شاہد مسعود مستعفی، مشیر مقرر

پاکستان کے سرکاری ٹیلیویژن پی ٹی وی کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ان کا استعفیٰ قبول کر کے ان کو اپنا خصوصی مشیر برائے سیاسی امور تعینات کر لیا ہے۔
بی بی سی اردو سروس سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے استعفیٰ دیا تھا جو کہ وزیر اعظم نے قبول کر لیا ہے۔
ان سے جب پوچھا گیا کہ آیا وہ چھ ماہ کی تنخواہ پی ٹی وی کو دیں گے تو ان کا کہنا تھا ’اگر مانگیں گے تو دے دوں گا۔‘
بطور خصوصی مشیر ان کا عہدہ وزیر مملکت کے مساوی ہو گا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود کے کنٹریکٹ میں لکھا ہے کہ اگر پی ٹی وی ان کو برطرف کرتا ہے تو وہ ڈاکٹر شاہد مسعود کو چھ ماہ کی تنخواہ دے گا اور اگر شاہد مسعود چھوڑتے ہیں تو وہ چھ ماہ کی تنخواہ دیں گے۔
ڈاکٹر شاہد مسعود کو صدر پاکستان آصف علی زرداری نے صدر بننے سے قبل پی ٹی وی کے چیئرمین کے عہدے پر فائز کیا تھا۔ اگرچہ وزیر اعظم کو پی ٹی وی کے چیئرمین کو تعینات کرنے کا اختیار ہے لیکن وزیر اعظم نے آصف علی زرداری کی پسند کی تعمیل کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود کو تعینات کیا۔ چیئرمین کے ساتھ ساتھ ان کو مینیجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ بھی دیا گیا۔
ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق پی ٹی وی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے اطلاعات شیری رحمٰن میں تعلقات شروع ہی سے سرد مہری کا شکار تھے۔
لیکن اس سردی مہری میں شدت اس وقت آئی جب ڈاکٹر شاہد مسعود نے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر شاہد محمود ندیم کو برطرف کردیا۔ شیری رحمٰن خود پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر آئیں اور محمود ندیم کے بحالی کے آرڈر کرائے۔ لیکن ڈاکٹر شاہد مسعود نے اس بحالی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے محمود ندیم کی برطرفی کے آرڈر اسی شام کو ان کے گھر بھجوا دیے۔
تاہم ڈاکٹر شاہد مسعود نے اس بات کی تردید کی اور کہا کہ وزیر برائے اطلاعات کے ساتھ کوئی سرد جنگ نہیں تھی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی سوموار کو صدر زرداری سے اس معاملے میں نہیں بلکہ آڈٹ کے حوالے سے ملاقات ہوئی تھی۔
بشکریہ بی بی سی اردو
 
Top