حکومت نیب قوانین میں ترمیم کرنے جارہی ہے، وزیر قانون

جاسم محمد

محفلین
حکومت نیب قوانین میں ترمیم کرنے جارہی ہے، وزیر قانون
ویب ڈیسک بدھ 21 اگست 2019
1784177-FaroghNaseemlayerMQMFilecpy-1566380818-302-640x480.jpg

قائمہ کمیٹی نے سول قانون میں ترمیم کا بل منظور کرلیا، وزیر قانون فوٹو:فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون نے سول پروسیجر ترمیمی بل منظور کرلیا جبکہ حکومت نیب قوانین میں بھی ترمیم کرنے جارہی ہے۔

وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قائمہ کمیٹی نے سول قانون میں ترمیم کا بل منظور کرلیا، دیوانی مقدمات کے فیصلےاب سال ڈیڑھ سال میں ہوا کرینگے، سیکنڈ اپیل ختم کردی گئی، ایک جج اسٹے آرڈر دے گا اور دوسرا مرکزی کیس سنے گا۔

فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ نیب سے متعلق اجلاس ہوا ہے، حکومت نیب قوانین میں ترمیم کرنے جارہی ہے جس پر وزیراعظم، وفاقی کابینہ اور چیرمین نیب سب یکسو ہیں، نیب کیسز میں ضمانت کا اختیار ہائی کورٹ سے واپس لے کر ٹرائل کورٹ کو دیا جائے گا، پلی بارگین سے متعلق قوانین بھی تبدیل کیے جائیں گے، پرائیویٹ آدمی کیخلاف نیب کی انکوائری اور اختیار ختم ہونا چاہیے، اگر کسی ٹیکس چور تاجر کا کسی سرکاری عہدے اور معاملے سے تعلق نہیں ہے تو نیب نہیں بلکہ ایف بی آر یا ایف آئی اے اسے دیکھیں گے۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ذاتی تنازع میں بھی نیب کا کوئی اختیار نہیں ہونا چاہیے، کرپشن میں ملوث ملزم پلی بارگین کرنے کے بعد دوبارہ سرکاری نوکری نہیں کرسکے گا، نیب میگا کرپشن کیلئے بنا ہے اور اسی پر فوکس ہونا چاہیے، نیب قوانین کےتحت کیسزکی ضمانت ٹرائل کورٹ سے ہوسکے گی۔

فروغ نسیم نے مزید کہا کہ پاکستان میں رائج تمام قوانین اب ویب سائٹ پرموجود ہونگے اور عوام کی پہنچ میں ہوں گے، صدر، وزیراعظم سے منظوری کے بعد موبائل ایپ بھی لانچ کرینگے، گوگل پلے اسٹور کے 55 ملین صارفین فائدہ اٹھاسکیں گے۔
 
Top