فنا فی اللہ !

x boy

محفلین
فنا فی اللہ !

تصوف کی مشہور و معروف اصطلاح فنا فی اللہ ھے ! جس کا نتیجہ بقا باللہ ھے !

یعنی سادہ لفظوں میں سمجھایا جائے تو ،کچھ یوں ھے کہ جب بچپن میں ھم بہن بھائیوں کو کھانے کے لئے دانے وانے دیئے جاتے تھے تو ھم اصرار کرتے تھے کہ " ھمیں الگ الگ دیں " مقصد یہ ھوتا تھا کہ آرام کے ساتھ مزے لے لے کر کھائیں گے ( ٹوشیوں کے ساتھ ) ایک تو گوڈے گوڈے غربت تھی جس میں ایسی نعمتیں روز نہیں ملا کرتیں ، اوپر سے ھر بھائی بہن مٹھیاں بھر بھر کے زیادہ سے زیادہ کھانا چاھتا تھا،،یوں وہ جلدی ختم ھو جاتے تھے ،، مگر جب بانٹ کر دیئے جاتے تو پھر اپنی سہولت کے مطابق سپیڈ کم بھی کر لی جاتی تھی،،یہی حال دو بیویوں والے کا ھوتا ھے ،ایک ھو تو بچت کرتی ھے،کہ میرے بچوں کا مستقبل ھے ،،مگر دو ھوں تو شمع کی دونوں جانب آ گ لگا دیتی ھیں کہ میں کیوں بچت کروں جبکہ اس بچت کا پچاس فیصد فائدہ دوسری سپنی ( سانپ کی مادہ ) کو ملے گا،، اے سی بھی 24 گھنٹے چلتا ھے ! یہ جوائنٹ فیملی کی نفسیات ھے کہ دبا کے خرچو،،بچت کوئی بھی نہ کرے کیونکہ اس بچت کا فائدہ دوسرے کو بھی ملے گا !

خیر مسئلہ تب بنتا تھا کہ جب بڑا بھائی اپنے حصے میں سے 90٪کھا کر باقی 10٪ ھمارے ساتھ مکس کر کے سلوک اتفاق کے فائدے اور اکٹھا کھانے کی برکات پر مشتمل احادیث سناتا تھا ! جبکہ ھمارے ابھی 90٪ دانے باقی ھوتے تھے،، وہ تو بدنیت تھا ،اسے تو پتہ تھا کہ جلدی جلدی کھا کر تھوڑے بچا کر وہ ھمارے ساتھ جوائنٹ وینچر کر لے گا،،ھم سادے تھے کہ ان دانوں کو حتمی تقسیم سمجھ کر ایک ایک دانہ منہ میں رکھتے ،پہلے اسے قدرت اللہ شہاب کی طرح پورے منہ کا دورہ کراتے ،پھر ایک دانت کے نیچے لا کر اسے ایک ادا سے توڑتے کہ اسے تکلیف بھی نہ ھو اور ٹوٹتے وقت اس میں سے جو خوشبو نکلتی ھے اس کو بھی انجوائے کیا جائے،،دوسری جانب بڑا بھائی ،، حاجی شیر علی مرحوم کے بیل کی طرح ٹھکا ٹھکا جگالی کرتا جا رھا ھوتا،، اور ھم اس کی عاقبت نااندیشی کو تعجب سے دیکھ رھے ھوتے تا آنکہ وہ بچتے چند دانے ھمارے بھرے پیالے میں ملا کر سارے پیالے کو قومی تحویل میں لے لیتا !
یہ ھمارے بزرگ " فنا فی اللہ " کا کھیل " بقا باللہ کی سیاست کے لئے کیا کرتے ھیں ! بھائیو !! تم نے اللہ کی خاطر فنا کیا ھی کیا ھے ؟ کیا کروڑوں کما کر اللہ کی راہ میں لگایا ھے ؟ اللہ کی مخلوق یعنی اللہ کے کنبے " الخلق کلھم عیال اللہ " کو کچھ کھانے کو دیا ؟ کسی روتے کو ھنسایا ،،کسی گرے کو اٹھایا ؟؟؟ یا تم خود بھی مانگ کر کھاتے رھے اور اللہ کی مخلوق پر بوجھ بنے رھے ،،اگر سارے تمہاری طرح کپڑے اتار کر بیوی بچے چھوڑ کر ،فنا فی اللہ ھونے نکل پڑتے تو انسانیت سسک سسک کر دم توڑ دیتی ،، اللہ سے بھی سیاست کرتے ھو ؟ کیا وہ حدیث نہیں پڑھی کہ ایک بدکار عورت صرف کتے کو پانی پلا کر جنت چلی گئ ! کیا جنت بقا باللہ نہیں ھے ؟ اپنی سماجی ذمہ داریوں سے فرار کو کیا کیا خوبصورت اور مقدس نام دے رکھے ھیں ھم لوگوں نے !! اللہ پاک معاف فرمائے !
 
Top