حکومت اور طالبان کے درمیان باالمشافہ مذاکرات بہت جلد متوقع

حکومت اور طالبان کے درمیان باالمشافہ مذاکرات بہت جلد متوقع

اسلام آباد (انصار عباسی) معلوم ہوا ہے کہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات بہت جلد شروع ہونے والے ہیں کیونکہ طالبان کمیٹی کو حکومت کی جانب سے پہلے ہی کہہ دیا گیا ہے کہ وہ جلد شمالی وزیرستان پہنچ جائے اور بالمشافہ مذاکرات کیلئے معاملات نمٹائے۔ وزیراعظم پیر کو سرکاری کمیٹی کے ناموں کو حتمی شکل دیں گے اور اس سلسلے میں کوئی بھی اعلان پیر کو یا اگلے دن (منگل کو) متوقع ہے۔ کمیٹی میں وزارت داخلہ کا ایک نمائندہ ہوگا جبکہ ایک ایک نمائندہ خیبرپختونخوا حکومت اور گورنر خیبرپختونخوا کا ہوگا۔ کمیٹی میں اسٹیبلشمنٹ کی بھی نمائندگی ہوگی لیکن ان کے ناموں کو ظاہر نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف پورے عمل کی نگرانی کریں گے جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار فوکل پرسن ہوں گے۔ پاک فوج اور آئی ایس آئی کو خفیہ لیکن مکمل طور پر مذاکراتی عمل میں شامل کیا جائے گا کیونکہ حال ہی میں کچھ سیاسی رہنمائوں نے اس معاملے پر چیخ و پکار کی تھی۔ ایک باخبر ذریعے نے دی نیوز کو بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ سرکاری کمیٹی کے قیام کے اعلان کے ہفتے کے اندر ہی مذاکرات شروع کیے جائیں، طالبان کمیٹی کو پہلے ہی شمالی وزیرستان جا کر ٹی ٹی پی سے رابطہ کرنے اور دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات شروع کیے جا سکیں۔ حکومت چاہتی تھی کہ طالبان کمیٹی فوری طور پر شمالی وزیرستان پیر کے روز پہنچے لیکن موسم کی شدت کی وجہ سے یہ کام کچھ دن کیلئے ملتوی کرنا پڑا۔ ذرائع نے بتایا کہ متعدد رکاوٹوں اور مذاکراتی عمل کو پٹڑی سے اتارنے والے افراد سے درپیش چیلنجز کے باوجود حکومت کو مذاکرات سے مثبت نتائج کی امید ہے۔ یہ حوصلہ افزا پیشرفت معاملات کو خفیہ رکھنے کیلئے وزراء کو بھی نہیں بتائی جا رہی۔ سرکاری کمیٹی، جو اب طالبان کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کرے گی، سے بھی کہا جائے گا کہ وہ معاملات کو انتہائی حد تک خفیہ رکھے۔ بصورت دیگر خدشہ ہے کہ مذاکراتی عمل کامیاب نہیں ہوگا۔

http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=179240
 
Top