عدم دلِ سادہ کو با تصویر کر دے

حسان خان

لائبریرین
دلِ سادہ کو با تصویر کر دے
مرے کاغذ پہ کچھ تحریر کر دے

عبادت کرتے کرتے تھک گیا ہے
تو اے زاہد کوئی تقصیر کر دے

مجھے بھی عشق ہے ذاتِ خدا سے
مجھے بھی کوئی بت تعمیر کر دے

سماعت کا نگر سُونا پڑا ہے
نگاہوں سے کوئی تقریر کر دے

دعائیں بعد میں مانگوں گا یا رب
دعا کو پہلے پُر تاثیر کر دے

مقدر کو میں خود کر لوں گا پیدا
مجھے آمادهٔ تدبیر کر دے

عدم اب تو یہ ارماں ہے کہ دل میں
کوئی پیوست نوکِ تیر کر دے

(عبد الحمید عدم)​
 
الف عین

لائبریرین
ماشاء اللہ اب عدم کا بہت کلام جمع ہو گیا ہے یہاں، ایک اور ای بک کے آثار ہیں۔ اس میں تمہارا نام دے دیا جائے حسان؟
 
حسان خان

لائبریرین
ماشاء اللہ اب عدم کا بہت کلام جمع ہو گیا ہے یہاں، ایک اور ای بک کے آثار ہیں۔ اس میں تمہارا نام دے دیا جائے حسان؟

استادِ محترم، میں نے تو صرف ایک ہی غزل پیش کی ہے، بقیہ ساری غزلیں تو جناب معاویہ وقاص کے طفیل جمع ہوئی ہیں، لہذا اگر کوئی برقی کتاب بنتی ہے تو اس میں معاویہ وقاص صاحب کا نام دینا چاہیے۔
 
الف عین

لائبریرین
دونوں کا ہی نام لکھنا تھا۔ معاویہ وقاص کے دھاگے میں تم کو ٹیگ کر دیا تھا۔
معاویہ سے بھی درخواست ہے کہ خود ہی کمپائل کر کے ذاتی پیغام میں بھیج دیں۔ لیکن اس سے پہلے خرابہ بھی دیکھ لیں جو برقی کتابوں میں شامل ہے۔ اسے ڈاؤن لوڈ کر کے دیکھ لیں کہ یہاں جمع کیا ہوا محض مزید کلام درکار ہے۔
 
استادِ محترم!!​
برقی کتاب خرابہ ڈاؤن لوڈ کر کے دیکھ لی، میرا اب تک کا ارسال کردہ کوئ بھی کلام وہاں موجود نہیں ۔ اس برقی کتاب کو مدِنظر رکھتے ہوئے مزید کلام انشاءاللہ پوسٹ کرتا رہوں گا۔ :)
 
Top