مظفر وارثی نعت- جہل کا سر درِ ابلاغ پہ خم تُو نے کیا

فرحت کیانی

لائبریرین
جہل کا سر درِ ابلاغ پہ خم تُو نے کیا
ظلمتِ کفر کو خورشیدِ حرم تُو نے کیا

جس سے انکار کوئی قوم نہیں کر سکتی
آدمیت پہ وہ احساں وہ کرم تُو نے کیا

چاند تاروں سے بھی آگے تھی رسائی تیری
آسمانوں کو مشرف بہ قدم تُو نے کیا

چل پڑیں لوگ بھٹک کر نہ جُدا رستوں پر
اس لیے دین میں دنیا کو بھی ضم تُو نے کیا

اس قدر تو کوئی ماں بھی نہ تڑپتی نہ ہو گی
جس قدر اُمتِ بیمار کا غم تُو نے کیا

شعر گوئی تو مظفر کو خدا نے بخشی
اپنا مداح اسے شاہِ امم تُو نے کیا

کلام: مظفر وارثی
 
Top