ضرب عضب،میران شاہ میں دہشت گردوں کی نجی جیل دریافت

ضرب عضب،میران شاہ میں دہشت گردوں کی نجی جیل دریافت

11 جولائی 2014 (15:35)


میران شاہ(مانیٹرنگ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں کی جانب سے قائم نجی جیل دریافت کر لی گئی ، دہشت گردوں نے نجی جیل میں بڑی تعداد میں لوگوں کو قید کررکھا تھا اور مختلف سزائیں دیتے تھے۔تفصیلات کے مطابق عسکری حکام نے میڈیا کو شہر میں موجود دہشت گردوں کی ایک نجی جیل کا دورہ بھی کرایا جس کے کمروں میں دہشت گرد اپنے مخالفین کو قید رکھتے اور وحشیانہ سزائیں دیتے تھے،طالبان کی اس جیل میں بڑی تعداد میں لوگ تشدد کا شکار اور موت سے ہمکنار ہوئے۔دہشت گردوں کی نجی جیل میں ہتھکڑیاں، بیڑیاں اور آلات تشدد سب ہی کچھ موجود ہے لیکن قیدی غائب ہیں اور خدشہ ہے کہ دہشت گرد یہاں سے فرار ہوتے وقت انہیں اپنے ساتھ ہی لے گئے،جیل میں موجود ایک رجسٹر سے قیدیوں کے ناموں، جرائم اور سزاﺅں کا پتہ چلایا جاسکتا ہے۔لشکر خراسان کی جانب سے میران شاہ میں قائم نجی جیل اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان اور بالخصوص میران شاہ میں ریاست کی رٹ کو ماننے سے انکار کر رکھا تھا اور مستقبل میں ان واقعات سے بچنے کے لئے ایسے تمام عناصر کو سختی سے کچلنا ہوگا۔

http://dailypakistan.com.pk/zarb-e-azb/11-Jul-2014/121859
 
Top