توانا رکھے ،دبلارکھے اسٹرابیری

عندلیب آمنہ
اسٹرابیری اب ہندوستان، پاکستان میں بھی کاشت ہورہی ہے۔یہ خوش رنگ ،خوب صورت،خوش ذائقہ اورخوشبودارپھل ہے جواپنے غذائی اجزاکی کثرت کی وجہ سے کھانے والوں کوتوانا اورصحت مندرکھتا ہے۔اس میں حراروں کی کم مقدارکھانے والوں کودبلا بھی رکھتی ہے۔ایک پیالی اسٹرابیری میں حیاتین ج85گرام اورحرارے صرف 45گرام ہوتے ہیں۔اس میں موجود حیاتین ج تین طرح سے کولیسٹرول کے نقصانات سے محفوظ رکھتا ہے۔یہ خون کی گاڑھی چکنائیوں کی سطح کوکم کرکے خون کوپتلا کرتا ہے۔حیاتین ج میں مانع تکسیدصلاحیت بھی ہوتی ہے،
اس طرح وہ تکسید کی وجہ سے ہونے والی تھکن دورکرتا ہے۔اسٹرابیری میں فلیوونائڈزبھی خوب ہوتے ہیں جن کے غذامیں فراہم ہونے سے بعض پرانی بیماریاں جن میں سرطان،قلب کے امراض ،ہائی بلڈ پریشراورہڈیوں کی کم زوروی شامل ہے،دورہوسکتے ہیں۔
اسٹرابیری میں سیلی کون بھی خوب ہوتی ہے۔یہ غذائی جز جسم کے ریشوں،قلب اورشریانوں کی صحت کے لئے بہت مفیدہوتا ہے۔اس میں ایک معدنی جزبورون بھی ہوتا ہے جوخواتین کے جسم میں زنانہ ہارمون کی سطح بڑھادیتا ہے۔جس سے خواتین سن یاس کا آرام سے مقابلہ کرتی ہیں۔

اسٹرابیری دانتوں کی صحت کے لئے بھی مفیدہوتی ہے۔اس کا ٹکڑادانتوں،مسوڑھوں پرچندمنٹ ملنے سے ان پرجماگاڑھامیل(پلاک)دورہوجاتا ہے۔انہیں استعمال کرنے سے بھوک بڑھتی ہے اورپھیپڑوں میں نمی پیداہونے سے خشک کھانسی دورہوجاتی ہے۔اس سے پیاس کم لگتی ہے اورپیشاب میں جلن اورچھوت سے بھی نجات مل جاتی ہے۔اسٹرابیری میں بڑھاپے کا مقابلہ کرنے والے 20مختلف اجزاہوتے ہں،ان میں جست(زنک)،سیلئیم ،کرومےئم اورمیگنیزقابل ذکرہیں۔اسٹرابیری میں کیلسیم بھی ہوتا ہے۔اس میں غذائی ریشہ بھی ہوتا ہے اس سے خون میں کولیسٹرول کے علاوہ شکرکی سطح بھی کم ہوجاتی ہے۔اس سے قبض بھی دورہوتا ہے۔اسٹرابیری خاص طورپرجگرکی سمیت کودورکرتی ہے۔اس لئے اسے دوسرے غذائی اشیاء کی طرح ضرورکھانا چاہئے۔

FikroKhabar - Online Urdu News Portal - ..توانا رکھے ،دبلارکھے اسٹرابیری
 
Top