محنتی چیونٹی

جیہ

لائبریرین
محنتی چیونٹی



یہ بھولی بھالی چیونٹی
پھرتی ہے دن بھر رات بھر

کرتی ہے محنت کس قدر
جاتی ہے کھیتوں کی طرف

لمبی قطاریں باندھ کر
پھر گھر پلٹ آتی ہے یہ
دانے اٹھا کر لاتی ہے یہ
غلے سے بھر لیتی ہے گھر

کرتی ہے کیا لمبی سفر
یہ بھولی بھالی چیونٹی
رکھو کوئی شے ڈھانک کر
مل جاتی ہے اس کو خبر
لے جاتی ہے یہ کچھ نہ کچھ
وہ خشک شے ہو یا ہو تر
بو سونگھ کر بڑھتی ہےیہ
دیوار پر چڑھتی ہے یہ
جتنے ہیں ننھے جانور
ان سب میں آتی ہے نظر

کیسی نرالی چیونٹی
یہ بھولی بھالی چیونٹی
محنت سے شرماتی نہیں
مشکل سے گھبراتی نہیں
کیسا ہی بھاری کام ہو
کرنے سے اکتاتی نہیں
رہتی نہیں بے کار یہ
ہے واقعی ہشیار یہ
سستی اسے آتی نہیں
سستی اسے بھاتی نہیں

ہے عقل والی چیونٹی
یہ بھولی بھالی چیونٹی

(حفیظ جالندھری)
 
Top