دنیا کا سب سے بڑا قرآن مجید

روسی ریاست تاتارستان کے مسلمانوں کی جانب سے تیار کیے جانے والے جواہرات اور سونے چاندی سے مزین اس قرآنی نسخے کا وزن آٹھ سو کلو گرام ہے۔ قرآن پاک کی جلد پر قیمتی جواہرات جڑے ہوئے ہیں اور ڈیڑھ میٹر کے 632 اوراق پر انتہائی خوبصورت خطاطی کی گئی ہے۔ جلد یا غلاف کا وزن ایک سو بیس کلو گرام ہے ، جس میں خالص سونے ، چاندی اور جواہرات کے علاوہ سبز مرمر ، بھورا اور سرخ زمرد اور سفید دودھیا پتھر لگایا گیا ہے۔

قازان جو روسی ریاست تاتارستان کا ایک علاقہ ہے ، اس کے مسلمانوں نے دنیا کا سب سے بڑا اور بیش قیمت قرآن پاک تیار کروایا ہے۔ تاتارستان نے اسے خصوصی طور پر اٹلی سے تیار کروایا ہے۔ اس عظیم نسخے کی تیاری میں دو سال کا عرصہ لگا جس میں زیادہ تر کام اٹلی ہی میں ہوا ہے۔ گو کہ اس نسخے کی تیاری میں زرکثیر خرچ ہوا ہے لیکن حیرت انگیز طور پر اس کا کوئی حساب کتاب نہیں رکھا گیا۔ مذکورہ نسخے کی لمبائی چوڑائی ڈیڑھ دو میٹر ہے جبکہ کھلنے کی صورت میں دو بائی تین میٹر کا ہو جاتا ہے۔ اس ریاست کی جانب سے پانچ برس قبل بھی انتہائی نادر و نایاب نسخہ تیار کیا گیا تھا۔
 
Top