حسیں چہروں سے صورت_آشنائی ہوتی رہتی ہے

ریختہ

معطل
حسیں چہروں سے صورت_آشنائی ہوتی رہتی ہے
سمجھ لو ابتدائی کاروائی ہوتی رہتی ہے

ہماری بیوی اور مہنگائی دونوں ہیں سگی بہنیں
ہماری جیب کی اکثر صفائی ہوتی رہتی ہے

کہا میں نے کہ ملتے ہو بچھڑ جانے کی نیت سے
کہاں اس نے محبت میں جدائی ہوتی رہتی ہے

کہاں میں نے مری درخواستوں کا کیا بنا آخر
کہا اس نے کہ ان پر کاروائی ہوتی رہتی ہے

کہا لڑکے کی امی نے رہے_گی خوش سدا بیٹی
کہ اوپر سے بھی لڑکے کی کمائی ہوتی رہتی ہے

ترے پند_و_نصائح کا نتیجہ صفر ہے ناصح
برائی ہوتی رہتی تھی برائی ہوتی رہتی ہے
 

رانا

محفلین
غزل بہت اچھی ہے۔ لیکن شائد غلطی سے اس زمرے میں پیش ہوگئی ہے۔ لیکن ہم نے سوچا کہ کسی کی نیت میں شبہ نہیں کرنا چاہئے۔کیا معلوم واقعی ٹیوٹوریل ہی ہو۔:) لہذا جب تک پکی اطلاع نہیں مل جاتی اس سے ٹیوٹوریل سمجھ کر ہی فائدہ اٹھانا چاہئے۔ تو میرے خیال میں اس ٹیوٹوریل میں نئے آنے والے محفلین کو محفل کے بارے میں ایک ٹور کرانے کی کوشش کی گئ ہے۔ مثلا

حسیں چہروں سے صورت_آشنائی ہوتی رہتی ہے
سمجھ لو ابتدائی کاروائی ہوتی رہتی ہے
ہر بندہ جب محفل میں آجاتا ہے تو اس پر کچھ نہ کچھ حُسن تو چڑھ ہی جاتا ہے۔ یہاں نئے محفلین کو یہی بات سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے کہ اب آگئے ہیں تو ابتدائی کچھ روز محفل میں گھومو پھرو اور محفلین سے جان پہچان پیدا کرو دوسروں کے مراسلے پڑھو محفل کے مزاج اور ماحول کو سمجھو۔ پھر اپنے دل کے تار آہستہ آہستہ بجانے شروع کرو۔ ورنہ کچھ محفلین تو آتے ہی مذہب اور سیاست کے زمروں میں ایسی قوالی شروع کرتے ہیں کہ آس پاس والے حیران ہو کر دیکھتے ہیں کہ انہیں اپنے گلے کا سُر دکھانا مقصود ہے یا آواز کے لاوڈ اسپیکر کا اشتہار دکھا رہے ہیں۔لہذا نئے محفلین کے لئے پہلا سبق کہ ابتدائی کاروائی کے طور پر حسین محفلین سے مختلف زمروں میں ہلکی پھلکی گپ شپ کرکے ماحول میں گھلنے ملنے کی کوشش کی جائے۔ البتہ اگر لغوی معنی لئے جائیں تو سبھی چہروں سےآشنائی پیدا ہونا مشکل امر ہے۔ کہ یہاں اکثر نے اپنے چہروں کو چھپایا ہوا ہے۔ کسی نےعقاب کی گردن اپنے چہرے پر لگائی ہے تو کوئی پورا شاہین ہی چڑھا کر آگیا ہے میری طرح۔کوئی ٹرانسفارمر کے پردے میں چھپا بیٹھا ہے تو کوئی پوری سینری کی اوٹ میں ہے اور کوئی کینیڈا کے سرخ پتوں کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہے۔ البتہ بہت سے بے دھڑک ہیں جو اپنے اصل چہروں کے ساتھ جلوہ گر ہیں۔ :)

ہماری بیوی اور مہنگائی دونوں ہیں سگی بہنیں
ہماری جیب کی اکثر صفائی ہوتی رہتی ہے
اس شعر پر کافی غور کیا یہی سمجھ میں آیا کہ شائد محمد وارث بھائی کی طرف اشارہ کرکے نئے آنے والوں کو سمجھایا جارہا ہے کہ اگر بیوی نے مہنگائی کا رونا رو رو کر آپ کو رون ہکا کر دیا ہے تو پھر آپ خالی جیب کے ہوتے ہوئے اب دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر تفریح تو نہیں کرسکتے۔لہذا سستی تفریح پھر محفل ہی بچتی ہے۔ کہ کوئی خرچہ نہیں ہوتا اور دنیا جہاں کی کتابیں، شاعری، خبریں، خبروں پر تبصرہ اور سائنس اور ٹیکنالوجی کی تازہ اپڈیٹ بمع تازہ تبصروں کے یہاں مل جاتے ہیں۔ کتابوں سے شغل والے بندے کے لئے اس سے بہتر تفریح کیا ہوسکتی ہے۔ اس لئے بندہ پھر محفل سے واپسی پر اپنی بیوی کو دعائیں ہی دیتا ہے کہ جس نے مہنگائی کے سبب اس کی جیب خالی کی اور اسے اس سستی لیکن انتہائی مفید تفریح کا موقع فراہم کیا ورنہ یہ وقت بھی دوستوں کے ساتھ سگریٹ پھونکنے میں صرف ہوتا۔:)

کہا میں نے کہ ملتے ہو بچھڑ جانے کی نیت سے
کہا اس نے محبت میں جدائی ہوتی رہتی ہے
یہ بھی نئے محفلین کو سیکھنے کے لئے ایک بہت ضروری چیز ہے۔ کہ ہر نئے آنے والے کو اپنے مزاج اور دلچسپی کے مطابق یہاں کچھ نہ کچھ محفلین ضرور مل جاتے ہیں جن سے پھر دوستی ایسی ہوجاتی ہے کہ لگتا ہی نہیں کہ یہ نیٹ دوستی ہے۔ ادھر کسی نے کیک کی فرمائش کی تو ادھر سے پوری بیکری شئیر کردی جاتی ہے۔ کسی نے ایک شعر پڑھا یا کسی اقتباس کے بارے بات کی دوسری طرف سے پوری کتاب ڈاون لوڈنگ کے لئے عطا کردی جاتی ہے۔ کسی کے کمپیوٹر میں کوئی مسئلہ یا سافٹ وئیر میں کوئی مدد درکار ہوئی تو یار دوست پورے ٹول بکس کے ساتھ آموجود ہوئے اور آن کی آن میں مسئلہ ایسے حل کہ نیا بندہ سوچنے پر مجبور ہوجاتا ہے کہ محفل کے اتنے سارے ماہرین کے ہوتے ہوئے کیا خوف۔ ایک دکان کھولی جائے صرف انٹرنیٹ کنکشن چاہے ہر وقت محفل پر آن لائن رہو اور دکان پر آنے والے گاہک سے اس کا مسئلہ پوچھو ، اسے ویٹنگ روم میں بٹھاکر مسئلہ محفل پر پوسٹ کرو اور دس منٹ بعد گاہک کو مسئلے کا حل بتا کر اپنی فیس کھری کرو۔ محفل کے مزے الگ اور جیب کے بھاری ہونے کے مزے الگ۔ اب ایسے محفلین جب اچانک لمبے عرصے کے لئے غائب ہوجاتے ہیں تو یہ شکوہ پھر زبان پر آہی جاتا ہے۔:)

کہاں میں نے مری درخواستوں کا کیا بنا آخر
کہا اس نے کہ ان پر کاروائی ہوتی رہتی ہے
یہاں نئے آنے والوں کو رپورٹ اور شکایات کے فیچرز کا سبق دیا جارہا ہے اپنے تجربات شئیر کرکے۔ کہ بھائی کوئی مسئلہ ہو آپ رپورٹ کرسکتے ہیں۔ اور کئی رپورٹس کرنے کے بعد اگر آپ پوچھیں کہ بھائی اتنی درخواستیں دی تھیں کیا ہوا تو جواب ملتا ہے کہ جناب جیسے جیسے منتظمین کی نظر پڑتی جاتی ہے ان پر کاروائی ہوتی رہتی ہے یہ الگ بات کہ آپ کو پتہ نہیں لگتا۔ اور بندہ پیچھے جاکر جائزہ لیتا ہے تو پتہ لگتا ہے کہ واقعی کاروائی ہوچکی ہوتی ہے۔ لیکن کیونکہ ایک ضابطہ اخلاق اور معیار کو مدنظر رکھ کر کی جاتی ہے جبکہ رپورٹ کرنے والا اپنے ذہنی معیار کے مطابق کاروائی کی امید رکھے ہوئے ہوتا ہے اس لئے بعض جگہ اسے محسوس ہوتا ہے کہ کاروائی نہیں ہوئی جبکہ اکثر صورتوں میں کچھ نہ کچھ مداوا ہوچکا ہوتا ہے۔:)

کہا لڑکے کی امی نے رہے_گی خوش سدا بیٹی کہ
اوپر سے بھی لڑکے کی کمائی ہوتی رہتی ہے
یہاں کافی سوچنا پڑا کہ ٹیوٹوریل کا یہ پوائنٹ محفل کے کونسے حصے سے متعلق ہے۔ تو ایک ہی خیال آیا کہ شمشاد بھائی کے محفلی شادی دفتر کی جانب نئے آنے والوں کو راغب کیا جارہاہے۔ اس سے شک پیدا ہوتا ہے کہ ٹیوٹوریل لکھنے والے کی اندر ہی اندر کوئی ڈیل شمشاد بھائی سے طے ہوئی ہے کوئی کمیشن وغیرہ تو طے ہوا ہی ہوگا۔ اگر یہ بات نہ ہوتی تو کوچہ ملنگاں کے آداب سکھانے کے لئے بھی کوئی نہ کوئی شعر ہوتا۔ یا پھر یہاں عثمان کا ذکر خیر ہے کہ حال ہی میں تو ابھی عثمان ہی کی شادی ہوئی ہے۔ اسپر تو عثمان ہی بہتر روشنی ڈال سکتے ہیں کہ اوپر کی کمائی کتنی ہے ان کی۔;) اگر شئیر کردیں گے تو شادی دفتر شائد چل نکلے ورنہ سناٹا ہی چھایا رہتا ہے آجکل۔:)

ترے پند_و_نصائح کا نتیجہ صفر ہے ناصح
برائی ہوتی رہتی تھی برائی ہوتی رہتی ہے
اس شعر میں نئے آنے والوں کو محفل کے سیاست اور مذہب کے دھاگوں کی سیر کرائی گئی ہے۔ کہ اگر آپ محفل کا ماحول سمجھے بغیر ان زمروں کا رخ کریں گےتو آپ اور منتظمین اس شعر کی عملی تصویر بن کر رہ جائیں گے۔ محفل کا ماحول اور مزاج سمجھنے سے مراد ہے کہ جب آپ محفل پر کچھ وقت گزاریں گے تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ محفل کا اصل مقصد محض اردو کی ترقی اور انٹرنیٹ پر اردو کا فروغ ہے۔ باقی زمرے ثانوی حیثیت رکھتے ہیں۔ لیکن جسطرح کام کے دوران آپ کو چائے بھی چاہئے لنچ بھی کرنا ہے کچھ ہلکی پھلکی تفریح بھی ضروری ہے کہ ان چیزوں کے بغیر اصل کام بھی پوری تندہی سے نہیں کیا جاسکتا کہ دماغ کو گاہے بگاہے فریش ہونے کے لئے دماغ کی مناسبت سے کچھ نہ کچھ تفریح کا انتظام بھی ہونا چاہے تو یہ زمرے اسی مقصد کے لئے ہیں۔ کہ ہر بندے کی دلچسپیاں الگ ہوتی ہے۔ اسے کام کے دوران الگ رنگ میں تفریح چاہئے۔ کسی کے لئے کام کے دوران پانچ دس منٹ کےلئے فیس بک کھولنا تفریح ہے تو کوئی چند منٹ نکال کر ناسا کی سائٹ پر تازہ اپڈیٹس دیکھنا تفریح سمجھتا ہے۔ کوئی کمپیوٹر یا پروگرامنگ کے فورمز کا چکر لگانا ذہن کو فریش کرنے کا ذریعہ سمجھتا ہے تو نیوز ویب سائٹس سے اپڈیٹ رہتا ہے۔ تو اسی لئے یہ مختلف زمرے ہیں کہ ہر محفلین کی دلچسپی کے زمرے بھی ایک ہی جگہ موجود ہوں ورنہ محفل کا اصل مقصد تو اس کے نام سے ظاہر ہے یعنی اردو محفل۔:)
 
آخری تدوین:
Top