داعش غیرقانونی ، غیرشرعی قرار

داعش غیرقانونی ، غیرشرعی قرار
23 جولائی 2014 (15:25)
news-1406111106-9624.jpg

انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی کی سب سے بڑی مذہبی اتھارٹی کے سربراہ نے عراق اور شام میں سرگرم جنگجوگروپ ISISکی مبینہ خلافت کے قیام کے اعلان کو مسترد کردیا اور کہا ہے کہ ایسی خلافت شرعی جواز کی حامل نہیں اور ان جنگجوو¿ں کی جانب سے عیسائیوں کو قتل کرنے کی دھمکیوں سے تہذیب کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔
ترکی کی نظامت برائے مذہبی امور کے سربراہ محمد گورمیز نے کہا ہے کہ داعش کے اعلانات کی کوئی قانونی اور شرعی حیثیت حاصل نہیں ہے،خلافت کا خاتمہ ہونے کے بعد خلافت کے قیام کے لیے بہت سے تحریکیں چلائی گئیں جن کا یہ خیال تھا کہ وہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو پھر سے جمع کرسکتی ہیں لیکن ان کا سیاسی یا قانونی پہلو سے حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
رائیٹرز کو دیئے گئے انٹرویو میں محمد گورمیز کاکہناتھاکہ داعش کی جانب سے غیر مسلموں کو موت کی دھمکیاں بہت ہی ضرررساں ہیں،عیسائیوں کے خلاف بیانات بہت ہی افسوس ناک ہیں،اسلامی دانشوروں کو اس طرف توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ دوسرے عقیدوں اور ثقافتوں کے پیروکار لوگوں کے لیے پرامن طور پر رہنے کے امکانات مسدود ہونے سے تہذیب کا زوال ہوجائے گا
واضح رہے کہ جدید ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال پاشا نے 1924ءمیں خلافت عثمانیہ کا خاتمہ کردیا تھا اور اس وقت خلافت کے شیخ الاسلام کے عہدہ اور ادارہ کو بھی ختم کردیا تھا اور اس کی جگہ نظامت مذہبی امور کا ادارہ قائم کیا گیا تھا۔اب علامہ گورمیز اسی ادارے کے سربراہ ہیں اور انھوں نے ابوبکر البغدادی کے دعویٰ خلافت کے حوالے سے درست طور پر سوال اٹھایا ہے۔
ترکی کی مذہبی اتھارٹی کے سربراہ نے کہا کہ مغرب اس دہشت گردی اور تشدد کی جڑیں مذہب میں ڈھونڈ رہا ہے لیکن یہ قرونِ وسطیٰ کے دور کی جنگیں نہیں ہیں اور وہ حقیقی معنوں میں فرقہ وارانہ نوعیت کی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں روزانہ اوسطاً ایک ہزار مسلمان مختلف داخلی مسائل کی بنا پر مار دیے جاتے ہیں لیکن ان میں سے 90فی صد دوسرے مسلمانوں ،اپنے ہی بھائیوں کے ہاتھوں مارے جاتے ہیں۔
یادرہے کہ عراق کے پانچ صوبوں اور شام کے 35فیصدعلاقوں پر قابض جنگجوتنظیم نے اپنی نئی ریاست قائم کرنے اور تنظیم کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو خلیفہ قراردینے کااعلان کیاتھا جس کے بعد تنظیم نے اپنا پاسپورٹ بھی جاری کیا۔
http://dailypakistan.com.pk/international/23-Jul-2014/125865
 
Top