَصْرَھَا وَنُوْرَھَا وَبَرَکَتَہَا وَھُدَاھَاوَاَعُوْذُ بِکَ مِنْ شَرِّ مَافِیْھَا وَشَرِّ مَابَعْدَھَا۔
(رواہ ابوداود ٢/٣٤٦)
ہم نے اللہ کے ملک میں شام کی ،اے اللہ !میں آپ سے اس رات کی بھلائی کا ،فتح و نصرت ،نوروبرکت اور ہدایت کا سؤال کرتا ہوں ،اور اس رات کی برائی اور اس کے بعد کی برائیوں سے پناہ مانگتا ہوں ۔
کسی کورخصت کرنے کی دعاء
اَسْتَوْدِعُ اللّٰہَ دِیْنَکَ وَاَمَانَتَکَ وَخَوَاتِیْمَ عَمَلِکَ ۔
(رواہ ابوداود١/٣٥٠والترمذی ٢/١٨٢و الحاکم ٢/٩٨)
آپ کا دین ،آپ کی ایمانداری اور اعمال کا اچھا انجام اللہ تعالیٰ کے سپر د کرتا ہوں۔
گدھے یا کتے کی آواز سنے یا غصہ اور برے وسوسے آئیں تو یہ پڑھے
اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ۔
(رواہ ابوداود ٢/٣٠٣واحمدواسنادہ صحیح)
شیطان مردود سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگتا ہوں۔
دشمن کا خوف ہو تو یہ دعاء پڑھے
اَللّٰہُمَّ اِنَّا نَجْعَلُکَ فِیْ نُحُوْرِ ھِمْ وَنَعُوْذُبِکَ مِنْ شُرُوْرِ ھِمْ ۔
(رواہ ابو داود ١/٢١٥)
یااللہ !آپ ہی کو دشمن کے سامنے لاتے ہیں اور ان کی شرارتوں سے آپ کی پناہ مانگتے ہیں۔
شب قدر کی دعا
اَللّٰہُمَّ اِنَّکَ عَفُوّتُحِبُّ الْعَفْوَفَاعْفُ عَنِّیْ ۔
(رواہ الترمذی٢/١٩١، وابن ماجہ٢٧٤ )
اے اللہ !تو بہت معاف فرمانے والا ہے ،معافی کو پسند فرماتا ہے لہذا مجھے معاف فرمادے۔
مجلس سے اٹھنے کی دعاء
سُبْحَانَکَ اللّٰھُمَّ وَبِحَمْدِکَ اَشْہَدُاَلَّااِلٰہَ اِلَّااَنْتَ اَسْتَغْفِرُکَ وَاَتُوْبُ اِلَیْکَ ۔
(رواہ الترمذی ٢/١٨١)
اے اللہ !تو پاک ہے اور تیری ہی تعریف ہے ،گواہی دیتا ہوں کہ تیرے سواکوئی معبود نہیں ،آ پ سے مغفرت چاہتا ہوںاورتوبہ کرتا ہوں۔
حسنِ خاتمہ کی دعاء
اَللّٰہُمَّ لَقِّنِیْ حُجَّةَالْاِیْمَانِ عِنْدَ الْمَمَاتِ ۔
(رواہ الطبرانی فی المعجم الاوسط١/٥١١)
اے اللہ !مجھے موت کے وقت ایمان کی حجت ودلیل نصیب فرما۔
شہادت کی دعاء
(حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے الفاظ میں )
اَللّٰہُمَّ ارْزُقْنِیْ شَہَادَةً فِیْ سَبِیْلِکَ وَاجْعَلْ مَوْتِیْ فِیْ بَلَدِ رَسُوْلِکَ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلََّمَ۔
(رواہ البخاری ١/٢٥٣)
اے اللہ مجھے اپنے راستے میں شہادت نصیب فرما اور اپنے رسول کے شہر میں میری موت واقع کردے۔
(آمین یاربّ الشہداء والمجاہدین)
١٧جمادی الاولیٰ ١٤٢٧ھ
دنیا کے لئے دین فروشی
عَنَ اَبِیْ ھُرَیْرَةَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ: بَادِرُوْابِالْاَعْمَالِ فِتَنًا کَقِطَعِ اللَّیْلِ الْمُظْلِمِ، یُصْبِحُ الرَّجُلُ مُؤْمِنًا وَّ یُمْسِیْ کَافِرًا، اَوْیُمْسِیْ مُؤمِنًا وَّیُصْبِحُ کَافِرًا ، یَبِیْعُ دِیْنَہ بِعَرَضٍ مِّنَ الدُّنْیَا۔''(رواہ مسلم ١/٧٥
ترجمہ:
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:ان تاریک فتنوں کی آمد سے پہلے پہلے نیک اعمال کرلوجو اندھیری رات کی تہ بہ تہ تاریکیوں کے مثل ہوںگے ، آدمی صبح کو مؤمن ہوگا اور شام کو کافر ،یا شام کو مؤمن ہوگا اور صبح کو کافر ،دنیا کے چند ٹکوں کے بدلے اپنا دین بیچتا پھرے گا ۔'' معاذاللہ
دعا قبول نہ ہونے کا دور
عَنْ حُذَیْفَةَ بْنِ الْیَمَانِ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ عَنِ النَّبِیِّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ: وَالَّذِیْ نَفْسِیْ بِیَدِہ ! لَتَأْمُرُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ وَلَتَنْھَوُنَّ عَنِ الْمُنْکَرِ اَوْ لَیُوْشِکَنَّ اللّٰہُ اَنْ یَّبْعَثَ عَلَیْکُمْ عَذَابًا مِّنْہُ فَتَدْعُونَہ فَلَایَسْتَجِیْبُ لَکُمْ۔''(رواہ الترمذی ٢/٤٠
ترجمہ:
حضرت حذیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے قبضہ میں میری جان ہے ! تمہیں نیکی کا حکم کرناہوگا اور برائی سے روکنا ہوگا ورنہ کچھ بعید نہیں کہ اللہ تعالیٰ تم پر کوئی عذاب نازل فرمائیں، پھر تم اللہ تعالیٰ سے عذاب کے ٹلنے کی دعائیں کروگے تو قبول نہ ہوں گی۔''​
 
Top