کیا لوگ آپ کی شخصیت سے متاثر ہوتے ہیں؟

عندلیب

محفلین
کیا لوگ آپ کی شخصیت سے متاثر ہوتے ہیں؟
سعدیہ قیصر

آپ کی شخصیت ، آپ کی ذہنی صلاحیت عادات و مزاج سے تشکیل پاتی ہے۔
آج ہم ایسے مشورے اور تجاویز بتاتے ہیں جن پر عمل کر کے آپ اپنی شخصیت کی تعمیر کر سکتے ہیں اور دوسروں کی توجہ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

سب سے پہلے تو یہ اچھی طرح ذہن نشین کر لیں کہ نہ تو لوگوں سے اتنا کم ملیں کہ وہ آپ کو مغرور اور بد مزاج کہنے پر مجبور ہوجائیں اور نہ اتنا زیادہ ملیں کہ لوگ آپ سے کترانے لگیں۔ اعتدال پسندی اختیار کیجئے اور توازن رکھیے۔

لوگوں سے ملتے وقت اس امر سے بچئے کہ "اپنی بات لاکھ کی دوسروں کی خاک کی"۔

گفتگو کے دوران اپنے مسائل ، پریشانیوں کا ذکر کم سے کم کریں۔

اچھائی یا برائی کا انحصار زبان میں پوشیدہ ہوتا ہے۔ لہذا سامنے والے کی طبعت اور ذوق کے مطابق گفتگو کرنے کی کوشش کیجئے اور مخاطب کی بات کو اہمیت دیجئے۔
زندہ دلی کا مظاہرہ کریں ، سرد مہری سے بچئے۔

اگر آپ غیر ذمہ دار مشہور ہیں تو اپنے اوپر سے اس لیبل کو ہٹانے کی کوشش کریں۔

کسی سے بھی گفتگو کرتے وقت یہ ضرور سوچئے کہ آپ کیا کہہ رہے ہیں اور کس سے کہہ رہے ہیں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ بولنے کے بعد آپ پشیمان ہوں کہ میں نے یہ کیا کہہ دیا۔

دوسروں کے سامنے اپنی قابلیت ، اور رتبہ کا رعب مت جھاڑیے ، بار بار اپنی کامیابیوں کا ذکر نہ کریں۔ کیوں کہ آپ جو بھی ہیں وہی نظر آتے ہیں تو پھر چرچا کیوں؟

آپ جس عمر کے لوگوں میں یا محفل میں ہوں ، ان سے ان کی عمر کے مطابق گفتگو کریں۔

اس کے ساتھ ساتھ شخصیت کی بہتر تعمیر کے لئے ضروری ہےکہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ مثبت اور تعمیری سر گرمیاں اختیار کریں۔ مطالعے کی عادت اپنائیں ، مذہبی اقدار اپنائیں۔

یہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں جو بظاہر آپ کو ایک اچھا انسان اور اچھی شخصیت کا مالک بنا سکتی ہیں۔ بس ضرورت ہے عمل کی۔
 
Top