دیو سائی : آخری پناہ گاہ

Fawad -

محفلین
فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ

دیوسائی فلم کی رونمائی: امریکہ کی پاکستان میں جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے اعانت

اسلام آباد (۲۴ ِاپریل،۲۰۱۴ء)__ عالمی یوم ارض ۲۰۱۴ء کی مناسبت سے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں آج کوہ ہمالیہ میں معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار بھورے ریچھ کے متعلق ایک دستاویزی فلم "دیو سائی : آخری پناہ گاہ "کی تقریب رونمائی ہوئی۔امریکی سفیر رچرڈ اولسن اورطبیعی تواریخ( نیچرل ہسٹری )کے متعلق دستاویزی فلمیں تیارکرنے والےپاکستانی پروڈیوسر نثار ملک نے افتتاحی کلمات اداکئے۔ امریکی سفیر کے فنڈ سے اِس منصوبہ کی مالی اعانت کی گئی۔سفیر اولسن نے کہا کہ یہ فلم اس فنڈ کے بارے میں اُن کے نئے تصور سے مطابقت رکھتی ہے، جس میں اب فراہمی ونکاسی آب، صفائی، خواتین کے مسائل، کاروباری نظامت اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کے تحفظ کے منصوبوں کی اعانت بھی شامل ہے۔

امریکی سفیر نے پاکستان میں جنگلی حیات اور قدرتی حُسن کے حوالےسے سیاحت کے بے پناہ امکانات کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں اُس دن کامنتظر ہوں جب دنیا بھر سے لوگ ہسپر لا میں ہائیکنگ کرنے ، صحرائے چولستان کی ریلی میں شرکت اورگوادر کی سمندری چٹانوں کو دیکھنے یا پھر راول جھیل پر محض پرندوں کا نظارہ کرنے کے لئے جوق درجوق پاکستان آئیں گے۔

نثار ملک نے اِس موقع پر کہا کہ پاکستان طبیعی تواریخ سے مالا مال ملک ہے۔ "واک اباؤٹ فلمز" اس پر مسرت کا اظہار کرتی ہے کہ اُسے امریکی سفیر کے فنڈ سے "گوِو بیک پراجیکٹ "کے تحت اعانت فراہم کی گئی ،جس سے ہم بصری تعلیم کے ذریعہ شعوروآگہی پیداکرنے میں کامیاب ہوسکے۔ یہ مآخذ جلد ہی انٹرنیٹ کے ذریعہ دنیا بھر میں درس وتدریس کے شعبہ سے وابستہ لوگوں کو دستیاب ہوگا۔واک اباؤٹ فلمز کے نئے"گوِ وبیک" منصوبے میں مقامی آبادیوں کو تحفظ کی کوششوں میں شامل کرنے کا بہترین طریقہ کار استعمال کیا گیا ہے۔

پاکستان کے بعض انتہائی دُور افتادہ علاقوں میں فلم سے متعلقہ افراد کے ساتھ بیس سال کے صحافتی تجربہ کے حامل نثار ملک نے واک اباؤٹ فلمز کی داغ بیل ۲۰۰۴ ء میں ڈالی جو سر ڈیوڈ ایٹن بورو کی پلانیٹ ارتھ سیریز کے لئے برفانی تیندوے سے متعلق دستاویزی فلم کی تیار ی میں معاون ثابت ہوئی اوراُنہوں نے انعام یافتہ فلم "اسنو لیوپرڈ – بیونڈ متھ" (برفانی تیندوا ۔روایتی قصہ سے ماوراء) کی میزبانی کی۔ تب سے واک اباؤٹ فلمز جنوبی ایشیا میں قدرتی اور جنگلی حیات کے بارے فلمیں بنانے والوں میں سرفہرست ادارہ بن چکا ہے۔واک اباؤٹ فلمز کی ٹیم نیشنل جیوگرافک، ایڈونچر وَن ، بی بی سی نیچرل ہسٹری یونٹ، چینل فور،اینیمل پلینٹ اور ڈسکوری چینل کے لئے متعدد منصوبے مکمل کرچکا ہے۔ نثار ملک پاکستان میں قدرتی ورثہ کے تحفظ کے لئے خدمات سرانجام دینے پرپاکستان کا صدارتی تمغہ حُسن کارکردگی بھی حاصل کرچکے ہیں۔

امریکی سفیر کافنڈ پاکستان کی چھوٹی تنظیموں اور کمیونٹی گروہوں کے چھوٹے مگر زبردست اثرات کے حامل منصوبوں کی اعانت کرتا ہے۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ)اس فنڈ کو چلاتا ہے اور نیشنل رُورل سپورٹ پروگرام (این آر ایس پی)نچلی سطح پر کام کرنے والی تنظیموں کےساتھ مل کر کام کرتا ہے اور ایک سال تک کے دورانیہ کی سرگرمیوں میں اعانت کرتا ہے۔


فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ

www.state.gov
http://www.facebook.com/USDOTUrdu
 
Top