اسلامی فلسفہء زندگی

اسلام ایسا آفاقی اور جامع دین ہے جو زندگی کے ہر پہلو بارے واضح رہنمائی عطا کرتا ہے۔ یہ فرد کی زندگی کے معاشی و معاشرتی، سماجی و اخلاقی، مذہبی و سیاسی اور قومی و بین الاقوامی ہر گوشے کو محیط ہے۔ ان تمام پہلؤوں سے متعلق مسائل پر اسلام سے ہدایت و رہنمائی کا طالب ہونا فرد کی زندگی کا مقصود ہونا چاہیے۔ یہ مقصود کماحقہ اُم الکتاب یعنی سورۃ فاتحہ سے پورا ہوتا ہے۔ اس میں انسان کو اُس کی زندگی کی مقصدیت، معرفت الہی، صراط مستقیم اور دیگر تمام امور پر تعلیم دی گئی ہے۔ آیت اھدنا الصراط المستقیم کے ذریعے انسان کو تعلیم دی گئی کہ وہ بارگاہ الہی سے راہ ہدایت کا طالب ہو، جس سے واضح ہوتا ہے کہ

اسلام محض فکر کا نام نہیں، بلکہ عزم و ارادے کا نام ہے۔

اسلام محض علم کا نام نہیں، عمل کا نام ہے۔

اسلام محض تبلیغ کا نام نہیں تعمیل کا نام ہے۔

اسلام محض توجیہ کا نام نہیں، تخلیق کا نام ہے۔

اسلام محض مقصود حیات کو جاننے کا نام نہیں، اس کو پانے کا نام نہیں۔ اور

اسلام محض فلسفیانہ موشگافیوں کا نہیں بلکہ عملی جد و جہد کے ذریعے نتائج پیدا کرنے کا نام ہے۔

یہ شہادت گہِ اُلفت میں قدم رکھنا ہے
لوگ آسان سمجھتے ہیں مسلماں ہونا
 

منہاجین

محفلین
فاروق رانا کو خوش آمدید

خوش آمدید! زہے نصیب کہ آپ نے بھی کوئی پیغام لکھا۔ اور وہ بھی ایسے عنوان تلے جس میں لکھنا ہر کس و ناکس کے بس کی بات نہیں۔ ایک بار پھر خوش آمدید۔

گھبرانا نہیں، یہاں نئے آنے والوں کے ساتھ وہ سلوک نہیں ہوتا جو کالج میں فرسٹ ایئر فول کے موقع پر ہوا کرتا ہے۔

ویسے آپس کی بات ہے، قدیر رانا کے بعد فاروق رانا کی آمد سے کچھ عجیب سا ا٘حساس ہو رہا ہے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ قدیر رانا کی طرف سے اُوپری نعرے (سلوگن) میں "انجمن آرائیاں" سے پہلا مرکب تبدیل ہو کر "بزمِ رعنائی" ہو جائے۔ یعنی آرائیں سے پہلے رانائی۔
 

ثناءاللہ

محفلین
جناب فاروق رانا:
ہم آپ کو اس چوپال پر خوش آمدید کہتے ھیں اور آپ کا پہلا خط پڑھ کر بے انتہا خوشی ہوئی کہ پہلا خط اور اتنا جاندار!
جناب میں نے سورہ فاتحہ اور اس کا ترجمہ پیش کیا تھا اور اسکی تفسیر پیش کرنا چاہا رہا تھا لیکن کوئی اچھی نہیں لگ رہی تھی ماشاءاللہ آپ نے صرف ایک آیت کی اتنی اچھی تفسیر کی ہے کہ بار بار پڑہنے کو دل کرتا ہے۔ اللہ آپ کو اس کا اجر دے اور آپ کے زور قلم اور زیادہ کرے (آمین)

باقی اب آپ کا شوق ہے کہ اسے “بزم رانائی“ بنائیں یا کچھ اور۔۔۔۔ آپ نے ہمارہ دل خوش کردیا
 
خوش آمدید کہنے کا شکریہ

جناب منہاجین اور جناب ثناء صاحبان

مجھے خوش آمدید کہنے کا بہت بہت شکریہ۔ آپ تمام احباب کا اِس فورم پر اِنصرام اور کام دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ اردو لغت کی ترقی و ترویج کے سلسلے میں یہ فورم واقعی گراں قدر خدمات سرانجام دے سکتا ہے۔

اگرچہ میں نے کافی ایام قبل اس فورم کی رکنیت حاصل کر لی تھی مگر عدیم الفرصتی کی بناء پر عملا شرکت کرکے ا٘س رکنیت کا حق ادا نہیں کرسکا۔

بہر حال میں حتی الامکان کوشش کروں گا کہ آئندہ اس فورم میں بھرپور شرکت کروں تاکہ تعلّم و تعلیم کا عمل جاری رہے۔

شکریہ :)
 
Top