سانحہ کچہری پر عسکری قیادت کی وزیراعظم سے مشاورت، دہشت گرد امن کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، نواز ش

سانحہ کچہری پر عسکری قیادت کی وزیراعظم سے مشاورت، دہشت گرد امن کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، نواز شریف

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ؍ صالح ظافر ؍ ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت ملک کی سیاسی و عسکری قیادت کے مشاورتی اجلاس میں ملک کی سلامتی کی صورتحال ‘ طالبان قیادت کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان اور اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ پر غور کیاگیا اجلاس میں داخلی سلامتی کی قومی پالیسی پر بھی غور کیا گیا اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ‘ وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے علاوہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ‘ چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکورٹی حکام نے اسلام آباد واقعہ کی ابتدائی رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کرے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ آنکھیں بند کرکے طالبان کی جنگ بندی پر یقین نہیں کیا جائے گا بلکہ آنے والے دنوں میں صورتحال کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔ چند ماہرین کا کہنا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کا اعلان ایک دھوکا ہوسکتا ہے کیونکہ وہ دوبارہ منظم ہونے کیلئے وقت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اجلاس کے دوران ماہرین کی رائے پر بھی بحث کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں طالبان کی جانب سے سیزفائر کے اعلان کے باوجود دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں جوابی کارروائی کی حکمت عملی طے کی گئی۔ وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد کچہری واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد حکومت کی امن کی کوششوں کو مسلسل نقصان پہنچا رہے ہیں دہشت گردوں کے خلاف حکومتی متزلزل نہیں ہو سکتا۔اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ظہیر الاسلام نے ملک کی اندرونی اور سرحدی امورسے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو تمام تر صورتحال اور طالبان کے اندرونی ذرائع سے ملنے والی بعض اہم رپورٹس سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں طالبان کی طرف سے غیر مشروط اعلان جنگ بندی پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ اگر اس دوران طالبان کی طرف سے سکیورٹی فورسز یا معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا سخت ترین جواب دیا جائے گا۔

http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=177646
 
Top