غلامِ مصطفیٰ ہوں اور مجھے ان سے محبت ہے - فہیم بسمل

حسان خان

لائبریرین
غلامِ مصطفیٰ ہوں اور مجھے ان سے محبت ہے​
یہ نسبت دو جہاں میں باعثِ توقیر و عزت ہے​
مرا دل ہر گھڑی ہے محو ذکرِ شاہِ بطحا میں​
یہی ہے زندگی میری یہی میری عبادت ہے​
بنایا ہے سبھی نبیوں میں رب نے افضل و اعلی​
زمیں سے آسماں تک میرے آقا کی حکومت ہے​
رہے گا تا ابد سایہ مرے آقا کی عظمت کا​
یہی ایمان ہے میرا، یہی میری عقیدت ہے​
وہ ذرے چاند تاروں جیسے اب بھی جگمگاتے ہیں​
رہی جن کو کبھی حاصل میرے آقا کی قربت ہے​
ہمیں کیوں فکر لاحق ہو زمانے کے تغیر کی​
"ہمارے حال پر سرکار کی چشمِ عنایت ہے"​
یہ آقا کی محبت ہی کا ہے انعام اے بسمل​
کہ تیری نعت گوئی کی ہر اک محفل میں شہرت ہے​
(فہیم بسمل)​
 
Top