دبستانوں کا دبستان-جلد چہارم-کوائف درکار ہیں

راشد اشرف

محفلین
کراچی میں مقیم ادیب و انشاء پرداز جناب احمد حسین صدیقی نے بالترتیب 2003، 2005 اور 2010 میں دبستانوں کا دبستان کے عنوان سے تین ضخیم جلدیں مرتب کی تھیں:


جلد اول: 520 صفحات - 194 شخصیات
جلد دوم: 517 صفحات - 201 شخصیات
جلد سوم: 393 صفحات - 181 شخصیات

تینوں جلدوں میں کل 576 مشاہیر ادب کے کوائف معہ تصاویر محفوظ کیے گئے تھے۔ ان جلدوں میں شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے شعراء و ادباء کے سوانحی کوائف اور تخلیقات سے متعلق معلومات یکجا کی گئی تھیں۔ یہ ایک ایسا کام تھا جس سے ملک اور بیرون ملک میں ہر دور میں استفادہ کیا جاتا رہا ہے اور مستقبل میں بھی کیا جاتا رہے گا۔ گزشتہ دو برسوں میں راقم الحروف نے ہندوستان سے تعلق رکھنے والے کئی دوستوں کی فرمائش پر وقتا فوقتا مذکورہ جلدوں سے مشاہیر کے لاتعداد کوائف ارسال کیے ہیں۔ صدیقی صاحب کے اس کام کی توصیف مشفق خواجہ سمیت تحقیق کے میدان کے کئی شہسوار کرچکے ہیں۔
احمد حسین صدیقی صاحب ان دنوں "دبستانوں کا دبستان" کی چوتھی جلد پر کام شروع کرچکے ہیں اور اس سلسلے میں انہیں شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے شعراء اور ادباء کے کوائف درکار ہیں۔ راقم الحروف بھی اس سلسلے میں صدیقی صاحب سے رابطے میں ہے اور اپنی بساط کے مطابق مطلوبہ معلومات کی فراہمی اور ایسے مشاہیر کے کوائف اور ان کی کتابیں صدیقی صاحب تک پہنچانے میں مصروف ہے جن کا ذکر تینوں جلدوں میں شامل نہیں ہوسکا تھا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے یہاں موجود تمام ایسے احباب سے درخواست ہے کہ وہ درج ذیل فیس بک کے لنک پر موجود proforma
میں درکار معلومات فراہم کرکے راقم الحروف کے ای میل پتے پر بھیج دیں۔ ای میل یہاں ذاتی پیغام بھیج کر حاصل کیا جاسکتا ہے۔ فیس بک کے درج ذیل پر تمام تفصیلات، سرورق، تینوں جلدوں کی 12 صفحات پر مشتمل فہرست موجود ہے:

http://www.facebook.com/zest70pk/media_set?set=a.4998861964756.1073741904.1095969894&type=3

ان پیج میں ارسال کرنا سب سے موزوں رہے گا البتہ جو احباب ان پیج کا استعمال نہیں جانتے، وہ ایک پرچے پر لکھ کر, اسے اسکین کرکے ای میل کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ تصویر منسلک کرنا ضروری ہے۔ موصول شدہ کوائف و معلومات فی الفور صدیقی صاحب تک پہنچا دیے جائیں گے۔


راقم، کراچی سے تعلق رکھنے والے ایسے احباب کی جو بیرون ملک مقیم ہیں، خصوصی توجہ چاہتا ہے۔

راقم تمام احباب سے یہ درخواست بھی کرنا چاہے گا کہ وہ اپنی نثر و شاعری پر مبنی اپنی کتابیں براہ راست صدیقی صاحب کے پتے پر بھیج دیں۔ واضح رہے کہ اس تمام طریقہ کار کے بارے میں صدیقی صاحب سے تفصیلا" گفتگو ہو چکی ہے۔ ان تک کتابیں پہنچیں گی تو ان کو متعلقہ شخص کے سوانحی و دیگر کوائف لکھنے میں سہولت رہے گی۔ صدیقی صاحب کا پتہ یہ ہے
Arch. Ahmed Husain Siddiqi
C-161, Block-6, F B Area, Karachi-75950

خیر اندیش
راشد اشرف
کراچی سے
 
Top