زیک

مسافر
اس سال کے شروع میں بیٹی کا ارادہ بنا کہ گرمیوں کے سیشن میں سٹڈی آبراڈ یعنی بیرون ملک پڑھنے جایا جائے۔ اس کے لئے اس نے فرانس کا انتخاب کیا۔

جب اس کا پلان پکا ہوا تو معلوم ہوا کہ اس کا کالج سیشن آدھی گرمیوں کا ہو گا۔ سو ہم نے سوچا کہ اس کے فرانس میں پڑھائی کے آخری دنوں میں ہم بھی وہاں چکر لگا لیں اور مل کر سیر سپاٹے کریں۔

یوں 21 سال بعد دوبارہ فرانس جانے کا موقع ملا۔
 

زیک

مسافر
ہم نے مشرقی فرانس جانا تھا جس کے لئے جینیوا قریب ترین ائرپورٹ تھا۔ پہلا دھچکا ہمیں یہ لگا کہ سی ڈی سی کے ہیڈکوارٹر (اٹلانٹا) اور ڈبلیو ایچ او کے ہیڈکوارٹر (جینیوا) کے مابین کوئی ڈائریکٹ فلائٹ نہیں۔ چلیں پیرس راستے چلے جائیں گے۔

دوسرا دھچکا پیرس پہنچ کر لگا کہ وہاں صرف ایک گھنٹے کا قیام تھا اور اس دوران ہم نے ٹرمینل بدلنا اور پاسپورٹ کنٹرول سے گزرنا تھا۔ بہرحال تیز تیز چلتے ہم اگلی فلائٹ کے گیٹ پر پہنچنے والے آخری مسافر تھے۔

جینیوا ائرپورٹ سوئٹزرلینڈ میں ہے لیکن عین سرحد کے ساتھ۔ ائرپورٹ کے دو سیکٹر ہیں: سوئس سیکٹر بڑا ہے اور فرنچ سیکٹر چھوٹا۔ جب فرنچ سیکٹر کے بیگج کلیم پر ہمیں اپنا سامان نہ ملا تو ہم سوئس سیکٹر گئے۔ وہاں ہماری فلائٹ کا سامان آ رہا تھا۔ تیسرا دھچکا ہمیں اس وقت لگا جب بیلٹ پر نیا سامان آنا بند ہو گیا۔ ائرپورٹ پر سامان کا پتا کرنے والے آفس گئے تو وہاں پہلے ہی لمبی لائن تھی۔

باری آنے پر معلوم ہوا کہ ہمارا سامان ابھی پیرس ہی ہے اور شام کی فلائٹ سے جینیوا پہنچے گا۔ انہوں نے ہمیں دو آپشن دیں۔ پہلی یہ کہ ہم چار گھنٹے ائرپورٹ پر سامان کا انتظار کر لیں۔ دوسری یہ کہ وہ ہمارا سامان اگلے دن فرانس میں ہمارے ہوٹل پہنچا دیں گے۔ ہم نے انہیں ہوٹل کا پتا دیا اور واپس فرنچ سیکٹر داخل ہوئے۔

فرنچ سیکٹر داخل ہوتے آپ کو فلائٹ کا بورڈنگ پاس دکھانا پڑتا ہے۔ چونکہ ہمیں رینٹل کار کی ضرورت فرانس میں تھی اور فرنچ سیکٹر سے گاڑی سوئس سیکٹر سے کافی سستی تھی لہٰذا وہاں سے گاڑی لی اور روانہ ہوئے۔

ائرپورٹ فرنچ سیکٹر سے نکلیں تو آپ مغرب کی طرف نکلتے ہیں اور سڑک آپ کو جلد ہی فرانس پہنچا دیتی ہے۔

ہماری منزل آنسی Annecy تھی۔ سوئٹزرلینڈ میں آٹوبان پر چلانے کے لئے آپ کی گاڑی پر ایک سٹکر ہونا لازمی ہے جو 40 فرانک کا ملتا ہے اور سوئٹزرلینڈ میں رینٹل کارز میں موجود ہوتا ہے۔ ظاہر ہے کہ وہ ہماری فرنچ گاڑی میں نہ تھا۔ لیکن گوگل میپس کا اصرار تھا کہ سوئس آٹوبان کے ذریعہ ہم جلدی آنسی پہنچ جائیں گے۔ اسے احساس نہ تھا کہ آٹوبان پر جانے پر 200 فرانک جرمانہ اور سٹکر کی قیمت ادا کرنے ہوں گے۔ فرانس کی سڑکوں پر رہنے کی اس کوشش میں گوگل سے جو ہاتھاپائی ہوئی تو ہم بالکل چھوٹی اور تنگ سڑکوں پر چل نکلے۔

بہرحال ہمیں کوئی جلدی نہ تھی اور مناظر خوب تھے۔ انہیں انجوائے کرتے آنسی پہنچے۔ وہاں عین اندرون شہر گوگل میپس نے پھر دھوکہ دیتے ہوئے یک طرفہ سڑک پر الٹی طرف لے جانے کی کوشش کی لیکن ہم کہاں اس کی ماننے والے تھے۔ کچھ گھوم کر ہوٹل پہنچ گئے۔

ہوٹل کی ریسپشن پر کچھ فرنچ اور کچھ انگریزی میں مدعا بیان کیا۔ زیادہ مشکل نہ ہوئی اور ہم اپنے کمرے میں بے سروسامان پہنچ گئے۔
 

زیک

مسافر
جس دن ہم آنسی پہنچے بیٹی کے فائنل امتحان ہو رہے تھے۔ اس کے بعد تمام طلبا و طالبات و اساتذہ کی پارٹی تھی۔ لہٰذا اس سے ملنا ممکن نہ تھا۔

آنسی ایک چھوٹا سا شہر ہے جو آلپس پہاڑی سلسلے کے قریب ایک جھیل کنارے واقع ہے۔ ہمارا ہوٹل شہر ہی میں تھا۔ ہم وہاں سے نکلے اور پیدل پھرنا شروع کیا۔

یہ چرچ انقلاب فرانس میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا تھا اور انیسویں صدی میں دوبارہ تعمیر کیا گیا۔

 

نیرنگ خیال

لائبریرین
جس دن ہم آنسی پہنچے بیٹی کے فائنل امتحان ہو رہے تھے۔ اس کے بعد تمام طلبا و طالبات و اساتذہ کی پارٹی تھی۔ لہٰذا اس سے ملنا ممکن نہ تھا۔

آنسی ایک چھوٹا سا شہر ہے جو آلپس پہاڑی سلسلے کے قریب ایک جھیل کنارے واقع ہے۔ ہمارا ہوٹل شہر ہی میں تھا۔ ہم وہاں سے نکلے اور پیدل پھرنا شروع کیا۔

یہ چرچ انقلاب فرانس میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا تھا اور انیسویں صدی میں دوبارہ تعمیر کیا گیا۔

ہارر فلموں میں ایسے چرچ ہوتے ہیں۔۔۔۔
 

سیما علی

لائبریرین
شاتو ایک پہاڑی پر واقع ہے اور ارد گرد شہر نیچے ہے

یورپ کے موسم کا انکی خوبصورتی میں بڑا ہاتھ ہے پر وہ اپنی چیزوں کی دیکھ بھال بھی خوب کرتے ہیں ۔۔۔یہی وجہ ہے کہ انکی قدیم سے قدیم عمارتیں اپنی پوری آب و تاب سے اپنی شان دکھاتی ہیں ۔۔۔
 

زیک

مسافر
ہارر فلموں میں ایسے چرچ ہوتے ہیں۔۔۔۔
کبھی کسی ہارر فلم میں مسجد ڈال کر دیکھیں کیا ہوتا ہے 😛

ویسے ان پرانے چرچوں کی اپنی بات ہے۔ یورپ جاؤں تو اکثر چھوٹے چھوٹے قدیم چرچوں میں جاتا ہوں کہ کوئی نہ کوئی دلچسپی و خوبصورتی کا سامان ضرور ہوتا ہے
 

سیما علی

لائبریرین
ویسے ان پرانے چرچوں کی اپنی بات ہے۔ یورپ جاؤں تو اکثر چھوٹے چھوٹے قدیم چرچوں میں جاتا ہوں کہ کوئی نہ کوئی دلچسپی و خوبصورتی کا سامان ضرور ہوتا ہے
سچ کہا آپ نے ہمیں بھی ہر بار چرچ جاکر محسوس ہوتی ہے یہی بات ۔۔۔
 
Top