دعاے بخشش از ارشاد احمد صدیقی

تیری ذاتِ پاک عظیم ہے، تو میری خطاوں کو بخش دے
تو غفور ہے، تو رحیم ہے، تو میری خطاوں کو بخش دے

تیری کائنات کی وسعتوں میں میں ایک ذرّۂ بے نشاں
میری لغزشوں کا علیم ہے، تو میری خطاوں کو بخش دے

میں بھلا کے تیرے کلام کو، فقط ابتلاۓ گناہ رہا
تیری مِلک خلدِ نعیم ہے، تو میری خطاوں کو بخش دے

تیری نعمتوں کا میں حق ادا ، نہ تو کر سکونگا نہ کر سکا
ہے یہ آسرا تو کریم ہے، تو میری خطاوں کو بخش دے

تیری ذات کو ہی ثبات ہے، جز تیرے سب کچھ ہے فنا
تو ہی باقی ہے تو قدیم ہے، تو میری خطاوں کو بخش دے

میں تیری حضوری کو بھول کر ، رہا ہر کسی کی حضور میں
تو وجود ہے، تو عدیم ہے، تو میری خطاوں کو بخش دے

میری اصل کو میری نسل کو،ہو عطا شفاعتِ مصطفےٰ ﷺ
تو محبّ رسولِ کریم ﷺ ہے، تو میری خطاوں کو بخش دے

میری معصیت کا حساب کیا، تیری رحمتوں کا شمار کیا
میں ہوں نقطہ اور تو زخیم ہے، تو میری خطاوں کو بخش دے

یوں تو ہے برا ارشادؔ پر، تیرا بندہ ہی کہلاتا ہے
ہو کرم تو ربِّ کریم ہے، تو میری خطاوں کو بخش دے
(ارشاد احمد صدیقی)
 
Top