شمالی وزیرستان میں لڑائی، 65 اور 71ء سے بڑی جنگ ہے، آپریشن لاہور اور کراچی میں بھی ہوگا، عبدالقادر

شمالی وزیرستان میں لڑائی، 65 اور 71ء سے بڑی جنگ ہے، آپریشن لاہور اور کراچی میں بھی ہوگا، عبدالقادر بلوچ

لاہور(جنگ نیوز) وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ آپریشن صرف شمالی وزیرستان میں نہیں، ساتوں ایجنسیز، لاہور اور کراچی میں بھی ہوگا، فوجی آپریشن اچانک ہونا بہت ضروری ہوتا ہے، اگر شمالی وزیرستان سے لوگوں کو پہلے ہی نکالنے لگتے تو سب کو پتا چل جاتا، شمالی وزیرستان میں لڑائی 65؍ اور 71؍ سے بڑی جنگ ہے۔ وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ ایوان تجارت لاہور میں آئی ڈی پیز کے حوالے سے پروگرام میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہمارے آئی ڈی پیز نے جون اور جولائی کے مہینے میں قربانی دی ہے، دہشت گردی کا ٹارگٹ ہر آدمی ہوتا ہے، بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کی تھی، فوج آپریشن میں خفیہ اور سرپرائز بہت ضروری چیز ہوتی ہے، اگر ہم پہلے وہاں سے لوگوں کو نکالنے لگتے تو سب کو پتہ چل جاتا۔ عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کیلئے پنکھوں، واٹر کولرز، کپڑوں اور ٹینٹوں کی ضرورت ہے، 15 لاکھ آئی ڈی پیز پہلے ہی ان دہشت گردوں کی وجہ سے نکلے ہوئے ہیں، یہ قوم اس چیلنج کو فیس کر سکے گی۔انہوں نے کہا کہ فاٹا میں بھی ایسی ہی ترقی کی ضرورت ہے جیسی پورے ملک میں ہے، نائن الیون میں کوئی شخص پاکستانی نہیں تھا، سب عرب تھے، ہمیں طالبان کی ضرورت نہیں تھی، اُنہیں طالبان کی ضرورت تھی، مجھے یقین ہے کہ مصیبت زدہ بھائیوں کی تکالیف کو کم کرنے کےلیے لیڈ رول لاہور ادا کرے گا۔

http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=218345
 
Top