حمد ِ باری تعایٰ

کاشف اختر

لائبریرین
عنایت ہے تری مجھ پر ترا احسان یا اللہ
کہ بن مانگے دیا تونے مجھے ایمان یا اللہ
یہ دشت و کوہ و دریا ہیں مظاہر تیری قدرت کے
جہاں کا ذرہ ذرہ ہے تری پہچان یا اللہ
جہاں کے ذرے ذرے پر فقظ تیری خدائی ہے
ترے آگے ہیں سجدہ ریز انس و جان یا اللہ
ترے دربارِ عالی کے سوا خم ہو نہ سر میرا
ترے آگے ہی جھکنے میں ہے میری شان یا اللہ
میں زندانِ ہواؤ حرص کا قیدی ہوں مدت سے
مرے ایمان کا قزاق ہے شیطان یا اللہ
شرارِ سوز ِ الفت سے جلا دے آشیانِ دل
مرا ہر ایک سجدہ ہے بہت بے جان یا اللہ
پلا دے یا خدا مجھ کو مئے نابِ جنون و شوق
عطا ہوجائے مجھ کو بھی ترا عرفان یا اللہ
مجھے اپنی اطاعت کا تو ایسا شوق وجذبہ دے
نہ چھوٹے پھر کبھی مجھ سے ترا فرمان یا اللہ
کمندِ نفس و شیطاں سے مجھے مولیٰ بچا لیجے
کہ میں ہوں نفس کے ہاتھوں بہت نادان یا اللہ
خدنگ ِ چشم ِ خوباں سے دلِ کاشف کو رکھ محفوظ
فقط تیری ہی الفت ہے مرا درمان یا اللہ

کاشؔف اختر​
 
Top