پیدائش سے پہلے کی دوستی

جاسمن

لائبریرین
’پیدائش سے پہلے ہی جڑواں بہنوں کی دوستی‘
منگل 13 مئ 2014,‭
140513004437_holding_hands_304x171_ach.jpg

مجھے یقین نہیں آ رہا کہ ان دونوں نے ایک دوسرے کے ہاتھ تھام رکھے تھے: سارا تھیسلتویت

امریکہ میں پیدائش کے وقت دو جڑواں بہنوں نے ایک دوسرے کے ہاتھ تھام رکھے تھے۔

نوزائیدہ بچوں کی ماں کے مطابق دونوں بہنوں کو وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے اور اب وہ خود سانس لے رہی ہیں۔

32 سالہ سارا تھِسل ویٹ کے مطابق دونوں بہنیں پیدائش سے پہلے ہی بہترین دوست بن گئی ہیں۔

جڑواں بہنیں جمعے کو امریکی ریاست اوہائیو میں پیدا ہوئیں اور جب ڈاکٹروں نے انھیں والدین کو دکھانے کے لیے اوپر اٹھایا تو دونوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام رکھا تھا۔

عام طور پر جڑواں بچے ماں کے پیٹ میں الگ الگ تھیلیوں (ایمنیوٹک سیک) میں پروان چڑھتے ہیں، لیکن دس ہزار میں سے ایک حمل میں جڑواں بچے ایک ہی تھیلی میں ہو سکتے ہیں۔ اس کو مانو ایمنیوٹک پیدائش کہا جاتا ہے۔ اس طرح کے بچوں کی پیدائش میں مسائل ہو سکتے ہیں کیوں کہ ان کی آنول نالیوں کے آپس میں الجھنے کا خدشہ ہوتا ہے۔

سارا تھِسل ویٹ کی بچیاں بھی ایک ہی تھیلی میں پروان چڑھی تھیں۔

سارا تھِسل ویٹ گذشتہ کئی ہفتوں سے ایک میڈیکل مرکز میں ڈاکٹروں کی زیرنگرانی تھیں کیونکہ بچہ دانی میں ان کی دونوں بیٹیوں کی آنول نالیاں الجھ گئی تھیں۔ ڈاکٹروں نے پیدائش سے قبل بچوں کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا تھا۔

سارا تھِسل ویٹ نے ایکرون بیکن جریدے کو بتایا کہ ماؤں کے عالمی دن پر یہ ان کے لیے بہترین تحفہ تھا۔

’مجھے یقین نہیں ہو رہا کہ ان دونوں نے ایک دوسرے کے ہاتھ تھام رکھے تھے، یہ حیرت انگیز ہے۔‘
http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2014/05/140512_sisters_born_holding_hands_zz.shtml
 
Top