عدیم ہاشمی گُزرے ہوئے طویل زمانے کے بعد بھی

صائمہ شاہ

محفلین
گُزرے ہوئے طویل زمانے کے بعد بھی
دِل میں رہا وہ چھوڑ کے جانے کے بعد بھی

پہلو میں رہ کے دِل نے دیا ہے بہت فریب
رکھا ہے اُس کو یاد بُھلانے کے بعد بھی

وہ حسن ہے کسی میں نہیں تابِ دِید کی
پنہاں ہے وہ نقاب اُٹھانے کے بعد بھی

قُربت کے بعد اور بھی قُربت کی ہے تلاش
دِل مطمئں نہیں تیرے آنے کے بعد بھی

گو تُو یہاں نہیں ہے مگر تُو یہیں پہ ہے
تیرا ہی ذِکر ہے تیرے جانے کے بعد بھی

ساری زمیں کا نُور بھی سُورج نہ بن سکا
شب ہی رہی چراغ جلانے کے بعد بھی

نارِ حسد نے دِل کو جلایا ہے یوں عدیم
یہ تو نشاں رہے گا مِٹانے کے بعد بھی

لگتا ہے کُچھ کہا ہی نہیں ہے اُسے عدیم
دِل کا تمام حال سُنانے کے بعد بھی
 

طارق شاہ

محفلین
محترمہ شاہ صاحبہ
جناب عدیم ہاشمی صاحب کی غزل کی عنایت کے لئے تشکّر

غزل کے درج ذیل اشعار خوب ہیں

وہ حُسن ہے! کسی میں نہیں تاب دید کی
پِنہاں ہے وہ، نقاب اُٹھانے کے بعد بھی

قُربت کے بعد اور بھی، قُربت کی ہے تلاش
دِل مُطمئن نہیں تیرے آنے کے بعد بھی
 
Top