رضا سلام رضا کا ایک شعر مع تضامین

شافعی ، مالک، احمد ، امام حنیف
چار باغِ امامت پہ لاکھوں سلام


نجم ہائے درخشانِ حُسنِ لطیف
جن سے روشن ہوئے سینہ ہائے کثیف
چار ارکانِ ایوانِ شرعِ شریف
شافعی ، مالک، احمد ، امام حنیف
چار باغِ امامت پہ لاکھوں سلام


تضمین نگار مولانا اختؔر الحامدی


فکر سے جن کی تابندہ شرعِ منیف
بہرِ امّت کھلی شاہ راہِ نظیف
کارنامے ہیں جن کے جلیل و لطیف
شافعی ، مالک، احمد ، امام حنیف
چار باغِ امامت پہ لاکھوں سلام


تضمین نگار محمد عثمان اوؔج اعظمی


وہ معزز، معظم، مکرم ، شریف
فکر جن کی علا، ذہن جن کا لطیف
جن کے گستاخ کا دین و ایماں ضعیف
شافعی ، مالک، احمد ، امام حنیف
چار باغِ امامت پہ لاکھوں سلام


تضمین نگار صاحبزادہ ابو الحسن واحؔد رضوی


وہ تھے خدمت گزارانِ دینِ حنیف
نکتہ دانانِ آئینِ شرعِ شریف
عارفانِ امورِ لطیف و کثیف
شافعی ، مالک، احمد ، امام حنیف
چار باغِ امامت پہ لاکھوں سلام


اہلِ فکرو تدّبر فہیم و ظریف
عاشقانِ رسول و خدائے لطیف
سب کے سب حق پہ اور اہلِ حق کے حلیف
شافعی ، مالک، احمد ، امام حنیف
چار باغِ امامت پہ لاکھوں سلام


تضمین نگار محمد عبدالقیوم طارؔق سلطان پُوری
 
Top