2011ء کی عظیم ترین بغاوت --- حامد میر

الف نظامی

لائبریرین
وہ جدوجہد اور قیدوبند کے زمانے کے ساتھیوں کو چھوڑ کر چلا گیا ۔ باغی نے اپنوں کے خلاف بغاوت کر ڈالی۔ جاوید ہاشمی کا مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونا 2011ء کی سب سے بڑی سیاسی بغاوت ہے ۔ 23دسمبر کی سہ پہر ایوان اقبال لاہور میں خواجہ رفیق فاؤنڈشن کے سیمینار میں جاوید ہاشمی اسٹیج پر میری بائیں طرف لیاقت بلوچ اور حافظ حسین احمد کے ساتھ تشریف فرما تھے ۔ خواجہ سعد رفیق نے بڑے درد بھرے لہجے میں مجھے کان میں بتایا کہ جاوید ہاشمی صاحب تحریک انصاف میں جانے کا فیصلہ کر چکے ہیں آپ پلیز انہیں سمجھائیں کہ پرانے ساتھیوں کو چھوڑ کر مت جائیں ۔ یہ سن کر میں واقعی لرز گیا۔ جس شخص کو پرویز مشرف کی جیلیں اور تشدد نہ توڑ سکا اسے عمران خان نے کیسے توڑ لیا ؟ جاوید ہاشمی ایک ایسی جماعت میں کیسے جا سکتا ہے جو پرویز مشرف کی کابینہ کے وزیروں سے بھر چکی ہے ؟ حافظ حسین احمد نے تقریر شروع کی تو میں نے جاوید ہاشمی کی طرف سوالیہ انداز میں دیکھنا شروع کیا۔وہ سمجھ گئے کہ میری نظریں کیا پوچھ رہی تھیں ۔ پھر انہوں نے جو کہا اس کو مسترد کرنا میرے لئے مشکل تھا ۔ میرے پاس کوئی دلائل نہیں تھے کیونکہ ماضی کے کئی واقعات کا تو میں خودعینی شاہد تھا ۔ میں نے بحث نہیں کی۔ خاموش ہو گیا۔
 
Top