ڈاکٹر عافیہ کی دورانِ قید ہلاکت کی تردید

عدیل منا

محفلین
حسن مجتبیٰ
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیویارک
آخری وقت اشاعت: جمعرات 21 جون 2012 ,‭ 03:04 GMT 08:04 PST
امریکی ریاست ٹیکساس میں وفاقی حکام اور واشنگٹن میں پاکستانی سفارتکاروں نے بدھ کے روز پاکستان میں پھیل چلنے والی ان افواہوں کی تردید کی ہے کہ امریکہ میں قید پاکستانی نژاد خاتون سائنسدان ڈاکٹر عافیہ صدیقی چل بسی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی بخیریت ہیں اور حال ہی میں ان کے اہل خانہ سے ان کی ٹیلیفون پر بات چیت بھی ہوئی ہے۔
واشنگٹن اور ہیوسٹن میں پاکستانی سفارتکاروں نے مقامی پاکستانی میڈیا کے نمائندوں کی طرف سے بھیجے گئے سوالات کے جوابات میں کہا ہے کہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے اور ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل خانے کے اہلکار ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساتھ باقا‏عدہ رابطوں میں ہیں ۔
امریکہ میں پاکستانی سفارتی حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساتھ کراچی سے ان کے اہل خانہ ان سے ٹیلیفون کے ذریعے بات بھی کرتے رہتے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستانی سفارتی حکام کا کہنا تھا کہ تازہ ترین بات چیت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیساتھ ان کی بہن اور خاندان کے دیگر افراد سے انیس جون کو ہوئی تھی-
ہیوسٹن میں قونصل خانے کے اہلکاروں نے بتایا ہے کہ وہ اور واشنگٹن میں ان کا سفارتخانہ امریکی حکام سے بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت و خیریت کے متعلق باقاعدہ رابطے میں رہتے ہیں۔
امریکی وفاقی حکام نے بھی پاکستان میں ڈاکٹر عافیہ کی صحت و زندگی کے متعلق چل پڑنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر افغانستان میں امریکی حکومتی و سیکیورٹی اہلکاروں پر مبینہ طور قاتلانہ حملے کے الزامات ہیں۔ نیویارک کی ایک وفاقی عدالت نے انہیں اس الزام کے تحت اسّی برس سے زیادہ کی سزا سنا رکھی ہے۔ عافیہ صدیقی امریکی ریاست ٹیکساس کی وفاقی ایف ایم سی سینٹر میں قید ہیں۔
ایف ایم سی سینٹر کے ترجمان نے بدھ کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی موت سے متعلق افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔
 
Top