اوورسیز پاکستانیوں کی قانونی معاونت کیلئے ادارہ بنانے کا فیصلہ

BeFunky-collage-e1572910515994.jpg

اعلان 23 نومبر کو برطانیہ میں "پاکستان لاء کانفرنس" کے موقع پر کیا جائے گا

جسٹس وجیہ مہمان خصوصی ہوں گے۔ ملکر انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ اسد شمیم

قانونی معاملات کا وسیع تجربہ رکھنے والے معروف پاکستانی نژاد برطانوی بزنس مین اسد شمیم نے سندھ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس، جسٹس (ر) وجیہ الدین کے ساتھ ملکر قانونی معاونت کا ادارہ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔ اس سلسلے میں اسد شمیم نے جسٹس (ر) وجیہ الدین کو 23 نومبر کو برطانیہ کے شہر روچڈیل کے کیسلمیر کمیونٹی سینٹر میں ہونے والی "پاکستان لاء کانفرنس" میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا ہے۔

مذکورہ کانفرنس میں ادارے کے قیام کا باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔ اسد شمیم کے مطابق برطانیہ میں ایسے قانونی ادارے کی بنیاد رکھی جائے گی، جس کی ایک شاخ پاکستان میں بھی ہوگی اور یہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کا مرکز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کا مقصد پاکستان میں لا انفورسمنٹ اور قانون کی صحیح معنوں میں پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔

ادارے کا قیام قانون کی غلط تشریح اور اس کے غلط استعمال کے تدارک کیلئے بھی ضروری خیال کیا گیا ہے، تاکہ غریب کے ساتھ ظلم نہ ہو۔ انصاف طاقت ور اور غریب دونوں کیلئے یکساں ہو، اسی طرح انصاف کا بول بالا ہوگا۔

پاکستان میں ادارے کی سربراہی سندھ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس، جسٹس (ر) جسٹس وجیہ الدین کریں گے، جو پورے پاکستان میں اچھی شہرت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ پہلے بھی اوورز سیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ایسے سیل بنائے گئے تھے، لیکن وہ غیر موثر رہے۔ ایسے اداروں میں لوگ اپنے مسائل لیکر جاتے تھے، مگر ان کا حل کسی کے پاس نہ تھا۔ تاہم اسد شمیم، جسٹس (ر) وجیہ الدین کے اشتراک سے ایک ایسے ادارے کے قیام کیلئے پُرعزم ہیں، جو صحیح معنوں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
 
Top