میری لینکس بیتی

ابوشامل

محفلین
السلام وعلیکم برادرانِ محفل! یہاں لینکس کارنر میں ہونے والے گفتگو نے مجھ میں اس قدر اشتیاق پیدا کردیا کہ مجھ جیسا "ونڈوز پرست" آدمی بھی لینکس استعمال کیے بغیر چین سے نہ بیٹھ سکا۔ گذشتہ 3 سے 4 دن اوبنٹو اور کبنٹو کی تلاش میں گذرے۔ تمام اہم مارکیٹیں چھان ماریں، کراچی کے مشہور رینبو سینٹر گیا لیکن جناب وہاں تو دکاندار اوبنٹو اور کبنٹو کانام سن کر کہنے لگتے کہ جناب یہ کیا بلا ہے؟ لیکن ریڈ ہیٹ لینکس کا نیا ورژن فیڈورا کور 6 سب کے پاس موجود تھا۔ لیکن جناب مجھے تو اوبنٹو یا کبنٹو درکار تھی۔

بالآخر اس دکاندار کے پاس گیا جس سے میں تمام سی ڈیاں خریدتا ہوں۔ اس کو بولنے میں تو کچھ سمجھ نہ آیا لیکن دکاندار نے کہا کہ آپ مجھے نام لکھ کر دے دیں میں آپ کو لادوں گا۔ میرا اندازہ تھا کہ دکاندار نے ایسے ہی "پکا گاہک"" ہونے کے باعث مجھ سے نام لکھوالیے ہیں، سی ڈیاں ملیں گی نہیں اس لیے میں نے اپنے تئیں کوشش جاری رکھی۔ لینکس پاکستان کی ویب سائٹ سے اس کا ایڈریس لیا لیکن جانے کا مسئلہ، انتا وقت ہی نہیں تھا کہ ناظم آباد جاتا اور وہاں سے خریدتا! بہرحال ایک دوست صہیب چغتائی صاحب کو پکڑا جو ناظم آباد کے راستے سے ہی آتے تھے اور ان کے پاس بائیک بھی تھی۔ ان کو پیسے پکڑائے اور کہا کہ جناب اوبنٹو، کبنٹو، زبنٹو، فری اسپائر، لنسپائر جو بھی ملے پکڑ لینا :wink:
اگلے دن وہ صاحب ڈھونڈ ڈھانڈ کر لینکس پاکستان کے دفتر پہنچے، ہم یہاں دفتر میں اضطرابی کیفیت میں تھے کہ جناب کب صہیب صاحب آئیں اور ہم لینکس کی کم از کم سی ڈی ہی دیکھ لیں۔ 4 بجے ان صاحب کی دفتر آمد کا وقت تھا لیکن 5 بج گئے اور ہماری چھٹی کا وقت ہوگیا لیکن وہ صاحب غائب! بہرحال ہم سے رہا نہ گیا اور انہیں فون کرکے کہا کہ حضرت کدھر ہیں؟ وہ صاحب بولے کہ جناب ابھی تلاش بسیار کے بعد یہاں پہنچا ہوں، صرف کبنٹو ہے اور وہ بھی یہ ابھی رائٹ کرکے دیں گے۔ بہرحال ایک گھنٹہ مزید انتظار کے بعد حضرت 6 بجے دفتر پہنچے اور کالے رنگ کا ایک ڈبہ پکڑا دیا جس میں ایک سی ڈی نصب تھی جس پر کالے مارکر سے کبنٹو 6.10 درج تھا۔
لے کر فورا گھر دوڑے، لیکن جناب بجلی کہاں کہ کمپیوٹر چلائیں، رات 10 بجے تک بے قراری کے عالم میں رہے اور جیسے ہی بجلی آئی فورا کمپیوٹر کی طرف دوڑ لگائی۔
اب میں کوئی گائیڈ یا اردو محفل پر کبنٹو یا اوبنٹو کی انسٹالیشن کے بارے میں معلومات لے کر تو گیا نہیں تھا، اور پہلی مرتبہ لینکس انسٹال کرنے کا خوف بھی تھا لیکن اشتیاق اتنا تھا کہ میں نے کہا کہ اے اللہ! ڈیٹا کا تو ہی حافظ ہے۔
سی ڈی ڈالی، لائیو سی ڈی چلی، کچھ دیر چلائی لیکن براہ راست سی ڈی سے چلنے کے باعث کام کچھ سست اس لیے سب سے پہلے انسٹال کا آئیکن کلک کیا اور انتہائی غور غور سے پڑھنے کے بعد آگے بڑھاتے رہے اور اللہ اللہ کرکے ایک ڈیڑھ گھنٹے میں کبنٹو کے ڈیسک ٹاپ پر پہنچے۔ سب سے پہلا کام تو ہم نے ری اسٹارٹ کرکے پہلے ونڈوز میں جاکر دیکھا کہ ڈیٹا تو اللہ کو پیارا نہیں ہوگیا، اور الحمد للہ سب کچھ موجود تھا جس پر کبنٹو کی انسٹالیشن سے زیادہ خوشی ہوئی البتہ ڈرائیو ریسائز کرنے کے باعث سی ڈرائیو میں صرف 500 ایم بی کی جگہ بچی تھی جو تشویشناک تھی۔ بہرحال رات گئے تک کبنٹو سے کھیلتے رہے اور رات کو خواب میں بھی کبنٹو استعمال کرتے رہے۔
اگلے روز دفتر سے واپس آتے ہی کمپیوٹر کی نشست گھیر لی اور اب پریشانیوں سے گھیرا کہ اس میں ایم پی تھری کیوں نہیں چلتی؟ میری دیگر ڈرائیو پارٹیشن کدھر ہیں؟ اس میں سافٹ ویئر کیسے انسٹال کرتے ہیں؟ ونڈوز کے سافٹ ویئر چلیں گے یا نہیں؟
ان تمام سوالات کے ساتھ سسٹم میں گھستے رہے اور بالآخر وہی ہوا یعنی کبنٹو خراب کر بیٹھے اور اس سے زیادہ خطرناک بات کہ ونڈوز بھی نہیں چل رہی تھی۔
بہرحال اسی پریشانی میں ہفتہ کے دن اپنے سالے کو کمپیوٹر دلانے لے گئے، 4 سے 5 گھنٹے خواری کے بعد کمپیوٹر خریدا اور واپسی پر اسی سی ڈی والے دکاندار سے ملنے گئے جس سے اوبنٹو کا وعدہ کیا تھا اور جناب وہ بھی کام کا بندہ نکلا دکان پر پہنچتے ہی کہا کہ جناب آپ کی سی ڈیاں لے آیا ہوں اور 6،7 اوبنٹو 6.10 کی سی ڈیاں سامنے رکھ دیں جن میں سے ایک ہم نے اٹھالی۔ اور گھر چلے آئے اور ونڈوز انسٹال کرنے میں بھی نصف شب ہوگئی اس لیے آرام کیا اور اوبنٹو کو صبح پر ٹال دیا۔
کئی دنوں کا تھکاوٹ کے باعث صبح 12 بجے ہی اٹھ سکا اور ناشتہ کرتے ہی دوبارہ "مشن اوبنٹو" پر کام کا آغاز کردیا۔
سب سے پہلے تو پارٹیشن میجک درکار تھا تاکہ اپنے پارٹیشنوں کی حالت سدھارسکوں اور انہیں مطلوبہ صورت میں لاسکوں۔ اس لیے پارٹیشن میجک کی سی ڈي ڈھونڈنے نکلا، ایک دکان پر مل گئی لیکن جیب میں ہاتھ ڈالا تو پتہ چلا کہ جناب پیسے تو لیے ہی نہیں، ایسے ہی نکل پڑے۔اب اس دکان کے قریب رہائش پذیر ایک دوست کے پاس پہنچے کہ جناب ایک سی ڈي خریدنی ہے جیبیں جھاڑیے! لیکن انہوں نے گھیر لیا کہ جناب اتنے دنوں بعد تو آپ نے شکل دکھائی ہے ایسے تو نہیں جانے دوں گا۔ سی ڈیاں خریدتے ہوئے اچانک ایک گاڑی سامنے آکر رکی اور اندر سے ماموں بولے "کہاں بھئی؟" میں نے بتایا کہ سی ڈیوں کے سلسلے میں گھوم رہا ہوں، انہوں نے کہا کہ واپسی پر گھر سے چکر لگاتے جانا!
پہلے تو ڈھائی تین گھنٹے تک دوست کے پاس بیٹھنا پڑا، کھانا وغیرہ کھایا، ان کے سسٹم میں وائرس تھے، ان کو ختم کرنے کے مفید مشورے دیے۔ پھر وہاں سے نانی کے گھر پہنچا، وہاں ماموں کے کمپیوٹر پر کچھ کام کیے اور انہیں بھی اپنی اوبنٹو بیتی سنائی۔ بہرحال صبح کے بھولے شام ساڑھے پانچ بجے گھر لوٹے اور آتے ہی
کمپیوٹر کو گھیر لیا اور اوبنٹو کی تنصیب کا کام شروع کیا۔ کبنٹو کی ایک مرتبہ انسٹالیشن کے باعث اس مرتبہ زيادہ اعتماد سے اوبنٹو انسٹال کی اور 8 بجے تک تمام کام نمٹانے کے بعد گھر والوں کو مژدہ سنایا کہ جناب اوبنٹو انسٹال ہوگئی ہے۔ بہن اور بیگم کا پہلا سوال سنیے "اس میں گیم کون کون سے ہیں؟"
بہرحال تمام سوالوں کے جواب دینے کے بعد اس پر کام شروع کیا لیکن وہ تمام مسائل ہنوز برقرار ہیں جو کبنٹو کی انسٹالیشن کے بعد سامنے آئے تھے یعنی ایم پی تھری کیسے چلیں گے؟ سافٹ ویئر کیسے انسٹال ہوں گے؟ اردو کیسے لکھ سکوں گا؟ اور میرے دیگر پارٹیشن کا ڈیٹا کیوں نہیں ظاہر ہورہا؟
بہرحال آج ہمیں اوبنٹو کا ایک روزہ بلکہ تین گھنٹے کا تجربہ حاصل ہے جو رات کو حاصل کیا! آگے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے؟
کوئی "لینکس شناس" شخصیت ہماری ان سوالات کے جواب کے سلسلے میں رہنمائی فرمائے، کیونکہ ہمیں تو یہ بھی نہیں معلوم کہ کمانڈ کیسے لکھتے ہیں، اس لیے "طفل لینکس" سمجھ کر ہماری کچھ رہنمائی فرمائیں تو یہ بندہ شکر گذار ہوگا۔
 

دوست

محفلین
بھائی جی ذپ میں آپ کو جواب مل گیا ہوگا۔ہیلپ میں جاکر اوبنٹو ڈیسکٹاپ گائیڈ میں ان تمام سوالوں کے جواب موجود ہیں میں بھی تفصیلاً لکھتا ہوں ان سب پر لیکن ابھی نہیں وقت کی کمی ہے۔ :oops:
وسلام
 

ابوشامل

محفلین
پارٹیشن

برادر شاکر صاحب! صرف اتنا بتادیں کہ کیا لینکس کے ذریعے دیگر پارٹیشنز تک رسائی ممکن ہے؟
 

خاور بلال

محفلین
سالے، ماموں، بہن، بیگم، دکان دار، پکا گاہک، صہیب چغتائی، کالے مارکر، بجلی، نصف شب، پیسے کی گمشدگی ۔ ۔ ۔ کے بغیر بھی لینکس کا ذکر ہوسکتا تھا۔
فالودے کے ذکر کی کمی محسوس ہوئی
کہانی دکھ بھری ہے ۔ مطلب پرست دوست نے کھانے کے بہانے آپ سے وائرس کلین کروائے۔
صاحب!
ہمارا بھی ایک وائرس کلین کردیں‌ ۔ ۔ ۔لیکن وہ پیٹ میں‌ہے
 

دوست

محفلین
اوبنٹو پر کونسی گمیز ہیں‌ اگر ہیں تو کہاں سے ملیں ونڈوز کی گمیز کیسے چلیں
یہاں دیکھیں
امید ہے آپ کے مسائل فی الحال حل ہوجائیں گے۔
 

ابوشامل

محفلین
وائرس کلین کردوں؟

خاور بلال صاحب! آپ شاید اس لیے تپ گئے کیونکہ میں نے آپ کا ذکر نہیں کیا! :oops:
میں نے یہ کہاں لکھا کہ میں نے دوست کے کمپیوٹر کے وائرس کلین کیے!
دوسری بات یہ کہ آپ کے وائرس تو میں ایسے کلین کروں گا کہ نہ رہے گا پیٹ نہ بچیں گے وائرس! :lol:
 
Top