وزیر اعظم اے پی سی بلائیں ، اکثریت کہے تو الیکشن کرا دیں۔ جاوہد ہاشمی

الف نظامی

لائبریرین
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جاوید ہاشمی نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلائیں۔ اگر قائدین کی اکثریت کہتی ہے تو وہ اسمبلی توڑ کر نئے انتخابات کا اعلان کریں ، عہدے سے نہ چمٹیں اور پانچ سال اقتدار کا شوق پورا نہ کریں۔ ملک شدید بحران میں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد ملتان پہنچنے پر اپنی رہائشگاہ پر استقبال کرنے والے بڑے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے ہاشمی نے کہا کہ اپنے 45 سالہ سیاسی کیریئر کی روشنی میں وزیر اعظم کو یہ مشورہ دے رہا ہوں اور دنیا بھر میں وزرائے اعظم ایسے حالات میں ایسا ہی قدم اٹھاتے ہیں۔ میں نے لوگوں کی آنکھوں میں انقلاب کی نوید پڑھ لی ہے۔ آنے والا دو کرپشن ، لوٹ مار اور خوشامد کے خاتمے کا دور ہوگا ، ہم پاکستان کو انصاف کی دھرتی بنائیں گے۔ قائد اعظم کی طرح عمران خان بھی انصاف کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی قیادت جانتی ہے کہ میں نے پارٹی کیوں چھوڑی ، وہ قوم کو اسکی وجہ بتائیں ورنہ میں بتاوں گا۔ ملتان کا کیا قصور تھا کہ یہاں کی ترقی کے پیسے پنجاب حکومت اٹھا کر لے گئی۔

قبل ازیں ہاشمی ملتان پہنچے تو ائیرپورٹ پر تاریخی استقبال کیا گیا۔ تحریکِ انصاف کے ہزاروں کارکن اور عہدیدار جھنڈے اٹھاے موجود تھے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کا نظام درہم برہم ہوگیا، ہاشمی کی رہائشگاہ سے ائیرپورٹ تک گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں۔ دھکم پیل سے وی آئی پی لاونج کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ہاشمی کو کھلی چھت والی گاڑی میں گھر لایا گیا۔ راستے میں کارکن ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ اتنا بڑا استقبال پہلے نہیں دیکھا۔ یہ استقبال بھٹو کےاستقبال کو بھی پیچھے چھوڑ گیا۔ ثابت ہوا کہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ درست تھا۔ اس سے پہلے جاوید ہاشمی نے کراچی ائیر پورٹ پر گفتگو اور ایک انٹرویو میں کہا کہ پارٹی میں آمریت ہوگی تو ملک کو جمہوریت کیسے دے گی۔ آئندہ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی۔ ن لیگ چھوڑنے پر پریشانی نہیں۔ استعفی ایک دو دن میں بھیج دوں گا۔ 2012 انتقال اقتدار کا سال ہوگا۔

روزنامہ ایکسپریس 28 دسمبر
 
Top