امجد اسلام امجد چہرے پہ میرے زلف کو پھیلاؤ کسی دن

نظام الدین

محفلین
چہرے پہ میرے زلف کو پھیلاؤ کسی دن

کیا روز گرجتے ہو، برس جاؤ کسی دن

رازوں کی طرح اترو میرے دل میں کسی شب

دستک پہ میرے ہاتھ کی کھل جاؤ کسی دن

پیڑوں کی طرح حسن کی بارش میں نہالوں

بادل کی طرح جھوم کے گھر آؤ کسی دن

خوشبو کی طرح گزرو میرے دل کی گلی سے

پھولوں کی طرح مجھ پہ بکھر جاؤ کسی دن

پھر ہاتھ کو خیرات ملے بندِ قبا کی

پھر لطف شب وصل کو دہراؤ کسی دن

گزریں جو میرے گھر سے تو رک جائیں ستارے

اس طرح میری رات کو چمکاؤ کسی دن

میں اپنی ہر اک سانس اسی رات کو دے دوں

سر رکھ کے میرے سینے پہ سوجاؤ کسی دن

(امجد اسلام امجد)​
 

محمداحمد

لائبریرین
نظام الدین صاحب!

اس بات میں تو کوئی شبہ نہیں ہے کہ آپ بہت اچھا کلام انتخاب کرتے ہیں۔ لیکن چونکہ آپ کا زیادہ تر انتخاب سدابہار اور معروف قسم کا ہوتا ہے تو وہ محفل پر پہلے سے ہی موجود ہوتا ہے۔ اس طرح محفل پر ایک ہی چیز دو بار شامل ہو جاتی ہے جو کہ محفل کی پالیسی کے خلاف ہے۔

محفل میں جو کلام پہلے پوسٹ کیا جا چکا ہے اُسے تلاش کرکے اس پر بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا جا سکتا ہے۔ اگر محفل میں سرچ کرنے سے مطلوبہ کلام نہ ملے تو آپ گوگل پر ایڈوانس سرچ کے ذریعے یہ معلوم کر سکتے ہیں کہ آیا یہ کلام محفل پر موجود ہے یا نہیں۔

اُمید ہے جب آپ محفل پر بہت سا کلام پائیں گے تو پھر اپنے ذوق کی تسکین کے لئے ایسا کلام بھی ڈھونڈنے کی کوشش کریں گے جو محفل پر پہلے سے موجود نہ ہو۔ آپ کے انتخاب کئے گئے نئے کلام سے آپ سمیت ہم سب محفلین لطف اندوز ہو سکیں گے۔

یہ غزل بھی محفل پر پہلے سے موجود ہے اور کاشف بھائی نے یہاں پوسٹ کی ہوئی ہے۔
 

نظام الدین

محفلین
نمحفل پر ایک ہی چیز دو بار شامل ہو جاتی ہے جو کہ محفل کی پالیسی کے خلاف ہے۔
جناب میری پہلی کوشش یہی ہوتی ہے کہ جو کلام میں پوسٹ کرنے جارہا ہوں وہ پہلے سے موجود نہ ہو۔۔۔۔۔۔ لیکن بعض اوقات سرچ کرنے پر بھی معلوم نہیں ہوپاتا۔۔۔۔۔۔ بہرحال انتہائی معذرت۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آئندہ مزید دیکھ بھال کروں گا۔۔۔۔ شکریہ
 

محمداحمد

لائبریرین
جناب میری پہلی کوشش یہی ہوتی ہے کہ جو کلام میں پوسٹ کرنے جارہا ہوں وہ پہلے سے موجود نہ ہو۔۔۔۔۔۔ لیکن بعض اوقات سرچ کرنے پر بھی معلوم نہیں ہوپاتا۔۔۔۔۔۔ بہرحال انتہائی معذرت۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آئندہ مزید دیکھ بھال کروں گا۔۔۔۔ شکریہ

معذرت کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔

بہت شکریہ کہ آپ نے ہماری بات کو درخورِ اعتنا جانا۔ محفل ہماری اور آپ کی سانجھی ہے سو اس کا خیال ہم اور آپ مل کر ہی رکھیں گے۔ ان شاءاللہ۔
 
Top